Inquilab Logo

۶۵؍ویں یوم ِ مہاراشٹر پر پرچم کشائی کی گئی اور شہیدوں کو یاد کیا گیا

Updated: May 02, 2024, 9:07 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

راج بھون میں گورنر نےپرچم کشائی کی ۔ وزیر اعلیٰایکناتھ شندےاورنائب وزیر اعلیٰ دیویندرفرنویس نے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کیا

Chief Minister Eknath Shinde paying homage to the martyrs. (PTI)
وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے شہیدوں کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی)

مہاراشٹر کی ۶۵؍ ویں یوم تاسیس کے موقع پر شہر و مضافات کے سرکاری دفاتر، منترالیہ، راج بھون اور دیگر اہم مقامات پر مختلف قسم کی تقریبات کا انعقاد کرنے کے علاوہ پرچم کشائی کی گئی۔ مہاراشٹر ڈے کی تقریبات کی وجہ سے ماہم، شیواجی پارک، دادر اور ورلی پولیس اسٹیشنوں کے دائرہ اختیار میں آنے والے علاقوں میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ رہا۔ بدھ کو ممبئی میں اسکول اور کالج کے علاوہ بینک اور دیگر سرکاری دفاتر بند رہے۔ اسکولوں میں مہاراشٹر ڈے کی مناسبت سے پرچم کشائی کی گئی۔
 ریاست مہاراشٹر کے ۶۵؍ ویں یوم تاسیس کے موقع پر گورنر رمیش بیس نے بدھ کو راج بھون ممبئی میں قومی پرچم لہرایا اور سلامی دی۔ اس موقع پر قومی اور ریاستی ترانہ پیش کیا گیا۔ گورنر نے مہاراشٹر ڈے پر سب کو مبارکباد دی۔ راج بھون میں اسٹیٹ ریزرو پولیس فورس اور ممبئی پولیس فورس کے اعلیٰ افسران اور عملہ موجود تھے۔
 مہاراشٹر ڈے پر وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار نے ممبئی کے ہتاتما چوک اور پونے پولیس ہیڈ کوارٹر میں سمیوکت مہاراشٹر تحریک کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ایکناتھ شندے اور اجیت پوار نےممبئی اور مہاراشٹر کے اتحاد کیلئے قربانی دینے والے تمام ۱۰۶؍ شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ممبئی کے نگراں وزیر منگل پربھات لودھا، ایم ایل اے یامنی جادھو، ریاست کے چیف سیکریٹری نتن کریر، محکمہ ثقافت کے سیکریٹری وکاس کھرگے، ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر بھوشن گگرانی، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل رشمی شکلا بھی اس موقع پرموجود تھے۔ راج ٹھاکرے نے ہتاتما چوک پہنچ کر شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
 مہاراشٹر ڈے کی مناسبت سے دادر کے شیواجی پارک میں منعقدہ پریڈ کے بعد ادب، آرٹ اور سائنس جیسے متعدد شعبوں میں نمایاں خدمات پیش کرنے والی ممتاز شخصیات کو اعزاز سے نوازاگیا۔ مہاراشٹر پولیس ہیڈکوارٹرز میں پرچم کشائی کیلئے ڈونگری کے یو پی ایس سی کوالیفائی کرنیوالے محمد حسین نے بطور مہمان شرکت کی۔
 واضح رہےکہ یکم مئی ۱۹۶۰ء کو مہاراشٹرکے قیام کی مناسبت سے  ہرسال یکم مئی کومہاراشٹر ڈے  منایا جاتا ہے۔ اس کاجشن منانے کیلئے دادر کے شیواجی پارک میں پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی عالمی سطح پر یکم مئی کو مزدوروں کے عالمی دن کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ لیکن یہ تاریخ (یکم مئی) ۲؍ ہندوستانی ریاستوں، مہاراشٹر اور گجرات کیلئے خاص اہمیت کی حامل ہیں۔ یہ دونوں ریاستیں یکم مئی کو اپنی ریاستوں کے قیام کی یاد کےطورمناتے ہیں، جسے یوم مہاراشٹر اور یوم گجرات کے طور پر منایا جاتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK