مختلف اپوزیشن لیڈروں نے دھنکر سے ملنے کا بھی وقت مانگا لیکن فی الحال انہوںنے کوئی جواب نہیں دیا ہے
EPAPER
Updated: July 26, 2025, 8:01 AM IST | New Delhi
مختلف اپوزیشن لیڈروں نے دھنکر سے ملنے کا بھی وقت مانگا لیکن فی الحال انہوںنے کوئی جواب نہیں دیا ہے
ملک کے سابق نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکر کے اچانک استعفے اور انہیں حکومت کی جانب سے باقاعدہ الوداعیہ نہ دینے سے اپوزیشن پارٹیاں ان کے لئے کافی ہمدردی محسوس کررہی ہیں۔ اسی وجہ سے اب اپوزیشن لیڈروں نے دھنکر کو عشائیے پر مدعو کیا ہے۔ ساتھ ہی انہیں باقاعدہ دعوت نامہ دینے کے لئے ان سے ملاقات کا وقت بھی مانگا ہے۔ حالانکہ دھنکر کے باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوںنے فی الحال کوئی بھی دعوت نامہ قبول نہیں کیا ہے۔ وہ اس وقت صرف اپنے ذاتی کاموں میں مصروف رہنا چاہتے ہیں اس لئے یہ ممکن ہے کہ وہ اپوزیشن لیڈروں کی عشائیے کی دعوت قبول نہ کریں۔
کانگریس پارٹی کی جانب سے خاص طور پر دھنکر کے دفتر سے رابطہ کرکے ان سے ملنے کا وقت مانگا گیا ہے اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ انہیں باقاعدہ مدعو کرنا چاہتے ہیں ۔ پارٹی کے مطابق اس عشائیے میں انڈیا اتحاد کے تمام لیڈران موجود رہیں گے ۔ وہ دھنکر جی کی الوداعی تقریر بھی سننا چاہتے ہیں لیکن بی جے پی سے اتنی قربت کے سبب اس بات کا امکان بہت کم ہے کہ جگدیپ دھنکر یہ دعوت قبول کرلیں۔ فی الحال وہ میڈیا یا کسی بھی پارٹی سے رابطے میں نہیں ہیں۔