Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایک طرف ادھو ٹھاکرے کے ساتھ اتحاد کی باتیں دوسری طرف راج ٹھاکرے کی دیویندر فرنویس سے ملاقات

Updated: June 12, 2025, 11:59 PM IST | Mumbai

ایک طرف راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان اتحاد کی خبریں گردش کر رہی ہیں اسی دوران جمعرات کو ممبئی کے ایک ہوٹل میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور راج ٹھاکرے کی ملاقات ہوئی جس کے بعد اس صورتحال نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔

Which side is Raj Thackeray on? (File photo)
راج ٹھاکرے آخر کس طرف ہیں؟( فائل فوٹو)

  ایک طرف راج ٹھاکرے اور ادھو ٹھاکرے کے درمیان اتحاد کی خبریں گردش کر رہی ہیں اسی دوران جمعرات کو ممبئی کے ایک ہوٹل میں وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور راج ٹھاکرے کی ملاقات ہوئی جس کے بعد  اس صورتحال نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔ حالانکہ فرنویس یا راج ٹھاکرے کی جانب سے   اب تک کوئی بیان نہیں آیا ہے لیکن ادھو  ٹھاکرے کی پارٹی کے کئی لیڈران کا کہنا ہے کہ اس ملاقات سے شیوسینا (ادھو) اور ایم این ایس کے درمیان متوقع اتحاد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ 
 اطلاع کے مطابق جمعرات کی صبح ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے  ممبئی کے تاج لینڈ ہوٹل پہنچے۔ ان کےپہنچنے کے ۲۰؍ منٹ بعد وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس بھی ہوٹل میں داخل ہوئے۔ شروع میں لگا کہ  ان دونوں لیڈران کا   ایک ہی وقت ہوٹل پہنچنا محض اتفاق ہے۔ لیکن وزیر اعلیٰ کے دن بھر کےجدول میں تاج لینڈ ہوٹل کے اندر کوئی پروگرام طے نہیں تھا۔ ایسی صورت میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ آخر فرنویس  اپنے جدول کے برخلاف تاج لینڈ ہوٹل کیوں گئے تھے ۔ وہ بھی عین اس وقت جب راج ٹھاکرے وہاں موجود تھے۔ ذرائع  کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان ڈیڑھ گھنٹے تک گفتگو ہوتی رہی۔  
  اس ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں یہ پوچھا جانےلگا کہ کیا راج ٹھاکرے نے ادھو ٹھاکرے سے ہاتھ ملانے کا فیصلہ بدل لیا ہے؟ کیونکہ ادھو نے  اتحاد کیلئے یہ شرط رکھی تھی کہ راج ٹھاکرے مہاراشٹر کو نقصان پہنچانے والی طاقتوں ( یعنی بی جے پی ) سے کوئی تعلق نہیں رکھیں گے۔  فی الحال  ایم این ایس نے اپنے پتے نہیں کھولے ہیں لیکن شیوسینا (ادھو) کے لیڈران کو اب بھی امید ہے کہ اس ملاقات سے دونوں بھائیوں کے متوقع اتحاد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔  شیوسینا (ادھو) کے سینئر لیڈر امباداس دانوے  کا کہنا ہے کہ ’’ سیاست میں لوگ ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں ۔ اس میں کوئی غلط بات نہیں ہے لیکن  راج ٹھاکرے اور ادھو  ٹھاکرے کے درمیان اتحاد ہوگا اس  میں کوئی شبہ نہیں ہے۔‘‘  اس ملاقات کو دانوے نے معمولی ملاقات قرار دیا ہے۔  یاد رہے کہ امبا داس دانوے ان لیڈران میں شامل ہیں جو ایم این ایس اور شیوسینا (ادھو) کے اتحاد کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں۔ ممبئی کی سابق میئر اور شیوسینا (ادھو) کی سینئر لیڈر کشوری پیڈنیکر کا کہنا ہے کہ راج ٹھاکرے نے پہلے گیند پھینکی تھی جس کا ہم نے  جواب دیا تھا۔   دونوں پارٹیوں کے ۹۵؍ فیصد کارکنان کا آپس میں ملاپ ہو چکا ہے۔ اب راج ٹھاکرے نے دیویندر فرنویس سے ملاقات کیوں کی اور دونوں میں کیا بات ہوئی اس تعلق سے کوئی تبصرہ کرنا قبل از وقت ہوگا۔    انہوں نے کہا کہ راج ٹھاکرے کی شیوسینا (شندے) سے بھی دوستی ہے اور بی جے پی والوں کے ساتھ بھی اچھے تعلقات ہیں ۔ وہ کسی سے بھی ملاقات کر سکتے ہیں لیکن ہمیںیقین ہے کہ وہ مہاراشٹر کو نقصان پہنچانے والی طاقتوں سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK