• Fri, 02 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۵؍ سال بعد مروڈ جنجیرہ میں نئے سال کے موقع پر ٹورازم فیسٹیول کا انعقاد

Updated: January 02, 2026, 1:37 PM IST | Agency | Murud-Janjira

ہزاروں تعداد میں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی شرکت، رکن پارلیمان سنیل تٹکرے نے جشن میں شرکت کی، مختلف پروگرام پیش کئے گئے۔

Fireworks created different colors and shapes in the air. Picture: Inquilab
آتش بازی کے ذریعے فضا میں مختلف رنگ اور شکلیں بنائی گئیں۔ تصویر: انقلاب
رائے گڑھ ضلع کے مشہور ومعروف تاریخی و سیاحتی شہر مروڈ جنجیرہ میں ۵؍ سال بعد دو روزہ ٹورازم فیسٹیول کا شاندار آغازکیا گیا۔سال نو کا آتش بازیوں کے ساتھ استقبال کیا گیا۔ حسب اعلان فیسٹیول میں مختلف تفریحی اور ثقافتی پروگرام پیش کئے گئے۔ خاص بات یہ رہی کہ رائے گڑھ کے رکن پارلیمان  سنیل تٹکرے نے  اس موقع پر ’’میں ہوں ڈان‘‘گیت پر رقص کیا اور عوامی خوشی میں شریک ہوئے۔یاد رہے کہ اس پروگرام کا انعقاد  میونسپل کونسل کے زیر نگرانی سنیل تٹکرے فائونڈیشن کی جانب  سے ہی کیا جاتا ہے۔
سنیل تٹکرے نےشہریوں کو نئے سال میں بہترین صحت اور خوشحالی کی نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ سال ہر کسی کی زندگی میں نئی امیدیں،  اور بے شمار خوشیاں لے کر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میلے سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ  روزگار کا ذریعہ بھی بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مروڈ شہر ایک تاریخی پس منظر والا شہر ہے۔ یہاں کا قدرتی حسن اور نیلا سمندر ہمیشہ سیاحوں کو اپنی طرف راغب کرتا ہے۔ مروڈ شہر اور اس کے آس پاس کے کچھ سیاحتی مقامات اور ساحلوں کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے  جلد ہی ریاستی اور مرکزی حکومتوں کی جانب سے بڑی رقم  حاصل کرنے کا انتظام کیا جائے گا۔ تٹکرے کے مطابق ’’ہماری اولین کوشش یہ ہو گی کہ مروڈ ساحل کیلئے بلیو فلیگ کی نامزدگی حاصل کی جائے تاکہ بین الاقوامی سیاحوں کو مروڈ شہر کی طرف راغب کیا جا سکے اور دیگرسیاحوں کی آمد میں اضافہ ہو سکے۔
رکن پارلیمان نے یہ بھی کہا کہ وہ مستقبل میں مروڈ شہر کی ہمہ جہت ترقی پر توجہ دیں گے۔ مروڈ کے ساحل پر سنیل تٹکرے یووا پرتشٹھان اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی نے مشترکہ طور پر مروڈ فیسٹیول کا انعقاد کیا ہے۔  میلے کا افتتاح مروڈ میونسپل کونسل کی نو منتخب صدر آرادھنا دانڈیکر نے کیا۔اس موقع پرسنیل تٹکرے نےمروڈ میونسپل کونسل میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کو خدمت کا موقع دینے پر عوام کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ۵؍ سال سے اس فیسٹیول کے انعقاد کا سلسلہ بند تھا۔ اس کی ایک وجہ تو یہ تھی کہ ۲۰۲۰ء میں کورونا کے بعد سے اجتماعی پروگرام بند تھے۔ ودسری طرف میونسپل  کارپوریشن اورامیونسپل کونسل میں کوئی حکومت بھی نہیں بلکہ ایڈمنسٹریٹیو راج تھا۔ اس لئے یہ سلسلہ منقطع ہو گیا تھا۔  تمام لوگوں کا مطالبہ تھا کہ مروڈ مہوتسو کا انعقاد کیا جائے۔ اتفاق سے حال ہی میں  نئے سال کی آمد سے ٹھیک پہلے میونسپل کونسل کے الیکشن ہوئے اور  کونسل کا قیام عمل میں آیا۔ لہٰذا اس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ سال نو کے استقبال کی خاطرمروڈ بیچ پر ہزاروں کی تعداد میں ملکی،غیر ملکی سیاح کے علاؤہ مقامی لوگ جمع ہو گئے تھے ۔شب۱۲؍ بجتے ہی ہزاروں  مختلف اقسام کی آتش بازیاں کی گئی جس سے آسمان میں خوبصورت شکلیں اور رنگ بنتے دیکھے گئے۔ لوگوں نےاس سے لطف اندوز ہوتے ہوئے  اور رقص کرتے ہوئےنئے سال کا استقبال کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK