سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی متفقہ امیدوار، ’آپ‘ نے بھی حمایت کی، بی جےپی کے اتحادی چندرا بابو نائیڈ و اور جگن موہن ریڈی دھرم سنکٹ میں مبتلا
EPAPER
Updated: August 19, 2025, 11:58 PM IST | New Delhi
سپریم کورٹ کے سابق جج بی سدرشن ریڈی متفقہ امیدوار، ’آپ‘ نے بھی حمایت کی، بی جےپی کے اتحادی چندرا بابو نائیڈ و اور جگن موہن ریڈی دھرم سنکٹ میں مبتلا
اپوزیشن جس نے ’’ووٹ چوری‘‘ اور ’ایس آئی آر‘ پر حکومت کی بولتی بند کررکھی ہے، نے اب نائب صدر کے عہدہ کے الیکشن میں بھی بڑا داؤ کھیلتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق جج اور ممتاز ماہر قانون جسٹس(سبکدوش) بی سدرشن ریڈی کو اپنا متفقہ امیدوار بنایاہے۔ بی جےپی نے مہاراشٹر کے گورنر سی پی رادھا کرشنن کو امیدوار بنانے کے بعد اپوزیشن اتحاد کے اہم رُکن اور ڈی ایم کے کے سربراہ ایم کے اسٹالن سے ان کی اس بنیاد پر حمایت کی اپیل کی تھی کہ وہ تمل ناڈو سے تعلق رکھتے ہیں۔اب اپوزیشن کے امیدوار سدرشن ریڈی کا تعلق تلنگانہ سے ہے اورانہیں امیدوار بنائے جانے کے بعد بی جےپی کے اتحادی چندرا بابو نائیڈو اور جگن موہن ریڈی دھرم سنکٹ میں پڑ سکتے ہیں۔
نائب صدر کے الیکشن میں بی جے پی تمل ناڈو،او بی سی اور آر ایس ایس کا کارڈ کھیل رہی ہے جبکہ اپوزیشن نے تیلگو کے افتخار اور آئین کے تحفظ کا کارڈ کھیلاہے۔ اس طرح اگر این ڈی اے نے اپنے امیدوار کے ذریعہ ڈی ایم کے کو امتحان میں ڈالنے کی کوشش کی تھی تو اب مسئلہ چندر بابو نائیڈو اورجگن ریڈی کیلئے ہے۔ ان کیلئے اپنے ہم وطن تیلگو امیدوار کی مخالفت کرنا آسان نہیں ہوگا۔ کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مختلف اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں کی موجودگی میں جسٹس بی سدرشن ریڈی کے نام کا اعلان کیا۔ ریڈی کی تائید عام آدمی پارٹی نے بھی کی ہے جو اب ’انڈیا‘اتحاد کا حصہ نہیں ہے۔
شرد پوار، سنجے راوت، کے سی وینوگوپال، جے رام رمیش، ڈیرک او برائن، کنی موزی، تروچی سیوا، جان برٹاس، دھرمیندر یادو، پرمود تیواری، رجنی پاٹل اور اروند ساونت سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے دیگر لیڈر نے ایک میٹنگ میں جسٹس ریڈی کے نام پر اتفاق کیا۔کانگریس صدر نے کہاکہ جسٹس ریڈی ہندوستان کےممتاز اور ترقی پسندماہرین قانون میں سے ایک ہیں۔ان کا طویل قانونی کریئر رہا ہے جس میں آندھرا پردیش ہائی کورٹ کے جج، گوہاٹی ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے جج کے طورپر ان کی خدمات شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ سماجی، اقتصادی اور سیاسی انصاف کے مستقل اور بے خوف چیمپئن رہے ہیں۔کانگریس کے صدر نے واضح کیا کہ نائب صدر جمہوریہ کا انتخاب نظریاتی لڑائی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نےجسٹس بی سدرشن ریڈی کو اپنا مشترکہ امیدوار نامزد کیاکیونکہ وہ جنگ آزادی کی تحریک کے اقدار کی مکمل عکاسی کرتے ہیں جن پر ہمارے ملک کا آئین اور جمہوریت ایستادہ ہے۔کھرگے نے زور دے کر کہا کہ یہ تمام قدریں آج حملوں کی زد پر ہیں اس لیے ہمیں اجتماعی اورپرعزم جذبہ کے ساتھ اس انتخاب کو لڑنے کیلئے اکٹھا ہونا چاہئے۔جسٹس ریڈی ۲۱؍اگست کو اپنا پرچہ نامزدگی داخل کریں گے۔