۷۳؍ میں سے ۱۶؍سروسیز دستیاب کرادی گئیں’’کیو آر کوڈ اسکین کریں ،سروس حاصل کریں ‘‘ کے بینر جگہ جگہ آویزاں
EPAPER
Updated: May 13, 2025, 11:06 PM IST | Jalgaon
۷۳؍ میں سے ۱۶؍سروسیز دستیاب کرادی گئیں’’کیو آر کوڈ اسکین کریں ،سروس حاصل کریں ‘‘ کے بینر جگہ جگہ آویزاں
جلگاؤں میونسپل کارپوریشن نے عوامی خدمات کے حق کے قانون کے تحت۱۷؍ محکموں کی ۷۳؍ خدمات کو شہریوں کیلئے گھر بیٹھے آن لائن دستیاب کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان میں سے۱۶؍ سروسیز آن لائن ہو چکی ہیں، اور بقیہ سروسیز جلد ہی ڈیجیٹل طور پر شہریوں کو دستیاب ہوں گی۔
شہری انتظامیہ کی جانب سے ’’کیو آر کوڈ اسکین کریں، سروس حاصل کریں!‘‘ اس طرح کی اپیل والے ڈیجیٹل بورڈ شہر کے نمایاں مقامات پر آویزاں کیے جا رہے ہیں۔یہ بورڈ کارپوریشن کی بلڈنگ، نئے بس اسٹینڈ، ریلوے اسٹیشن، سواتنتریہ چوک، آکاشوانی چوک، سبھاش چوک، بہینا بائی چودھری باغ اور شہر کے تمام ایک تا ۴؍ پربھاگ وارڈ کمیٹی کے دفاتر پر لگائے گئے ہیں۔ ان بورڈز پر ایک’کیو آر کوڈ‘ دیا ہے جو مہاراشٹر کے حقوق عامہ قانون۲۰۱۵ء کے تحت شہریوں کے حقوق کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے۔ شہریوں کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرتے ہی معلومات براہ راست ان کے موبائل پر دستیاب ہو جاتی ہے ۔
اس ضمن میں میونسپل کمشنر دنیشور دھیرے نے کہا’’ اس اقدام کے پیچھے بنیادی مقصد کام میں شفافیت، وقت کی بچت اور شہریوں کو کم قیمت پر زیادہ خدمات فراہم کرنا ہے۔ اگلے مرحلے کا مقصد کارپوریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس بنانا ہے۔اس کے علاوہ اگر مقررہ مدت میں سروس فراہم نہیں کی جاتی ہے تو شہریوں کو پہلی اور دوسری اپیل حکام سے اپیل کرنے کا حق حاصل ہے اور اس قانون کے مطابق انہیں مناسب انصاف ملے گا۔‘‘
کارپوریشن کی اہم خدمات میں پیدائش- موت سرٹیفکیٹ، شادی کے اندراج کا سرٹیفکیٹ پراپرٹی ٹیکس کی ادائیگی اور بقایا جات کا سرٹیفکیٹ ،وراثت کے ذریعے جائیداد کی منتقلی، نئے پانی کے کنکشن لینا اور بند کرنا ،فائر ڈیپارٹمنٹ کے سرٹیفکیٹ اور این او سی سرٹیفکیٹ ،ٹیکس میں چھوٹ ، منڈپ، شادی ہال ، ہاکرز، سڑک کی کھدائی کے اجازت نامے وغیرہ شامل ہے ۔ان سروس کے حصول کے لئے شہریوں کو کارپوریشن کے چکر کاٹنے پڑتے ہیں ۔
بتایا گیا کہ میونسپل کارپوریشن نے عوام کی سہولت کیلئے گھر بیٹھے خدمات فراہم کرنے کےلئے ایک بینک کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ بینک ڈپازٹس کے عوض۷۳؍خدمات آن لائن فراہم کر رہا ہے۔ اس کے لئے سوفٹ ویئر اور دیگر تکنیکی اشیا جن کی مالیت۱ء۵؍کروڑ روپے ہے بینک فراہم کرے گا۔