انڈیا اے کے بلے باز نے ۷۶؍ گیندوں پر سنچری بنائی۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں ۴۵۹؍رن بنائے تھے ۔ انڈیا اے کھلاڑیوں نے اچھی بلے بازی کی
EPAPER
Updated: June 15, 2025, 8:15 PM IST | London
انڈیا اے کے بلے باز نے ۷۶؍ گیندوں پر سنچری بنائی۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں ۴۵۹؍رن بنائے تھے ۔ انڈیا اے کھلاڑیوں نے اچھی بلے بازی کی
پہلی اننگز میں انڈیا کے۴۵۹؍ رن کے جواب میں انڈیا اے نے دوسرے دن اسٹمپ تک اپنی پہلی اننگز میں ۶؍ وکٹ کے نقصان پر۲۹۹؍ رن بنا لیے ہیں۔ دوسرے روز سرفراز خان نے طوفانی سنچری بنا کر انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے دعویٰ مضبوط کردیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کا آغاز۲۰؍ جون سے ہو رہا ہے، اس سے قبل ہندوستانی ٹیم بیکن ہیم میں انڈیا اور انڈیا اے کے درمیان چار روزہ انٹرا اسکواڈ میچ کھیل رہی ہے تاکہ کارکردگی کی بنیاد پر انگلینڈ کے خلاف مضبوط پلیئنگ الیون میدان میں اتارا جا سکے۔ انٹرا اسکواڈ میچ کے پہلے دن ہندوستان کے نئے کپتان شبھمن گل اور کے ایل راہل نے سنچریاں اسکور کیں۔ انڈیا نے اپنی پہلی اننگز میں ۴۵۹؍ رن بنائے۔ دوسرے دن سرفراز خان نے انڈیا اے کے لیے دھماکہ خیز سنچری بنائی۔ دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے تک انڈیا اے نے ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۹۹؍ رن بنا لیے ہیں۔ ایشان کشن ۴۵؍ رن اور شاردُل ٹھاکر ۱۹؍رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
دراصل، انڈیا اور انڈیا اے کے درمیان انٹرا اسکواڈ میچ بیکن ہیم میں تماشائیوں اور براڈکاسٹروں کے بغیر کھیلا جا رہا ہے۔ انڈیا اے کی اننگز کا آغاز بہت خراب رہا۔ اوپنر رتوراج گائیکواڑ صرف دو رنز بنانے کے بعد محمد سراج کا شکار بن گئے۔ پنت نے ان کا شاندار کیچ لیا۔ اس کے بعد ابھیمنیو ایشورن نے۳۹؍ اور سائی سدرشن نے۳۸؍ رن بنا کر کچھ استحکام فراہم کیا۔ سرفراز خان نے صرف۷۶؍ گیندوں پر سنچری بنائی۔
انگلینڈ میں زبردست فارم میں موجود سرفراز خان نے دوسرے دن انڈیا اے کی جانب سے صرف۷۶؍ گیندوں پر۱۵؍ چوکوں اور۲؍چھکوں کی مدد سے ۱۰۱؍ رن کی طوفانی اننگز کھیلی۔ سرفراز کو دوسرے کھلاڑیوں کو موقع دینے کے لیے ریٹائرڈ آؤٹ کیا گیا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ سرفراز نے اس سے قبل انگلینڈ لائنز کے خلاف۹۲؍ رنز کی اننگز کھیلی تھی۔
ہندوستانی گیند بازوں میں محمد سراج نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۸۶؍ رن کے عوض ۲؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ پرسدھ کرشنا نے۴۱؍ رن کے عوض۲؍ وکٹ لئے۔ ساتھ ہی نتیش کمار ریڈی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ ہندوستان کے اسٹار تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے بغیر کوئی وکٹ لئے اپنے۷؍ اوور میں۳۶؍ رن دیئے۔