• Sun, 14 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کسانوں کےمسائل پر ایوان میں اپوزیشن کا ہنگامہ

Updated: December 12, 2025, 7:04 AM IST | Nagpur

وجے وڈیٹیوار اور نانا پٹولے نے کپاس اور سویابین کے دام اور خریداری سینٹر کا مسئلہ اٹھایا، اطمینان بخش جواب نہ ملنے پر واک آئوٹ

Nana Patole told the House that 8 farmers are committing suicide every day in Vidarbha.
نانا پٹولے نے ایوان کو بتایا کہ ودربھ میںروزانہ ۸؍ کسان خودکشی کر رہے ہیں

بےموسم بارش اور سیلاب کے سبب فصلوں کی تباہی نے کسانوں کا برا حال کر رکھا ہے ۔ ان حالات میں حکومت نے فصلوں کو مناسب داموں میں پر خریدنے کا اعلان تو کیا ہے لیکن کئی مقامات پر اب تک فصلوں کی خریداری کے مراکز شروع قائم نہیں کئے گئے ہیں او ر جہاں مراکز ہیں وہاں فصلوں کے مناسب دام نہیں مل رہے ہیں۔ ناگپور میں جاری اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں اپوزیشن نے جمعرات کو وقفہ سوالا ت میں یہ مسئلہ اٹھایا ا ور حکومت سے جواب طلب کیا لیکن جب اطمینان بخش جواب نہیں ملا تو  ایوان  سے واک آؤٹ کیا ۔ 
 اس سلسلے میں کانگریس کے گروپ لیڈر و سابق اپوزیشن لیڈر وجے وڈیٹیوار نے ایوان میں بتایاکہ ریاست میں کئی جگہوں پر سرکاری کپاس کی خریداری کے مراکز نہیں کھولے گئے ہیں، سویا بین کو مناسب ایم ایس پی نہیں مل رہی ہے۔ ا کسانوں کے مسائل شمار کروانے کے باوجود  وزیر جے کمار راول  اس کا جواب نہیں دے رہے تھے۔ اس پر اپوزیشن برہم ہو گیا۔ وجے وڈیٹیوار نے الزام لگایا کہ حکومت کی طرف سے دیا گیا جواب کسانوں کا مذاق ہے۔
  انہوں نے ایوان میں کسانوں کی قابل رحم حالت کو پیش کیا۔ سی سی آئی کی جانب سے کپاس کی خریداری کیلئے جو شرائط عائد کی گئی ہیں ان کی وجہ سے کپاس کی خریداری نہیں کی جا رہی ہے۔ کپاس کی خریداری کی حد بھی کم ہے۔ روئی پر درآمد ٹیکس جو۱۲؍ فیصد تھا اب صفر فیصد ہو گیا ہے۔  جب بیرون ملک سے روئی ہندوستان آئے گی تو یہاں روئی کی قیمت گرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ’’فصل کی خریداری کے مراکز پر فصلوں کے معیار کو ناقص بتا کر ۵۰؍  میں سے ۴۰؍ گاڑیا واپس بھیجی جا رہی ہیں۔ دوسری طرف سویابین کے مراکز پر سویابین۵؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے میں نہیں خریدا جا رہا ہے۔وجے وڈیٹی وار نے چیلنج کیا کہ اسپیکر اور وزیر اگر میرے ساتھ آتے ہیں تو مَیں یہ سبھی چیزیں بتا سکتا ہوں جسے دیکھنے کے بعد حکومت کو حقیقت حال معلوم ہوگی ۔محض آفس میں بیٹھ کر  حقیقت حال کا پتہ نہیں لگایا جاسکتا ۔کانگریس لیڈر  نے کہاکہ سویا بین سینٹر سے سویا بین کو واپس بھیجا  جارہا ہے۔ حکومت کو سویابین کی پوری فصل خریدنی  چاہئے۔ کیا حکومت ایسا کرے گی؟ کیا کپاس پر درآمد ٹیکس کے سلسلے میں مرکزی حکومت مدد فراہم کرے گی؟
روزانہ ۸؍ کسان خودکشی کر رہے ہیں : نانا پٹولے 
 سابق اسپیکر نانا  پٹولے نے ایوان میں بتایا کہ ’’حکومت کی جانب سے کسانوں کی ساری فصلیں خریدنے اور کسانوںکو امداد دینے کی دعوے کھوکھلے ہیں۔ اسی وجہ سے ودربھ میں روزانہ ۸؍ کسان خودکشی کررہے ہیں۔ اس کے باوجود حکومت اس معاملے کی سنگینی کو محسوس نہیں کر رہی ہے ۔وزراء نے اس کا بھی کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔ اپوزیشن نے جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے واک آوٹ کیا۔  حالانکہ اس سلسلے میںاسمبلی اسپیکر راہل نارویکر نے دوپہر میں اپنےدفتر میں متعلقہ وزرا اور اراکین اسمبلی کی میٹنگ منعقد کرنے کی اعلان کیا تھا۔ اپوزیشن نے اعتراض کیا کہ حکومت اپنا موقف ایوان میں پیش کرے، اجلاس کیوں منعقد کیا جا رہا ہے لیکن حکومت کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا ۔ جس کے بعد وجے ودیٹیوار، نانا پٹولے، روہت پوار، سدھارتھ کھرات چاہ ایوان میں گئے اور نعرے لگانے لگے۔ اپوزیشن نے کسانوں کے مسئلہ پر حکمراں جماعت کے موقف کے خلاف نعرے لگائے۔ اپوزیشن نے ’’ کسان مخالف حکومت پر دھتکار ہو!‘‘ جیسے نعرے لگاتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کیا۔ یاد رہے کہ وجے وڈیٹیوار اور نانا پٹولے ایوان سے باہر بھی کسانوں کے ان مسائل کو اجاگر کر چکے ہیں۔ 

nagpur Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK