ووٹ چوری اور الیکشن کمیشن کیخلاف مہا وکاس اگھاڑی ، ایم این ایس اور کمیونسٹ پارٹیوں کے مشترکہ مظاہرے میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ ،جعلی نام حذف کئے جانے تک انتخابات نہ کرانے اور ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر پر الیکشن کروانے کا مطالبہ
EPAPER
Updated: November 02, 2025, 6:50 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ووٹ چوری اور الیکشن کمیشن کیخلاف مہا وکاس اگھاڑی ، ایم این ایس اور کمیونسٹ پارٹیوں کے مشترکہ مظاہرے میں طاقت کا بھرپور مظاہرہ ،جعلی نام حذف کئے جانے تک انتخابات نہ کرانے اور ای وی ایم کے بجائے بیلٹ پیپر پر الیکشن کروانے کا مطالبہ
ووٹ چوری کیخلاف سنیچر کو مہاراشٹر کی تمام اپوزیشن پارٹیوں نے مثالی احتجاج کرتے ہوئے ممبئی میں مشترکہ مظاہرہ کیا اور الیکشن کمیشن کے سامنے کئی اہم مطالبات پیش کئے۔ ’ستیہ چا مورچہ‘ کے عنوان سے کئے گئے احتجاج میں مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈروں نے طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا اور ووٹر لسٹ میں گڑبڑی اورووٹوں کی چوری کے ثبوت پیش کئے ۔ ان لیڈروں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ سیاسی نظریات اور اختلافات بھلا کر ملک کے جمہوری نظام کے تحفظ کیلئے متحد ہوجائیں اور ووٹوں کی چوری کو روکنے میں تعاون کریں۔
اس مورچہ کی ایک اہم بات یہ بھی تھی کہ اس میں جہاں مہا وکاس اگھاڑی کے تمام بڑے لیڈران بشمول شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے شامل تھے وہیں ایک بار پھر ادھو ٹھاکرے اور راج ٹھاکرے ایک ہی اسٹیج پر نظر آئے جس سے عوام میں کافی جوش نظر آیا۔شرد پوار اور ادھو ٹھاکرے نے اس مورچہ میں شرکاء کی بھیڑ کو دیکھ کر سنیوکت مہاراشٹر سمیتی (مہاراشٹر کی تشکیل) کو یاد کیا اور کہاکہ سنیوکت مہاراشٹر سمیتی کے بعد پہلی مرتبہ اتنا بڑا جلسہ منعقد ہو رہا ہے۔سبھی لیڈروں نے اپنے اپنے ورکروں اور شہریوں سے ووٹر لسٹ کی جانچ کرنے کیلئے کہااور الیکشن کمیشن سے اپیل کی کہ جب تک ووٹر لسٹ درست نہیں ہوتی، ووٹر لسٹ سے جعلی نام حذف نہیںکر دیئے جاتے بلدیاتی انتخابات منعقد نہ کئے جائیں۔ایسانہ ہونے پر ادھو ٹھاکرے نے عدالت سےرجوع ہونے کا اعلان بھی کیا ۔ اس دوران تمام لیڈروں نے بیک زبان انتخابات بیلٹ پیپر پر منعقد کرنے کا مطالبہ دہرایا ۔ واضح رہے کہ یہ مورچہ فیشن اسٹریٹ سے بی ایم سی ہیڈ کوارٹرس تک نکالا گیا تھا ۔ مورچہ کا اختتام بی ایم سی دفتر کے سامنے بنائے گئے اسٹیج سے تقاریراور اس کے بعد قومی گیت پر ہوا۔اس جلسہ میں مہا وکاس اگھاڑی کے لیڈر این سی پی (شرد) کے سربراہ شرد پوار، شیو سینا ( ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے، مہاراشٹر نو نرمان سینا ( ایم این ایس) کے سربراہ راج ٹھاکرے، کانگریس کے سینئر لیڈر بالا صاحب تھورات اور دیگر اہم لیڈروں نے خطاب کیا۔
شرد پوار نے اپنے مختصر لیکن اہم خطاب میں کہاکہ’’ جس طرح سنیوکت مہاراشٹر کیلئے کالا گھوڑا پر مہاراشٹر کے عوام کا جم غفیرپہنچا تھا اسی طرح کا منظر ’’ستیہ چا مورچہ‘‘ میں نظر آرہا ہے۔ مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں جو ہوا اس سے عوام کا جمہوری نظام پر اعتماد کمزور ہواہے ۔ جس نے ووٹ چوری کیا اس کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے بجائے انتظامیہ اسے بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ملک کے جمہوری نظام کا تحفظ کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے اور اگر ووٹ چوری ہوں گے تو جمہوری نظام قائم نہیں رہے گا اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم سیاسی اور نظریات اختلافات بھلاکر جمہوری نظام کو بچانے کیلئے متحد ہوں ۔‘‘ شرد پوار نے مزید کہاکہ’’ فرضی آدھار کارڈ بنانے کا معاملہ سامنے آیا تھا ۔ ضلع کلکٹر کو شکایت کی گئی اور جس نے نقلی آدھار ثابت کر دیا اسی کے خلاف مقدمہ درج کر دیا گیا ۔ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ انتظامیہ خاطی افرادکو تحفظ فراہم کر رہا ہے۔