Inquilab Logo

باندرہ ریلوے اسٹیشن کا ایک فٹ اووربریج آج سے بند

Updated: November 29, 2022, 11:00 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

مرمت کیلئے یہ ۲۵؍ دن بندرہےگا۔ باندرہ ٹرمنس کے یارڈ پر شیڈ لگانے کا کام شروع ہونے سے متعدد طویل مسافتی ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوگی

The north foot over bridge on the west side of Bandra station will be closed for repairs. (file photo)
باندرہ اسٹیشن کے مغربی جانب کا شمالی فٹ اوور بریج مرمت کیلئے بند کردیا جائے گا۔ (فائل فوٹو)

یہاں کا ریلوے اسٹیشن انتہائی مصروف کہلاتا ہے ۔ اس کے  درمیانی  فٹ اوور بریج کو منگل (آج) سے ۲۵؍ دن کیلئے  بند کردیا جائے گا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
 ویسٹرن ریلوے کے پبلک ریلیشن آفیسر (پی آر او) شیواجی ستار نے اس سلسلے میں ایک پریس ریلیز جاری کرکے یہ اطلاع دی  جس میں کہا گیا ہے کہ باندرہ ریلوے اسٹیشن کے مغربی حصہ میں واقع ریلوے ٹکٹ بکنگ آفس کے قریب واقع درمیانی فٹ اوور بریج کی شمال کی طرف اترنے والی سیڑھیوں کو مسافروں  کے لئے ۲۹؍ نومبر سے بند کردیا جائے گا۔ اس فٹ اوور بریج کی بحالی اور مرمت کے بعد ۲۳؍ دسمبر کواسے مسافروں کیلئے  دوبارہ کھولا جائے گا۔
 ویسٹرن ریلوے کے مطابق مسافروں کی سہولت کیلئے اس بریج کی  جنوب کی جانب کی سیڑھیوں کو بند نہیں کیا جائے گا جس کی وجہ سے مسافر اس بریج کے کچھ حصے کو استعمال کرسکیں گے۔یاد رہے کہ حال ہی میں ریلوے انتظامیہ نے باندرہ ریلوے اسٹیشن کو اسکائی واک کے ذریعے باندرہ ٹرمنس سے جوڑنے کا اعلان کیا ہے تاکہ مسافروں کیلئے ان  دونوں اسٹیشنوں پر پہنچنا آسان ہوجائے۔ واضح رہے کہ فی الحال عام طور پر مسافر باندرہ اسٹیشن سے باندرہ ٹرمنس جانے کے لئے رکشا لینے پر مجبور ہوتے ہیں۔
 اس دوران ریلوے انتظامیہ نے باندرہ ٹرمنس کے یارڈ کی ’پِٹ لائنوں‘ کے اوپر ہرموسم میں کام آنے والا شیڈ لگانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ یہ شیڈ لگانے کیلئے ۲۰؍ نومبر  سے یہاں ’ٹریفک ورک آرڈر‘ نافذ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے باندرہ ٹرمنس آمدورفت کرنے  والی متعدد طویل مسافتی ٹرینیں متاثر ہوں گی۔ باندرہ ٹرمنس پر ہونے والے کام کے لئے کئی ٹرینوں کو ممبئی سینٹرل اور دادر جیسے دیگر ٹرمنل سے روانہ کیا جائے گا یا پھر وہ باندرہ ٹرمنس کے بجائے بوریولی، دادر یا ممبئی سینٹرل  اسٹیشن پر ختم ہوں گی۔ اس کے علاوہ کچھ ٹرینیں منسوخ ہوں گی تو دیگر کئی ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی جائے گی۔
کون کونسی ٹرینوں کے اسٹیشن تبدیل ہوں گے؟
 جن ٹرینوں کے اسٹیشن تبدیل کئے گئے ہیں ، ان میں سے چند ٹرینوں کی تفصیلات اس طرح ہیں :
  ٹرین نمبر۱۹۰۰۴؍ بھساول-باندرہ ٹرمنس خاندیش ایکسپریس باندرہ ٹرمنس کے بجائے ۳؍بجکر ۴۰؍ منٹ پر بوریولی ریلوے اسٹیشن پر ختم ہوگی۔
 ٹرین نمبر ۰۹۰۰۵؍باندرہ ٹرمنس عزت نگر اسپیشل باندرہ کے بجائے ۱۲؍ بجکر ۱۵؍ منٹ پر واپی اسٹیشن سے روانہ ہوگی۔یہی ٹرین واپسی میں بوریولی کے بجائے ایک بجکر ۳۰؍ منٹ پر واپی پر ہی ختم ہوجائے گی۔
 ٹرین نمبر ۰۹۰۶۸؍اُدئے پورسٹی - باندرہ ٹرمنس اسپیشل ٹرین باندرہ ٹرمنس کے بجائے صبح ساڑھے ۱۰؍ بجے ولساڑ پر ختم ہوجائے گی۔
 اسی طرح اجمیر-باندرہ ٹرمنس ایکسپریس ٹرین۹؍ بجکر ایک منٹ پر روانہ ہونے اور ۹؍ بجکر ۳؍ منٹ پر باندرہ ٹرمنس پہنچنے کے بجائے بھڑوچ ریلوے اسٹیشن سے ۸؍بجکر ۵۵؍ منٹ پر روانہ ہوکر اسی اسٹیشن پر ۸؍ بجکر ۵۸؍ منٹ پر واپس پہنچے گی۔ اس ٹرین کے سورت، ولساڑ، واپی، بوریولی اور باندرہ ٹرمنس پہنچنے کے اوقات میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔ 
 گورکھپور - باندرہ ٹرمنس انتودیا ایکسپریس، ممبئی سینٹرل-  اندور اونتیکا ایکسپریس، جے پور-باندرہ ٹرمنس ایکسپریس، باندرہ ٹرمنس -احمدآباد لوک شکتی ایکسپریس اور بھج-دادر ایکسپریس جیسی کئی ٹرینوں کے اوقات میں تبدیلی کی گئی ہے اور مسافروں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ سفر شروع کرنے سے قبل اپنی ٹرینوں کے ٹرمنل، روانگی اور واپسی کے اوقات کے متعلق معلومات حاصل کرلیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK