فائرنگ کرنے والے توحید دیشاپانڈے کو دیسی پستول اور کارتوس کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا
EPAPER
Updated: May 15, 2025, 10:06 PM IST | Jalgaon
فائرنگ کرنے والے توحید دیشاپانڈے کو دیسی پستول اور کارتوس کے ساتھ گرفتار کرلیا گیا
یہاں کے گیندا لال میل علاقہ میں چلتی کار میں ایک شخص کے ذریعے دیسی پستول سے گولی چل جانے سے ڈرائیور کےقریب بیٹھا شخص زخمی ہوگیا ہے۔اس معاملے میں جلگائوں سٹی پولیس اسٹیشن نے ضابطے کے تحت کیس درج کر فائرنگ کرنے والے توحید دیشاپانڈے کو دیسی پستول اور کارتوس کے ساتھ گرفتار کرلیا ہے ۔اس ضمن میں جلگائوں سٹی پولیس اسٹیشن سے حاصل شدہ تفصیلات کے مطابق جلگاؤں شہر سے قریب قصبہ پالدھی کے رہنے والے۴؍ دوست ناظم فیروز پٹیل،ببلو مظہر پٹیل،توحید قیوم دیشاپانڈے اورالطاف شیخ ایک پروگرام میں شرکت کیلئے پالدھی سے بھساول گئے تھے۔رات دیر گئے پروگرام ختم ہونے کے بعد وہ چاروں بذریعہ کار واپس لوٹ رہے تھے کہ راستے میں جلگاؤں شہر کے گیندا لال میل علاقہ درگاہ کے پاس کار میں پیچھے کی سیٹ پر بیٹھے ہوئے توحید دیشاپانڈے نے اپنے پاس موجود دیسی پستول نکالی اور ا س سے کھیلنے لگا۔ اسی دوران ٹریگر دب گیا اور چلتی کار میں گولی چل گئی جس نے ڈرائیور کے قریب میں بیٹھے ہوئے ناظم فیروز پٹیل کو زخمی کردیا۔ گولی ناظم پٹیل کے جسم میں پیوست ہوگئی۔یہ واقعہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ڈھائی بجے کے قریب پیش آیا ہے ۔
زخمی ناظم پٹیل کو ابتداء میں جلگائوں سول اسپتال اینڈ میڈیکل کالج میں داخل کیا گیا ۔اس کے بعد اسے مزید علاج کیلئے گولڈ سٹی اسپتال جلگائوں میں منتقل کروایا گیا ہے ۔
پولیس کو ابتدائی جانچ پڑتال میں یہ معلوم ہوا کہ توحید دیشاپانڈے ہی وہ پستول ساتھ لایا تھا ۔ وہ یہ پستول چوپڑا کے قریب قصبہ اُمرٹھی سے لایا ہے ۔کس مقاصد سے لایا تھا اور اسطرح سے پستول ساتھ لے کر گھومنے کی کیا وجہ ہے؟ اسکی جانچ پولیس کررہی ہے ۔