• Sat, 03 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فارم واپس لینے کے آخری دن، مارپیٹ ، کھینچ تان اور گولی باری کے واقعات

Updated: January 02, 2026, 11:47 PM IST | Nagpur

ناسک میں بی جے پی کے ۲؍ امیداروں کے درمیان ہاتھا پائی، ناگپور میں کارکنان نے بی جے پی امیدوارکو گھر میں قید کر دیا تاکہ وہ اپنافارم واپس نہ لے سکے۔ دھولیہ میں بی جے پی اور این سی پی( اجیت) کارکنان کے درمیان مارپیٹ ، گولی باری، اور کوئتے سے حملہ

Police deployed after shooting in Dhule (Photo: Inqilabad)
دھولیہ میں گولی باری کے بعد پولیس تعینات( تصویر: انقلاب)

جمعہ کے روز کارپوریشن الیکشن کافارم واپس لینے کا آخری روز تھا۔ریاست کے مختلف مقامات پر امیدواروں کے درمیان کھینچ تان کے کئی واقعات پیش آئے۔ کہیں امیدواروں کے درمیان ہاتھا پائی کی نوبت آئی تو کہیں، کسی امیدوار کو یرغمال بنانے کا واقعہ پیش آیا۔ اہم بات یہ ہے کہ ایسے  بیش تر واقعات بی جے پی امیدواروں کے درمیان ہی رونما ہوئے۔
 ناسک میں امیدواروں کے درمیان ہاتھا پائی
 ناسک کے وارڈ نمبر ۳۱؍ میں بال کرشن شرساٹ اور دیوانند براری ، یہ دونوں کارکنان ٹکٹ کے خواہشمند تھے مگر بی جے پی نے بال کرشن شرساٹ کو ٹکٹ دیا ۔ فارم واپس لینے کے آخری دن جب دیوانند براری اپنی اہلیہ کے ساتھ الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچے تو وہاں بال کرشن شرساٹ بھی موجود تھے۔دونوں کا آمنا سامنا ہوا تو پہلے لفظی جھڑپ ہوئی اس کے بعد ہاتھا پائی ہونے لگی۔ دیوانند براری کی بیوی وندنا  نے جب دونوں کو چھڑانے کی کوشش کی تو شرساٹ نے وندنا کو بھی گالیاں دیں۔ اس پر براری آگ بگولہ ہو گئے انہوں نے کہا’’ دیکھتا ہوں اب تو کیسے الیکشن جیتتا ہے۔ ‘‘ 
 امیدوار کو اسی کے گھر میں بند کر دیا گیا 
 ناگپور کے وارڈ نمبر ۱۳؍( ڈی) سے بی جے پی نے بیک وقت کشن گائونڈے اور وجے ہولے کو ٹکٹ دیا تھا۔ آخری دن کشن گائونڈے سے کہا گیا کہ وہ اپنا فارم واپس لے لیں۔ گائونڈے فارم واپس لینے جانا چاہتے تھے مگر ان کے کارکنان نے انہیں ان کے گھر میں بند کر دیا۔ کارکنان کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ان کے ساتھ دھوکہ دیا ہے۔ وہ ان کے علاقے کو نظر انداز کر تی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ شام ہونے تک گھر کے باہر دھرنا دیں گے لیکن پولیس نے آکر انہیں اٹھا دیا اور گائونڈے کو آزاد کروایا۔ گائونڈے نے کہا ’’ میں کارکنان کے جذبات سمجھتا ہوں لیکن ہمیں پارٹی کے حکم کا ماننا ہوگا۔‘‘ بالآخر انہوں نے اپنا فارم واپس لے لیا۔   
دھولیہ میں مارپیٹ اور گولی باری 
  دھولیہ میں فارم واپس لینے کے آخری دن مہایوتی کارکنان کے درمیان ہی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ اطلاع کے مطابق این سی پی (اجیت) کے شہر صدر کیلاش چودھری کی والدہ کملا بائی چودھری وارڈ نمبر ۵ (سی ) سے امیدوار ہیں۔ان کے مد مقابل بی جے پی کی امیدوار سندھیا کامبلے ہیں۔نہرو نگر علاقے کے شنی مندر کے پاس دونوں پارٹیوں کے کارکنان آمنے سامنے آئے اور ان میں لفظی تکرار ہوئی۔ پھر مارپیٹ شروع ہو گئی۔ اس میںخود کیلاش چودھری بری طرح سے زخمی ہوگئے۔انھیں ہیرے میڈیکل کالج لے جایا گیا۔ دوپہر میں پھر دونوں گروہوں کے درمیان لڑائی ہو ئی جس میں این سی پی کے رمیش بورسے  پر کوئتے سے حملہ کیا گیا ۔ جواب میں گولی چلائی گئی جو بی جے پی کے کشور کامبلے کے پیٹ کو چھو کر گزر گئی۔یہ دونوں افراد زخمی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK