Inquilab Logo Happiest Places to Work

بورڈ امتحان میں اساتذہ کو دیگر اسکولوں میں بطور سپروائزر بھیجنے کےفیصلہ کی مخالفت

Updated: February 16, 2024, 11:33 AM IST | Ismail shad | Dhule

دھولیہ کے اساتذہ نے رکن پارلیمان کی قیادت میں ضلع کلکٹر سے ملاقات کی، اساتذہ کو ہراساں کرنے والے اس فیصلے کو واپس لینے کامطالبہ۔

Subhash Bhamre talking to the Collector along with the teachers. Photo: INN
سبھاش بھامرے اساتذہ کے ہمراہ کلکٹر سے بات کرتے ہوئے۔ تصویر : آئی این این

امسال ایس ایس سی اور ایچ ایس سی امتحان کے دوران اساتذہ کی ڈیوٹی ان کی اپنی اسکولوں کے بجائے دیگر اسکولوں میں لگائی گئی ہے جسکی وجہ سے اساتذہ میں ناراضگی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اسکی وجہ سے جہاں انہیں پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑے گا وہیں اگر سینٹر پر پہنچنے میں تاخیر ہوئی تو امتحان کانظام بھی متاثر ہوگا، ا سلئے انتظامیہ اپنے فیصلے پر غور کرے اور حسب سابق اساتذہ کوان کے اپنے ہی اسکول میں ڈیوٹی پر مامور کرے۔ 
دھولیہ میں اسی مطالبہ کیلئے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کی تنظیم نے رکن پارلیمان سبھاش بھامرے کی قیادت میں کلکٹر کے دفتر پہنچ کر احتجاج کیا۔ ساتھ ہی کلکٹر کو میمورنڈم دے کر اس فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست کی۔ ضلع سیکنڈری، ہائر سیکنڈری ٹیچنگ نان ٹیچنگ سنگھٹنا کے صدر بھاگوت پاٹل نے ضلع کلکٹر ابھینؤ گوئل سے کہا کہ ایجوکیشن بورڈ نقل سے پاک اور شفاف امتحانات کیلئے جو بھی اقدامات کرے گا ہماری تنظیم اسکی حمایت کرتی ہے لیکن اساتذہ کو سپروائزنگ کیلئے دیگر اسکولوں میں بھیجنے سے نہ صرف انہیں پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ امتحانات سے متعلق سرگرمیوں میں بھی رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔ 
 تنظیم کے ایک اور کارکن مہیش مولے نے اس جانب توجہ دلائی کے بورڈ امتحانات کے دوران اسکول جاری رہتے ہیں۔ دیگر کلاسیس کی پڑھائی ہوتی رہتی ہے۔ ایسی صورت میں ٹیچرس کو دیگر اسکولوں میں سپروائزنگ کیلئے بھیجا جانا ہرگز مناسب نہیں ہے۔ یہ انتظامیہ کا یہ فیصلہ اساتذہ کو ہراساں کرنے والا ہے۔ 
ضلع کلکٹر نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ ایجوکیشن بورڈ کی گائیڈ لائن کے مطابق اس معاملے کو حل کرنے کیلئے جو بھی راستہ ہوگا، اس کے تحت ٹیچروں کا مطالبہ پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ دھولیہ مالیگائوں پارلیمانی حلقے کے نمائندے سبھاش بھامرے نے ضلع کلکٹر سے سفارش کی کہ وہ جلد از جلد اساتذہ کی مشکلوں کودور کرنے کیلئے ٹھوس قدم اٹھائیں۔ اس ضمن میں ضلع سیکنڈری، ہائی سیکنڈری ایجوکیشن آفیسر کو بھی مکتوب پیش کیا گیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK