Inquilab Logo

’’۲۰؍ مئی کو ہر حال میں اپنے گھروں سے نکل کر ووٹ ڈالیں‘‘

Updated: May 05, 2024, 9:03 AM IST | Sharjeel Qureshi | Malegaon

مالیگائوں میں شوبھا بچھائو کی حمایت میں این سی پی کا جلسہ عام ، بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنے کا عزم۔

Shobha Bachhao (in saree) is the joint candidate of Mahavkas Aghadi. Photo: INN
شوبھا بچھائو( ساڑی میں) مہاوکاس اگھاڑی کی مشترکہ امیدوار ہیں۔ تصویر : آئی این این

جمعہ کی رات مالیگائوں میں   عوام میں ووٹنگ کے تئیں بیداری لانے اور دھولیہ مالیگائوں پارلیمانی حلقے سے مہاوکاس اگھاڑی کی امیدوار شوبھابچھائو کی حمایت کیلئے این سی پی کی جانب سے ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا تھا۔  اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مالیگائوں این سی پی کے صدر اور سابق رکن اسمبلی آصف شیخ نے کہا ’’ یہ الیکشن ملک کا مستقبل طے کرے گا  اس لئے لوگ کسی بھی حال میں ووٹ دینے پہنچیں۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ آپ کے گھر رکشا پہنچے یا نہ پہنچے گھروں سے نکل کر ووٹ دینا ہوگا۔ ‘‘ 
  انہوں نے کہا ’’ کیا آپ کو یاد نہیں ہے کہ کیسے بی جے پی نے طلاق ثلاثہ بل منظور کرواکر شریعت میں مداخلت کی؟  کیسے اس نے سی اے اے کو منظور کرکے ہماری شہریت چھیننے کی کوشش کی؟ کیا اب ہمیں اپنی شہریت کو ثابت کرنا ہوگا؟‘‘  انہوں نے کہا ’’ ہم اس ملک کے باشندے ہیں یا نہیں اس کا جواب ہم ۲۰؍ مئی کو اپنے ووٹوں کے ذریعے دیں گے۔‘‘  یاد رہے کہ خود شیخ آصف بھی اس الیکشن میں ٹکٹ کے خواہشمند تھے لیکن مہا وکاس اگھاڑی نے شوبھا بچھائو کوٹکٹ دیا۔ اس تعلق سے انہوں نے کہا ’’ میں الیکشن لڑنے کا خواہشمند تھا لیکن، اس وقت ہمارا پہلا مقصد بی جے پی کو اقتدار سے بے دخل کرنا ہے اور اس کیلئے متحدہ طور پر مہا وکاس اگھاڑی نے شوبھا بچھائو کو اس الیکشن میں کھڑا کیا ہے۔ آپ سبھی ان کا ساتھ دیں۔‘‘ انہوں نے لوگوں سے زیادہ سے زیادہ تعداد میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔ 

یہ بھی پڑھئے: جلگائوں میں پہلے دن ۵۲؍ ووٹروں نے گھر بیٹھے حق رائے دہی استعمال کیا

 ’’مجھے مالیگائوں کی خدمت کا موقع دیں‘‘
جلسے سے  مہاوکاس اگھاڑی کی امیدوار شوبھا بچھائو نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا ’’ بی جے پی کے دور حکومت میں جمہوریت کے بجائے آمریت کا راج ہے۔ اب اس حکومت کو بدلنا بے حد ضروری ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ میرا مالیگائوں سے گہرا تعلق ہے آپ مجھے مالیگائوں کی خدمت کا ایک موقع دیں۔ ‘‘ شوبھا بچھائو نے  خود کو مالیگائوں کی بیٹی بہو بتایا اور پاورلوم صنعت سے لے کر آنگن واڑی  تک کے مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کیا۔  جلسے میں موجود عوام کے جم غفیر سے دیگر لیڈران نے بھی خطاب کیا ۔    

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK