Inquilab Logo

ای ڈی کی کارروائی پر اپوزیشن برہم ، شدید مذمت

Updated: March 12, 2023, 10:54 AM IST | patna

لالو یادو اور نتیش کمارنے کہا کہ ہم خوفزدہ نہیں ہوں گے، بی جے پی کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔ کانگریس صدرملکارجن کھرگے کے مطابق ’’ پانی سر سے اونچا ہو گیا ہے‘‘

The opposition is constantly pointing fingers at the actions of ED and CBI. (File Photo)
ای ڈی اور سی بی آئی کی کارروائیوں پر اپوزیشن کی جانب سے مسلسل انگلیاں اٹھائی جارہی ہیں۔(فائل فوٹو)

 ریلوے میں مبینہ زمین کے عوض نوکری دینے کے گھوٹالہ کے سلسلہ میں لالو پرساد یادو کے پورے خاندان کے خلاف سی بی آئی اور ای ڈی کو لگادئیے جانے اور ان کے مسلسل چھاپوں اور پوچھ تاچھ کے لئے طلبی پر  اپوزیشن پارٹیاں بری طرح برہم ہو گئی ہیں اور انہوں نے اس تعلق سے واضح طور پر کہا ہے کہ اب بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت اپوزیشن کو ہراساں کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اب پانی سر سے اونچا ہو رہا ہے۔اس سلسلے میں سی بی آئی اور ای ڈی کی کارروائی کے بعد آر جے ڈی سربراہ  لالو پرساد یادو نے  شدید برہمی ظاہر کی اور کہا کہ مرکزکی مودی حکومت  نچلی سطح کی سیاست کر رہی ہے۔اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل  سے ٹویٹ کرتے ہوئے لالو پرساد یادو نے لکھا کہ ’’ہم نے ایمرجنسی کا سیاہ دور بھی دیکھا ہے۔ ہم نے اس وقت بھی لڑائی لڑی تھی۔ بے بنیاد اور بدلے کی نیت سے درج کئے گئے معاملوں میں میری بیٹیوں، ننھے منے نواسوں اور حاملہ بہو کو بھاجپائی ای ڈی نے ۱۵؍گھنٹے تک بیٹھا کر رکھا۔ کیا بی جے پی اتنی نچلی سطح پر اتر کر ہم سے سیاسی لڑائی لڑے گی؟‘‘انہوں نے انتباہ دیتے ہوئے مزید لکھا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی کے خلاف ان کی لڑائی نظریاتی ہے اور اب یہ  اس میں مزید شدت آجائے گی کیوں کہ بی جے پی  ان کے گھر والوں کو پریشان کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ لالو کے مطابق  انہوں نے فرقہ پرستی کے خلاف کبھی گھٹنے نہیں ٹیکے اور ان کے خاندان اور پارٹی کا کوئی بھی شخص ان کی سیاست کے سامنے نہیں جھکے گا۔ 
 کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے مودی حکومت پر اپوزیشن لیڈروں کے خلاف مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر کے جمہوریت کا قتل کرنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میںسوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کی ایجنسیاں اس وقت کہاں تھیں جب بھگوڑے ملک سے کروڑوں روپے لے کر بھاگے؟ جب بہترین دوست کی دولت آسمان کو چھوتی ہے تو اس کی تحقیقات کیوں نہیں ہوتی؟ عوام اس آمریت کو منہ توڑ جواب دینے کے لئے پرتول رہےہیں۔ کھرگے نے مزید کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں مودی جی نے ای ڈی  اور سی بی آئی کو بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو کے گھر  بٹھا رکھا ہے۔ ان کی حاملہ بیوی اور بہنوں کو ہراساں کیا گیا۔ لالو پرساد ، بیمار ہیں، تب بھی مودی سرکار نے ان کے تئیں انسانیت نہیں دکھائی۔  اس لئے ہم یہ کہنے پر مجبور  ہیں کہ اب پانی سر سے اونچا ہو چکا ہے۔  
 بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نےای ڈی کے چھاپوں اور سی بی آئی کی کارروائی پر ردعمل دیا کہ سابق مرکزی وزیر لالو پرساد یادو اور ان کے ساتھیوں کے مکانات پر ای ڈی کے چھاپے ان کے ریاست میں مہا گٹھ بندھن  کا حصہ بننے کا نتیجہ ہیں۔نتیش کمار نے کہا کہ۲۰۱۷ء میںبھی یہی ہوا تھا ۔ اس وقت بھی چھاپے مارے گئے تھےلیکن  اس کے بعد سے ۵؍ سال تک خاموشی تھی  ،کوئی چھاپہ نہیں مارا گیا ۔ اب ایسا کیوں ہو رہا ہے اس کی وجہ بالکل واضح ہے۔ نتیش نے کہا کہ میں مہا گٹھ بندھن کا حصہ بن گیا ہوں اس لئے یہ چھاپے مارے جارہے ہیں تاکہ ہمیں ہراساں کیا جاسکے لیکن میں یہ واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اس طرح کے چھاپے ہمیں خوفزدہ نہیں کر سکتے۔ایجنسیوں کو پہلے بھی کچھ نہیں ملا تھا اور اب بھی کچھ نہیں ملے گا۔   یاد رہے کہ اپوزیشن کے لیڈران مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے جانبدارانہ استعمال کے خلاف گزشتہ ہفتے ہی وزیر اعظم مودی کو خط لکھا تھا اور مطالبہ کیا تھا کہ ان ایجنسیوں کا غلط استعمال بند کیا جائے۔یہ مشترکہ خط لکھنے والوں میں تیجسوی یادو بھی شامل تھے لیکن ایک ہفتے کے اندر ہی انہیں نشانہ بنایا گیا ہے۔
  عام آدمی پارٹی کے ترجمان راگھو چڈھا نے اپنے لیڈر منیش سیسودیا کی گرفتاری کے حوالے سے ردعمل دیا اور کہا کہ اپوزیشن کے لیڈروں کو اسی لئے نشانہ بنایا جارہا ہے تاکہ عوام کی نظروں میں اپوزیشن بالکل ختم ہو جائے  اورپھر ملک میں آمریت لائی جائے اور صرف ایک ہی شخص یا پارٹی کا راج ہو لیکن ہم ایسا ہونے نہیں دیں گے ۔ اس معاملے میں کانگریس کے سابق لیڈر اور سینئر وکیل کپل سبل نے بھی سخت ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ای ڈی کو اپوزیشن کے لیڈرتو نظر آجاتے ہیں لیکن بی جے پی کے لیڈروں کی بدعنوانی نظر نہیں آتی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK