دونوں ہی ایوانوں میں مظاہرے، پارلیمنٹ کے احاطے میں بھی زبردست نعرے بازی،
EPAPER
Updated: August 08, 2025, 11:52 PM IST | New Delhi
دونوں ہی ایوانوں میں مظاہرے، پارلیمنٹ کے احاطے میں بھی زبردست نعرے بازی،
بہارمیں ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کے خلاف اپوزیشن کا احتجاج اور پارلیمنٹ میں اس موضوع پربحث کے مطالبہ پرتعطل جاری ہے۔ جمعہ کو بھی دونوں ایوانوں میں اس کے خلاف اپوزیشن نے زوردار احتجاج کیا۔راجیہ سبھا میں تو صبح اپوزیشن نے ایسے تیور دکھائے کہ پورے دن کیلئے سیشن ہی ملتوی کردیا گیا۔ پارلیمنٹ کے احاطہ میں بھی اپوزیشن کے لیڈروں نے بڑے بینر اٹھارکھے تھےجس پرووٹ کی چوری بندکرو جیسے نعرے درج تھے۔ اپوزیشن کے ذریعہ ایس آئی آر کے خلاف نعرے بازی اور ایوان میں اس پربحث کے مطالبہ کےبعد دونوں ایوانوں کی کارروائی ملتوی کرنی پڑی۔ شور شرابہ کے درمیان مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے انکم ٹیکس بل۲۰۲۵ء کو واپس لینے کی تحریک پیش کی جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے پارلیمنٹ کے احاطہ میں ایس آئی آر کے خلاف احتجاج کے دوران میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ راہل گاندھی نے ووٹ چوری پر بڑا انکشاف کیا ہے، جس کی تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نےکہاکہ الیکشن کمیشن ووٹر لسٹ فراہم نہیں کر رہاہے، اس معاملے کی تحقیقات کرنے کی بجائے حلف نامہ مانگ رہا ہے۔ ہم مسلسل اعداد و شمار دکھا رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن ماننے کو تیار نہیں۔اس پورے معاملے میں بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جس طرح کے بیانات آرہے ہیں، اس سے ایک بات تو صاف ہے کہ کوئی گھوٹالہ ہوا ہے۔ کانگریس لیڈر نےکہاکہ بی جے پی حکومت ای ڈی، سی بی آئی کا سہارا لے کر اپوزیشن پر ہر طرح کی تحقیقات کر رہی ہے تو اس کی ناک کے نیچے ہونے والے پورے واقعہ کی تحقیقات کیوں نہیں ہو رہی ہے؟پرینکاگاندھی نے کہایہ حکومت ووٹ چوری اورایس آئی آر پر بحث کرنے کی ہمت نہیں کر پا رہی ہےاور ایوان چلانے سے قاصر ہے۔ یہ کمزور حکومت ہے۔
کانگریس لیڈر راجیو شکلانے مطالبہ کیاکہ الیکشن کمیشن راہل گاندھی کے ذریعہ ووٹ چوری کےپیش کئے گئے تمام ثبوتوں کا جواب دے۔ انہوںنے کہاکہ الیکشن کمیشن جواب دینے سےگریزاور راہ فرار اختیار نہ کرے۔ کانگریس لیڈر مانیکم ٹیگو ر نے مرکزی وزیر داخلہ کی تنقیدکرتےہوئے کہا کہ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ موجودہ الیکشن کمشنروں کا انتخاب امت شاہ نے کیا۔ وہ واضح طور پر ان کے مقرر کردہ ہیں۔ اس کے نتیجے میں امت شاہ پورے الیکشن کمیشن کو مؤثر طریقے سے کنٹرول کرتے ہیں۔ جو کمیشن چلا رہے ہیںوہ امت شاہ کے منتخب کردہ ہیںاور یہ لوگ ہمیشہ اپنے آقا امت شاہ کی حفاظت کریں گے۔ سچ اب کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن کے دستاویزات سے جائز سوالات اٹھائے ہیں۔ ہم پارلیمنٹ میں ووٹ حذف کرنے پر بحث کا مطالبہ کرتے ہیں اور جمہوریت کو بچانے کیلئے بولتے رہیں گے۔کانگریس ممبر پارلیمنٹ رنجیت رنجن کہا کہ راہل گاندھی نے کرناٹک میں ووٹ چوری کے ٹھوس ثبوت دیئے ہیں۔ اس ایک اسمبلی حلقے کی چھان بین کرنے میں ہمیں ۶؍ مہینے لگے۔ہم چاہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن ہمیں ووٹرز کا الیکٹرانک ڈیٹا دے تاکہ اس کی تحقیقات ہوسکے۔