Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپریشن سندھو: ایران سے مزید ۲۸۵؍ہندوستانیوں کی وطن واپسی

Updated: June 24, 2025, 8:35 AM IST | New Delhi

اب تک کل ۱۷۱۳؍ہندوستانی شہری ایران سے ملک واپس آ چکے ہیں،واپس آنے والے شہریوںنے حکومت ہند کاشکریہ ادا کیا

Happiness can be seen on the faces of Indian nationals who returned to Delhi from Mashhad, Iran on Sunday. (PTI)
ایران کے مشہد سے اتوار کو دہلی لوٹنے والے ہندوستانی شہریوں کے چہروں پر خوشی دیکھی جاسکتی ہے ۔(پی ٹی آئی )

 ایران اور اسرائیل میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان  ان ممالک سے ہندوستانیوں کو باہر نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اتوار کو ایک اور خصوصی طیارے سے ایران کے مشہد سے ۲۸۵؍لوگوں کو وطن واپس لایا گیا ۔ اب تک کل ۱۷۱۳؍ہندوستانی شہری  ملک واپس آ چکے ہیں۔ اتوار کو واپس لوٹے ہندوستانیوں کا وزیر مملکت برائے خارجہ امور پابترا مارگیریٹا نے دہلی ایئر پورٹ پر استقبال کیا ۔ اس موقع پر پابترا مارگیریٹا نے کہا ’’ایران سے ۲۸۵؍شہریوں کو لے کر اسپیشل ایویکویشن ایئر کرافٹ نئی دہلی پہنچ گیا ہے۔ اس طیارے  میں ۲۸۵؍ہندوستانی سوار تھے جو خاص طور پر۱۰؍ ریاستوں جموں کشمیر، دہلی، اتر پردیش، گجرات اور مہاراشٹر سے تھے ۔ ایران سے محفوظ طور پر نکالے گئے ہندوستانی شہریوں کی تعداد اب ۱۷۱۳؍ ہوگئی ہے۔ ہم نے اگلے۲؍ دنوں کیلئے ایران سے ۳-۲؍مزید  پروازیں طے کی ہیں ۔ اسی طرح ہم ایران اور اسرائیل میں رہنے والے اپنے سبھی ہندوستانی شہریوں کے ساتھ بھی مسلسل رابطے میں ہیں۔‘‘
 اس دوران ’آپریشن سندھو‘ کے تحت بحفاظت ملک واپس آنےوالے لوگ کافی خوش نظر آئے۔ ان میں سے ایک شہری شمع فیروز نے کہا، ’’مجھے بہت فخر محسوس ہو رہا ہے۔ حکومت ہند اور سفارت خانہ نے ہمارے لیے بہت اچھا انتظام کیا۔ ایران میں بھی اچھا انتظام کیا گیا۔ حکومت نے ہمیں یہاں تک پہنچایا۔ جئے ہند۔جئے بھارت۔‘‘
 ایک دیگر ہندوستانی شہری سید شہزاد علی جعفری کہتے ہیں، ’’میں ممبئی کا رہنے والا ہوں، زیارت کیلئے ایران گیا تھا۔ میں ایران میں کام کرتا ہوں اور گزشتہ تین برسوں سے وہیں ہوں۔ حکومت ہند نے ہمارا ساتھ دیا، ہمت دی، آج ہم ان کی وجہ سے یہاں ہیں۔‘‘
 ہندوستان واپس آئی سطیر فاطمہ نے کہا کہ میں خود کو خوش قسمت مان رہی ہوں۔ میں حکومت ہند اور وزیر اعظم کا شکریہ ادا کرتی ہوں۔ وہاں کی حالت ہر دن خراب ہوتی جا رہی ہے تھی، وہاں رہنا بہت خطرناک ہوتا جا رہا ہے ۔ واضح رہے کہ ایران میں پھنسے ہندوستانی شہریوں کی بحفاظت ملک واپسی کے لیے حکومت ہند نے۱۸؍ جون کو ’آپریشن سندھو‘ کاآغاز کیا تھا ۔

iran Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK