Inquilab Logo

لرننگ ڈرائیونگ لائسنس اور نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن کی آن لائن سہولت

Updated: June 15, 2021, 8:23 AM IST | Iqbal Ansari

وزیر اعلیٰ ادھوٹھاکرے کے ہاتھوں افتتاح،انہوں نے کہا : شہریوں کیلئے زیادہ سے زیادہ خدمات آن لائن مہیا کرائی جائیں۔ وزیرٹرانسپورٹ انل پرب نے اسے انقلابی قدم قرار دیا

Chief Minister uddhav Thackeray inaugurating the facility provided to the citizens online.Picture:Inquilab
وزیراعلیٰ ادھوٹھاکرے شہریوں کیلئےفراہم کی گئی سہولت کاآن لائن افتتاح کرتے ہوئے۔

 اب شہریوں کو ڈرائیونگ کا لرننگ لائسنس  حاصل کرنے اور نجی  ۲ ؍  اور ۴؍پہیہ گاڑیو ںکا رجسٹریشن کرنے کیلئے ریجنل ٹرانسپور ٹ آفس ( آر ٹی او) کا چکر لگانا نہیں پڑے گاکیونکہ محکمہ ٹرانسپورٹ  نے لرننگ  ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑیوں کے رجسٹریشن کی آن لائن سہولت مہیا کرائی ہےجس کا افتتاح پیر کو  وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں  آن لائن کیا گیا۔ اس موقع  پر وزیر اعلیٰ  نے ہدایت دی ہے کہ شہریوں کیلئے زیادہ سے زیادہ خدمات آن لائن مہیا کرائی جائیں تاکہ کورونابحران  کے دوران انہیں کسی آفس کاچکر لگانے یا دلالوں سے مدد نہ لینی پڑے۔ متعلقہ وزارت کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہےکہ اس  نئے نظام کے نفاذ سے جہاں سالانہ ۱۵؍ تا ۲۰؍ لاکھ شہریوں کو راحت ملے گی وہیں  ۲۰۰؍ افسران پر کام کا بوجھ کم ہوگا ۔ جدید ترین نظام ’سارتھی ۴ء۰‘کے تحت  آدھار نمبروں سے منسلک آن لائن لرننگ ڈرائیونگ لائسنس جاری کیا جاسکے گا ۔
   اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ ایڈوکیٹ انل پرب ، این آئی سی (نئی دہلی) کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر نیتا ورما ، وزیر اعلیٰ  اور محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اشیش کمار سنگھ ،  وزیر اعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری وکاس کھرگے ،سیکریٹری آبا صاحب  جراڈ،  ٹرانسپورٹ کمشنر اویناش ڈاکنے ، ڈپٹی کمشنر (ٹرانسپورٹ) جتیندر پاٹل ،  ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ کے عہدیداران   اور دیگر معززافراد شریک تھے۔
 آن لائن پریس کانفرنس میں وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے بتایا کہ’’ مہاراشٹر ترقی میں ایک سرکردہ ریاست ہے ، نئی تکنالوجی کے ذریعے مہاراشٹر میں بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے کوشش کی جانی چاہئے اور زیادہ سے زیادہ  خدمات آن لائن فراہم کرکے عام شہریوں  کا وقت ، رقم اور محنت  بچانے کی بھی کوشش کی جانی چاہئے۔‘‘  انہوں نے یہ بھی حکم دیا کہ محکمہ تیز تر اور شفاف خدمات کی فراہمی کے دوران محفوظ ٹرانسپورٹ خدمات کو ترجیح دے۔
’’محکمہ ٹرانسپورٹ میں انقلابی قدم‘‘
 وزیر ٹرانسپورٹ انل پرب نے کہا کہ متذکورہ ۲؍ آن لائن خدمات کاآغاز اس میدان میں ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوںنے یہ بھی کہا کہ آج کے کورونابحران کے دوران  افرادی دوری  برقرار رکھتے ہوئے کام کاج جاری رکھنا   انتہائی ضروری ہے۔ محکمے کے ذریعہ اب تک  عوامی مفاد کی ۸۵؍ خدمات آن لائن دستیاب کرائی جاچکی ہیں۔
لاکھوں شہریوں کو راحت ،۱۰۰؍ کروڑ روپے کی بچت 
  وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ’’ریاست میں ہر سال اوسطاً   ۱۵؍ لاکھ سے زیادہ لرننگ ڈرائیونگ کی درخواستیں  اور اسی طرح ۲۰؍ لاکھ  سے زیادہ نئی گاڑیوں کے رجسٹریشن کی درخواستیں موصول ہوتی ہیں۔ ان کاموں پر شہریوں کا تقریباً ۱۰۰؍ کروڑ روپے خرچ کرنا پڑتا ہے لیکن اب چونکہ یہ خدمات آن لائن کر دی گئی ہیں اس لئے اس سے روپے اور وقت کی بچت ہوگی اور شہریوں کو پریشان بھی نہیں ہونا پڑے گا۔اسی کے ساتھ یہ خدمات آن لائن ہونے سے ۲۰۰؍ افسران پر کام کا بوجھ بھی کم ہوگا جس سے محکمہ کے کام میں شفافیت اور بہتری آئے گی۔‘‘
 محکمہ کے ایڈیشنل چیف سیکریٹری اشیش کمار سنگھ نے کہا کہ ’’ریاست میں گزشتہ ڈیڑھ برس سے کوروناکے چیلنج کا سامنا کرتے ہوئے محکمہ نے آن لائن خدمات کے ذریعے  ایک نیا ورک کلچر تیار کرنے کی کوشش کی ہے۔‘‘
 اس پروگرام میں ٹرانسپورٹ کمشنر ڈھاکنے نے یقین دلایا کہ جو خدمات آن لائن دستیاب کی جاسکتی ہیں،  وہ اگلے ۲؍ماہ میں دستیاب کرادی جائیں گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK