ترقیاتی کاموں سے لے کر شکایات تک کے معاملات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے کتنا فنڈ ملا اور کتنا خرچ ہوااسکی جانچ ہوگی۔
EPAPER
Updated: May 19, 2025, 12:28 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon
ترقیاتی کاموں سے لے کر شکایات تک کے معاملات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ترقیاتی منصوبوں کیلئے کتنا فنڈ ملا اور کتنا خرچ ہوااسکی جانچ ہوگی۔
مہاراشٹر لیجسلیٹیو اسمبلی کی تخمینہ کمیٹی کی جلگاؤں سے آمد میونسپل گلیاروں میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ میونسپل انتظامات اور ترقیاتی کاموں کی جانچ پڑتال کیلئے یہ کمیٹی جلگاؤں آئی ہے۔ اس کمیٹی میں کم و بیش۲۸؍ ایم ایل اے اور۱۰؍ آئی اے ایس افسران شامل ہیں۔ یہ ٹیم جلد ہی جلگاؤں شہر کا دورہ کرے گی اور یہ جانچے گی کہ میونسپل کارپوریشن نے پچھلے پانچ سالوں میں جو کام کئے ہیں، ان کا معیار کیا ہے اور شہری انفراسٹرکچر کی کیا صورتحال ہے۔
بتایا گیا کہ یہ کمیٹی جلگاؤں، دھولیہ، نندوربار، احمد نگر، ناسک اور ناندیڑ اضلاع کے دورے پر ہے اور اس نے یکم اپریل۲۰۲۰ء سے ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۵ء تک جلگاؤں میونسپل کارپوریشن کی طرف سے کیے گئے کام کے بارے میں تفصیلی معلومات مانگی ہے۔ پانچ سال کی مدت میں مرکزی اور ریاستی حکومتوں سے کتنی فنڈنگ حاصل ہوئی؟ کتنا فنڈ خرچ ہوا؟ کون سے ترقیاتی منصوبے شروع کیے گئے؟ کچرے اور گندے پانی کا انتظام کس حد تک چل رہا ہے؟ واٹر سپلائی اسکیموں کو کس حد تک نافذ کیا جا رہا ہے؟ ٹی ڈی آر، فائر اور ٹرانسپورٹ خدمات کیسے فراہم کی جارہی ہیں؟ تعلیم اور صحت سہولیات کی کیا حالت ہے؟ فی الحال کس محکمے میں کتنی نشستیں منظور ہوئی ہیں اور کن کن کاموں پر کام کیا گیا ہے؟ اور حال ہی میں کتنے کام ہوئے ہیں ؟ کیا کاموں کے بارے میں کوئی شکایات موصول ہوئی ہیں؟ اور ان پر کیا کارروائی کی گئی؟مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی اسکیمیں کیا ہیں؟ آڈٹ رپورٹ کیا کہتی ہے اور کیا آڈیٹر جنرل نے کوئی اعتراض اٹھایا ہے؟ اور ان پر کیا کارروائی کی گئی ہے۔ میونسپل انتظامیہ کو یہ تمام معلومات جمع کرانی ہوں گی۔
قانون ساز اسمبلی کے ڈپٹی سیکریٹری انیرودھ جیوالیکر کے جاری کردہ اس حکم کی وجہ سے میونسپل انتظامیہ کو اب کام کی تفصیلات اور کمیٹی کو جوابات فراہم کرنے کیلئے محنت کرنی پڑے گی۔یہی وجہ ہے کہ کمیٹی کے ممکنہ دورے سے میونسپل انتظامیہ میں ہلچل مچ گئی ہے۔ انتظامیہ کو پچھلے پانچ سالوں میں کیے گئے کاموں کی معلومات جمع کرانی ہونگی۔ اس سلسلے میں جلگاوں شہر کے آر ٹی آئی کارکن دیپک کمار گپتا نے صحافیوں ریاستی حکومت کا ایک مکتوب شوشل میڈیا پر فراہم کیا ہے۔