Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۴؍ہزار مریضوں کیلئے صرف ۶۲؍ایمبولینس

Updated: August 17, 2025, 12:31 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

مریضوں کو شدید پریشانی،بی ایم سی اسپتالوںکے مریض نجی ایمبولینس کیلئے ہزاروںروپے کرایہ اداکرنے پر مجبور

Ambulances are seen parked near a government hospital.
ایک سرکاری اسپتال کے قریب ایمبولنس کھڑی نظر آرہی ہیں۔ ( تصویر ، انقلاب: نمیش دوے)

شہر ومضافات کے سبھی بی ایم سی اسپتالوں اور دواخانوں میں زیر علاج ۱۴؍ہزار مریضوں کیلئے صرف ۶۲؍ ایمبولینس کی سہولیات مہیا ہیں ،جس کی وجہ سے غریب مریض ہزاروں روپے خرچ کر کے ایمبولینس کی سہولت حاصل کرنے پر مجبور ہیں، ایسے میں بی ایم سی نے مضافاتی علاقوں کے اسپتالوں کیلئے ۲۰؍ ریگولر اور ۵؍کارڈیاک ایمبولینس کرایہ پر لینے کا فیصلہ کیاہے ، جو مریضوں کی تعداد کو دیکھتےہو ئے اتنہائی کم ہیں۔ واضح رہے کہ نائر ،کے ای ایم ، سائن اورکوپر اسپتال کے علاوہ بی ایم سی کے ۱۶؍مضافاتی ،۶؍ اسپیشل اور ۳۰؍ زچگی دواخانے ہیں، ان اسپتالوں میں شہرومضافات کے مریضوں  کے علاوہ قرب وجوار اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی مریض علاج کیلئے آتے ہیں ۔ان اسپتالوں میں ۱۲؍ ہزار ۴۶۲؍ بیڈ کی گنجائش ہے ، ان بیڈ پر جومریض ہوتےہیں ،ان کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کےمریض بھی علاج کیلئے اسپتال آتے ہیں ،جو فرش وغیرہ پر علاج کروانے پر مجبور ہوتے ہیں ، اس طرح مجموعی طور پر تقریباً ۱۴؍ ہزار مریض ان اسپتالوں میں  علاج کرواتےہیں۔ اس کے علاوہ او پی ڈی میں روزانہ تقریباً ۵۰۔۶۰؍ ہزار مریض  آتے  ہیں۔  ان مریضوں کا بی ایم سی اسپتالوںمیں مفت میں علاج کیاجاتاہے ، انہیں ڈاکٹر ، دوائیں ، نرس اور بیڈ وغیرہ کی سہولیات مفت میں مل جاتی ہیں لیکن ان اسپتالوں میں ایمبولینس کی قلت سے انہیں نجی ایمبولینس کی خدمات حاصل کرنے کیلئے ہزاروں روپے خرچ کرنے پڑتے ہیں۔ مذکورہ سبھی اسپتالوں میں صرف ۶۲؍ ایمبولینس کی سہولت دستیاب ہے ،جن میں سے کچھ ایمبولینس پرانے ہونے کی وجہ سے بار بار خراب ہو جاتےہیں، جس کی وجہ سے عام مریضوں کو ضرورت پڑنے پر بی ایم سی ایمبولینس کے نہ ملنے کی سیکڑوں شکایتیں موصول ہو رہی ہیں۔ مضافاتی اور زچگی والے اسپتالوں سےاس طرح کی زیادہ شکایتیںموصو ہورہی ہیں ۔ ان اسپتالوں میں ۱۴؍ ریگولر اور ۳؍ کارڈیاک ایمبولینس کرایہ پر حاصل کی گئی ہیں۔ بی ایم سی ایمبولینس کی قلت سے مریض ۵۔۶؍ہزار روپے کرایہ پر ایمبولینس کرنے پر مجبور ہیں۔
 اس پریشانی کو دیکھتے ہوئے بی ایم سی نےمضافاتی اسپتالوں کیلئے مزید۲۰؍ ریگولر اور ۵؍کارڈیاک ایمبولینس کرایہ پر لینے کافیصلہ کیا ہے۔ جلد ہی یہ ایمبولینس اسپتالوں میں دستیاب ہوں گی ۔ مریضوں کی تعداد دیکھتے ہوئے کم ازکم ۱۰۰؍ایمبولینس کی ضرورت ہے لیکن فی الحال ۶۲؍ ایمبولینس اسپتالوںمیں موجود ہیں ۔ اس لئے بی ایم سی نے فوری ضرورت کےپیش نظر کرایہ پر ایمبولینس کاانتظام کرنے کافیصلہ کیا ہے ۔
  بی ایم سی اسپتالوں کے عملے کےمطابق کرایہ پر لئے جانے والے ایمبولینس کے باوجو د ۱۵۔۲۰؍ مزید ایمبولینس کی ضرور ت ہے ۔ بی ایم سی نے کرایہ پر ایمبولینس لینے کا جوفیصلہ کیاہے اس کیلئے شہری انتظامیہ کو ۲؍سال کیلئے ۱۶؍کروڑ ۹؍ لاکھ ۳۲؍ہزار روپے کا بجٹ مختص کرناہوگا۔ پہلے سال کا کرایہ ،ریگولر ایمبولینس کاایک شفٹ کا ۲؍ہزار ۷۶۳؍ اورکارڈیاک کا ۳؍ہزار ۸۶۱؍ روپے ہے ،اسی طرح دوسرے سال کا کرایہ ۳؍ہزار ۶۹؍ اور ۴؍ہزار ۱۴۹؍ روپے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK