Inquilab Logo Happiest Places to Work

نوادہ، نالندہ اور شیخ  پورہ میں ’’ووٹر ادھیکار یاترا‘‘ کا شاندار خیر مقدم

Updated: August 19, 2025, 11:08 PM IST | Nawada

راہل گاندھی نے عوام کو ’’الیکشن کمیشن اور بی جےپی کی  پاٹنر شپ‘‘ سے متنبہ کیا مگر ’’ووٹ چوری نہ ہونے دینے ‘‘ کا وعدہ بھی کیا، تیجسوی اوردیپانکر بھٹاچاریہ کا بھی خطاب

This picture of Rahul Gandhi`s voter rights march can be used to gauge the extent of public support he is receiving. (Photo: PTI)
راہل گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا کی اس تصویر سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ انہیں کس پیمانے پر عوامی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

 اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کی قیادت میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘  نے  منگل کو  نوادہ،   نالندہ اور شیخ پورہ  کا احاطہ کیا جہاں امڈنے والی بھیڑ نہ صرف یاترا کی مقبولیت بیان کررہی تھی بلکہ ایس آئی آر ا ور ’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف  اپوزیشن کی مہم کی کامیابی کی بھی وکالت کررہی تھی۔  جگہ جگہ عوام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی  انہیں آگاہ کیا کہ آئین نے  ہر شخص کو ووٹ دینےکا جو حق دیا ہے، الیکشن کمیشن اسے چھین رہا ہے۔     تیجسوی یادو اور دیپانکر بھٹا چاریہ بھی  یاترا میں   راہل گاندھی کے ساتھ ہیں۔ 
عوام کو ان کے حق  سے آگاہ کیا
 منگل کوصبح ’’ووٹر ادھیکاریاترا ‘‘نوادہ پہنچی ۔ ہنومان مندر،  پوناما،  وزیر گنج، جموآواں اور ہسواسے گزرنے کے بعد  نوادہ شہر کے بھگت سنگھ چوک پر  یاترا جلسہ عام میں تبدیل ہوگئی۔اس موقع پر راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن اور وزیراعظم نریندر مودی پرجم کر آڑے ہاتھوں لیا۔  انہوں  نے متنبہ کیا کہ’’ آئین نے ہندوستانیوںکو ووٹ کا حق دیا ہے جسے الیکشن کمیشن چھین رہا ہے۔ الیکشن کمیشن اور بی جے پی کے درمیان پارٹنرشپ چل رہی ہے، دونوں مل کر ووٹ چوری کر رہے ہیں۔‘‘  انہوں نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امیت شاہ اور الیکشن کمیشن مل کر یہ حق چھین رہے ہیں۔ میں، تیجسوی اور یہاں کے لیڈر بہار کا ایک ووٹ بھی چوری نہیں ہونے دیں گے۔‘‘
’نئے ووٹرس‘ نے مہاراشٹر کا الیکشن ہرایا
  راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن اور بی جےپی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ’’ انہوں نے مہاراشٹر، ہریانہ، مدھیہ پردیش کے انتخابات میں چوری کی ہے۔ مہاراشٹر میں لوک سبھا کے بعد جادو سے تقریباً ایک کروڑ نئے ووٹر بنائے جاتے ہیں۔ ہم لوک سبھا میں جیت گئے مگرنئے ووٹر آنے کے بعد اسمبلی الیکشن میں بی جے پی نے کلین سویپ کیا۔ جب ہم نے الیکشن کمیشن سے پوچھا کہ یہ نئے لوگ کون ہیں تو انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ ہم نے انہیں کہا کہ ویڈیو  دکھائیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ویڈیونہیں دکھائیں گے، قانون میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب بہار میں ایس آئی آر کے ذریعہ ایک نئے طریقے سے ووٹ چوری کی جارہی ہے۔  آپ کی آنکھوں کے سامنے، ملک کی آنکھوں کے سامنے، وہ نئے طریقے سے چوری کر رہے ہیں۔ ہم انہیں چوری نہیں کرنے دیں گے۔‘‘
ووٹر کارڈ گیا تو راشن کارڈ بھی جائےگا
  راہل گاندھی نے سخت لہجے میں کہا کہ’’ پہلے آپ کا ووٹر کارڈ جائے گا، پھر آپ کا راشن کارڈ جائے گا۔ اس کے بعد آپ کی زمین اڈانی اور امبانی کو دی جائے گی۔ ‘‘کانگریس لیڈر نے عوام  میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ ملک امبانی اڈانی کا نہیں ہے۔ یہ ملک کسانوں، مزدوروں، چھوٹے تاجروں اور نوجوانوں کا ہے لیکن سارا کام اڈانی اور امبانی کیلئے ہوتا ہے۔ جی ایس ٹی ان کیلئےہوتا ہے، نوٹ بندی ان کیلئےہوتی ہے، ان کیلئےغلط قانون بنائے جاتے ہیں اور آپ کو نقصان ہوتا ہے۔‘‘
 یاترا کے دوران نیاثبوت پیش کیا
  راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے آغاز میں کاشی چک بلاک کی ریبرا پنچایت کے مہرتھ گاؤں کے رہنے والے سبودھ کمار کو اپنی گاڑی پر بلایا اور کہا کہ بتاؤ  تمہارے ساتھ کیا ہوا۔ سبودھ نے مائیک پر بتایا کہ’ ’میرا نام لوک سبھا انتخابات میں ووٹر لسٹ میں تھا، میں نے ووٹ بھی دیا تھا اور پولنگ ایجنٹ بھی بنا  تھا لیکن ایس آئی آر کے بعد میرا نام کاٹ دیا گیا ہے۔‘ ‘اس پر راہل گاندھی نے کہا کہ ووٹروں کے حقوق کیلئے یاترا شروع کی گئی ہے۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ووٹروں کو ان کا حق ملے۔‘‘
  اس سے پہلے آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور سی پی آئی ایم ایل کے قومی جنرل سیکر یٹری دیپانکر بھٹاچاریہ نے خطاب کیا۔  انہوں نے یاترا کو ملنےوالی عوامی حمایت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسے دیکھ کر الیکشن کمیشن اور این ڈی اے لیڈر مایوس ہو گئے ہیں۔‘‘
 منگل کو یاترا کہاں کہاں سے گزری
 بھگت سنگھ چوک پر جلسہ عام کے بعد شام ۴؍ بجے یاترا  نالندہ پہنچی۔ اس اس دوران  نے سید پور، دریاپور، چندن چوک،بازار روڈ، وارسلی گنج،  بلواپور، استھاواں اسمبلی حلقے کا احاطہ کیا۔شام ہوتے ہوتے ’’ووٹر ادھیکار یاترا شیخ پورہ میں داخل ہوگئی جہاں ڈاکٹر شری کرشن سنہا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد بربیگھا ، شیخ پور پہنچی اور یہیں   ایس کے آر کالج  کے  میدان میں قیام کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK