Inquilab Logo

یوم اساتذہ کے موقع پر وزیراعظم سمیت ملک کے تمام اہم لیڈروں کی اساتذہ کو مبارکباد

Updated: September 06, 2023, 9:23 AM IST | new Delhi

سابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر رادھاکرشنن کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد وزیراعظم مودی نے کہا کہ ہمارے مستقبل کی تعمیر میں اساتذہ کا کلیدی کردار ہوتا ہے، راہل گاندھی نے کہا کہ میں اپنے مخالفین کو بھی اپنا گرو مانتا ہوں

Prime Minister Modi addressing award-winning teachers (Photo: PTI)
ایوارڈ یافتہ اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم مودی (تصویر: پی ٹی آئی)

یوم اساتذہ کے موقع پر ملک کے تمام اہم لیڈروں نےسابق صدر جمہوریہ ڈاکٹر رادھا کرشنن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے اساتذہ کو بھی یاد کیا۔وزیراعظم نریندر مودی نےڈاکٹرسروپلی رادھاکرشنن کوخراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کہا کہ’’اساتذہ ہمارے مستقبل کی تعمیر اورخوابوں کو جلاء بخشنے میں ایک کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ یوم اساتذہ کے موقع پر ، ان کی سچی لگن اور ان کی شخصیت کے ذریعہ مرتب ہونے والے عظیم اثرات کیلئے ہم انھیں سلام پیش کرتے ہیں ۔‘‘
  کانگریس کے سینئر لیڈر راہل گاندھی نے بھی اساتذہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر رادھا کرشنن کو یاد کیا اور کہا کہ میں اپنے مخالفین کو بھی اپنا گرو مانتا  ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے کاموں کے حوالے سے مخالفین کی تنقید سے بھی بہت کچھ سیکھتا ہوں،اسلئے انہیں اپنا گرو تسلیم کرتا ہوں۔
 کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ اساتذہ ہمارے حقیقی قوم کے معمار اور اخلاقی اقدار کے علمبردار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’آج ہم یوم اساتذہ مناتے ہیں اور عظیم فلسفی اور ماہر تعلیم ڈاکٹر رادھا کرشنن کو یاد کرتے ہیں۔ اساتذہ نہ صرف ہمارے رہنما ہیں بلکہ اچھی اقدار کے علمبردار اور اخلاقی ضمیر کے محافظ بھی ہیں۔ یوم اساتذہ پر، ہم ملک بھر کے تمام اساتذہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔‘‘
 جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنرمنوج سنہا  نے  اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ’’ `یوم اساتذہ کے موقع پر میں اساتذہ برادی کا احترام اور ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جو فکری اساس استوار کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کی علمی معیشت میں اپنا کر دار ادا کر رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ `میں اس موقع پر سابق صدر جمہوریہ اور عظیم ماہر تعلیم ڈاکٹررادھا کرشنن جی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔
 اترپردیش میں یوم اساتذہ کے موقع پر ریاستی ٹیچر ایوارڈ کیلئے منتخب۹۴؍ اساتذہ کو اعزاز دیتے ہوئے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ ’’آپ نئی نسلوں کے معمار ہیں۔ آنے والی نسلیں آپ کو زندگی بھر  یاد رکھیں گی۔ اگر آپ جیسے اساتذہ نہ ہوتے تو آج ہم یہاں تک نہیں پہنچ پاتے ۔‘‘
  یوم اساتذہ کے موقع پرمختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور گورنروں نے بھی اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو یاد کیا۔ ملک بھرکے اسکولوں میں اس دن کا خاص اہتمام کیا گیا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK