Inquilab Logo

لوکل ٹرین میں۲؍ویکسین لینے والوں کو ہی سفر کی اجازت

Updated: December 18, 2021, 1:12 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ایک ویکسین لینے والوں کو کا ٹکٹ دینے پر اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا،ریلوے انتظامیہ نے ایک مرتبہ پھر حکومت کی ذمہ داری کا حوالہ دے کرپلّہ جھاڑا

At a railway station in the city, passengers stand ready to board a local train
شہر کے ایک ریلوے اسٹیشن پر مسافر لوکل ٹرین میں سوارہونے کیلئے تیار کھڑے ہیں

لوکل ٹرینوںمیںسفر کےلئے ایک ویکسین لینے والوں کو بھی اجازت دینے کی بازگشت ہے اورلوگ اپنے اپنے انداز میںاسے بیان کررہے ہیں کہ اجازت ملنے والی ہے۔ کچھ لوگ ٹرینوں میںبھی اس پر تبادلۂ خیال کرتے رہتے ہیں۔حالانکہ اس سلسلے میںریاستی حکومت کی جانب سے کچھ نہیںکہا گیا ہے اورریلوے انتظامیہ نے بھی اس پر واضح جواب دینے کےبجائے اسے ریاستی حکومت کی ذمہ داری کہہ کر پلّہ جھاڑ  لیا ہے۔
 مسافر بار بار یہ سوال کررہے ہیںکہ ۲۲؍ماہ سے لوکل ٹرینوں میں سفر کا سلسلہ بند رکھا گیا ہے اورچند ماہ قبل سے محض ۲؍ٹیکہ لینے والوں کو سفر کی اجازت دی گئی ہے توجن مسافروںنے اب تک ٹیکہ نہیںلیا ہے ، آخران کو کب اجازت دی جائےگی اورحکومت ایسے مسافروں کے تعلق سے کب فیصلہ کرے گی۔ اس وقت سینٹرل ، ویسٹرن اورہاربر لائنوں کی ٹرینوں میں ریلوے انتظامیہ کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق یومیہ ۵۰؍ لاکھ سے زائدمسافر سفرکررہےہیںجبکہ ٹرینوں میںبھیڑبھاڑ کےسبب ریلوےافسران نے یہ اعتراف کیا ہے کہ سفر کرنے والو ںکی تعداداس سے کہیں زیادہ ہے لیکن اس میں زیادہ تر بلاٹکٹ سفرکرنے والے شامل ہیں۔ 
  ایک ویکسین کے سلسلے میںیہ بات درست ہے کہ وزیرصحت راجیش ٹوپے نےایک ماہ قبل یہ بات کہی تھی کہ ایک ٹیکہ لینے والو ں کوبھی لوکل ٹرین میںسفر کی اجازت دی جاسکتی ہے لیکن  ساتھ ہی یہ بھی واضح کیاتھا کہ اس پرحتمی فیصلہ وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرےکریں گے۔ اس کے بعد سےاب تک  حکومت کی جانب سے اس ضمن میںکوئی بات نہیںکہی گئی ہے اور نہ ہی کوئی اشارہ دیاگیا ہے کہ کب تک اس کاامکان ہے۔
اومائیکرون سے معاملہ معلق ہوجائے گا 
 دوسری جانب ریلوے کے کچھ اعلیٰ افسران تویہ بھی کہہ رہے ہیں کہ اگر اس ضمن میںکچھ سوچا بھی گیا ہوگا تو اب یہ معاملہ معلق ہو جائے گاکیونکہ اومائیکرون کے خطر ے کے پیش نظر ریاستی حکومت مزیدسختی پر آمادہ ہےوہ رعایت دینے کافیصلہ نہیںکرےگی۔افسرا ن کے مطابق اس لئے مسافروں کویہ خیال وقتی طور پرذہن سے نکال دینا چاہئے کہ ایسا کوئی فیصلہ ہونےوالا ہے، ایسی خبروں میںصداقت نہیں ہے۔ 
مسافروں کوپیشگی اطلاع دی جائے گی 
 ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر اوسمیت ٹھاکورنے نمائندۂ انقلاب کے استفسار پربتایا کہ’’ اب تک اس سلسلے میںریاستی حکومت سے کوئی سفارش نہیں کی گئی ہے اورنہ ہی خط وکتابت ہوئی ہے اس لئے اس خبر کی تصدیق نہیںکی جاسکتی ۔ اگرریاستی حکومت ایسا کوئی فیصلہ کرے گی تو اس سے مسافروں کوآگاہ کروایا جائے گا اوراس کے لئے باقاعدہ تحریری ہدایت بھی جاری کی جائے گی ۔ چونکہ کووڈ کےسبب ٹرینیںریاستی حکومت کے مشورے اورآپسی تال میل کے حساب سے چلائی جارہی ہیں اس لئے جب بھی کوئی فیصلہ ہوگا ، اس سے لوگوں کوآگاہ کروایا جائے گا ۔‘‘ 
  اس تعلق سے سینٹر ل ریلوے کے چیف پی آر او شیواجی ستار نے بھی کچھ اسی طرح کی تفصیل بتائی اور ایسی خبروں یا فیصلے سے لاعلمی کااظہارکیا ۔ ان کے مطابق ایسا لگتاہےکہ کچھ لوگ وقفے وقفے سے اس طرح کاشوشہ چھوڑتے رہتے ہیں ۔ ورنہ حقیقت یہ ہےکہ ابھی تک ایک ویکسین لینے والوں کوسفر کی اجازت دینے کے سلسلے میںباضابطہ کوئی بات چیت بھی نہیںہوئی ہے،اجازت دینے کی بات تو الگ رہی ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK