مہاراشٹر اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت کے معاملے پر اب تک ایوان میں بحث نہ ہونے پر این سی پی ( اجیت) کے رکن اسمبلی امول مٹکری نے شدید ناراضگی ظاہر کی ہے اور اس تاخیر پر سوال اٹھایا ۔
امول مٹکری۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران سابق نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی طیارہ حادثے میں موت کے معاملے پر اب تک ایوان میں بحث نہ ہونے پر این سی پی ( اجیت) کے رکن اسمبلی امول مٹکری نے شدید ناراضگی ظاہر کی ہے اور اس تاخیر پر سوال اٹھایا ۔ یاد رہے کہ ۲۸؍ جنوری ۲۰۲۶ء کو بارامتی کے قریب ایک طیارہ حادثے میں اجیت پوار کی موت ہو گئی تھی۔ اسمبلی اجلاس کے دوران توقع کی جا رہی تھی کہ اس واقعے پر ایوان میں تفصیلی بحث ہوگی، تاہم اب تک یہ معاملہ زیر بحث نہیں آیا۔امول مٹکری نے اس صورتحال پر غم اور ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا۔ انہوں نے لکھا کہ یہ افسوسناک بات ہے کہ ایک ایسا لیڈر جس نے اپنی پوری زندگی عام لوگوں کے انصاف کیلئے جدوجہد میں گزاری، آج خود انصاف کا منتظر ہے۔ مٹکری نے سوال اٹھایا کہ کیا کوئی ’غیر مرئی طاقت‘ اس معاملے کو مقننہ میں اٹھائے جانے سے روک رہی ہے؟ انہوں نے یہ بھی پوچھا کہ کیا حکومت اس معاملے پر خاموش ہے اور کیا وہ سو رہی ہے؟ انہوں نے مطالبہ کیا کہ طیارہ حادثے کی حقیقت عوام کے سامنے لائی جائے اور اس معاملے میں ذمہ دار افراد کا تعین کیا جائے۔ مٹکری کے علاوہ این سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی روہت پوار نے یہ بھی اشارہ دیا تھا کہ یہ حادثہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے ممکنہ سازش بھی ہو سکتی ہے۔ اپنے پیغام میں امول مٹکری نے ممبئی پولیس اور سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کو بھی ٹیگ کیا اور الزام لگایا کہ تحقیقاتی ایجنسیاں اب تک حادثے کے اصل حقائق سامنے لانے میں ناکام رہی ہیں۔
انہوں نے اجیت پوار کی ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ایک فائل نظر آ رہی ہے جس پر لکھا ہے ’پلین ایکسیڈنٹ فائل‘ ۔ مٹکری نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے تیسرے ہفتے میں داخل ہونے کے باوجود اس معاملے میں کوئی نمایاں پیش رفت نہیں ہوئی۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اس معاملے کو بحث کیلئے مؤخر کیا جاتا رہا ہے۔ اپنے جذباتی پیغام کے اختتام پر مٹکری نے لکھا،’ ’دادا، ہمیں معاف کیجیے کہ ہم بدقسمت اور بے بس ہیں۔‘‘
۳؍ مراٹھی فن کار ایم این ایس میں شامل
راج ٹھاکرے کی پارٹی ایم این ایس کا ۲۰؍ واں یوم تاسیس حال ہی میںمنایا گیا۔ اس دوران راج ٹھاکرے نے پارٹی کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ رکن سازی مہم چلائیں۔ اس اعلان کے بعد کئی مراٹھی فن کار وں نے بھی راج ٹھاکرے کی پارٹی میں شمولیت کی خواہش ظاہر کی۔ ایک روز قبل مراٹھی کے معروف اداکار بھرت جادھو ، ہدایت کار کیدار شندے اور اداکار پشکر شوتری نے راج ٹھاکرے کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی۔ ساتھ ہی انہوں نے پارٹی کی رکنیت حاصل کی۔ یاد رہے کہ راج ٹھاکرے کے مراٹھی فلم انڈسٹری سے خوشگوار تعلقات رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ’چترپٹ سینا‘ نام سے تنظیم بھی قائم کی ہے۔