Inquilab Logo

اگنی پتھ کیخلاف اپوزیشن متحد، ملک گیر بند ، ملا جلا اثر

Updated: June 21, 2022, 10:38 AM IST | new Delhi

؍۵۰۰؍ سے زائد ٹرینیں منسوخ،کانگریس کارکنوں کی گرفتاریاں، مودی سرکار مزید کسی رعایت کے موڈ میں نہیں، فوج نے نئی اسکیم کے تحت بھرتی کیلئےنوٹیفکیشن جاری کردیا

Police arrest a Congress worker at the Shivaji Bridge railway station in New Delhi. (Photo: PTI)
نئی دہلی میں پولیس اہلکار شیواجی بریج ریلوے اسٹیشن پر کانگریس کے ایک کارکن کو پکڑ کر لے جاتے ہوئے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

 فوج میں بھرتی کیلئے مودی سرکار کی نئی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف پر تشدد احتجاج کا سلسلہ تھم گیا ہے مگر مظاہرے تھمے نہیں  ہیں۔ پیر کو کانگریس  اور اپوزیشن کی دیگر پارٹیوں  نے  فوج میں بھرتی کی اس نئی اسکیم کے خلاف ملک گیر بند کا نعرہ دیا جس کا ملا جلا اثر نظر آیا۔اس   بیچ کانگریس کے کارکن بطور خاص سڑکوں پر نظر آئے جن کی متعدد مقامات پر گرفتاریاں بھی ہوئیں۔ بہرحال حکومت  جو پر تشدد مظاہروں کے بیچ اگنی پتھ اسکیم کے تحت ۴؍ سال کی ملازمت کے بعد سبکدوش ہونے والوں کو مختلف محکموں میں نوکریاں دینے کا  اعلان کرچکی ہے، مزید کسی  رعایت کے موڈ میں نظر نہیں آرہی ہے۔ اپوزیشن  اور نوجوانوں کے احتجاج کے بیچ پیر کو فوج نے نئی بھرتی اسکیم کے تحت نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ 
بھارت بند سے دہلی میں ٹریفک جام
 بھارت بند   کے دوران دہلی میں کانگریس  کے کارکن سرگرم نظر آئے۔ یوتھ کانگریس کے کارکنوں نے دہلی کے تلک برج ریلوے اسٹیشن پر ٹرین روک کر احتجاج کیا۔ اس دوران پولیس نے انہیں وہاں سے ہٹانے کیلئے طاقت کا استعمال کیا اور کئی کارکنوں کو حراست میں بھی  لیا۔اس کے علاوہ ’تاناشاہی نہیں چلے گی‘ کے نعروں کے ساتھ کئی کانگریس کارکنان کناٹ پلیس کے آؤٹر سرکل پر بیٹھ گئے اور اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کیا۔اس کی بنا پر کئی کلومیٹر جام لگ گیا۔ دہلی گڑگاؤں سرحد  پر بھی ٹریفک بری طرح جام رہا جہاں  دہلی پولیس نے گاڑیا ں  روک روک کر تلاشی لی۔ 
’دہلی چلو ‘ نعرہ کے خلاف یوپی پولیس کی سختی
   پیر کو بھارت بند کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر   ’’دہلی چلو‘‘کا پیغام بھی گشت کررہاتھا۔ بھارت بند  اور دہلی چلو کے نعرے کے پیش نظر  پورے ملک میں  پولیس  الرٹ رہی تاہم یوپی میں  پولیس نے  غیر معمولی سختی کا مظاہرہ کیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونےوا لے ایک ویڈیو میں ایک محلے میں   پولیس   اہلکاروں کو یہ اعلان کرتے ہوئے بھی سنا جاسکتا ہے کہ اگر نوجوان گھروں سے باہر نکلے توان کی گرفتاری ہوسکتی ہے۔ بہرحال ویڈیو کی تصدیق نہیں ہوسکی  ہے۔اس کے علاوہ دہلی سے متصل یوپی کے ضلع گوتم بدھ نظر میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ کر دی گئی ساتھ ہی دہلی یوپی سرحد پر پولیس کی تعیناتی بڑھا دی گئی تھی۔ گوتم بدھ نگر میں یوتھ کانگریس کے ضلعی صدر پرشوتم اور شہر کے صدر رام کمار تنور کو گھر پر ہی نظر بند کردیاگیاتھا۔  بتایا جارہا ہے کہ یہ دونوں  لیڈرا پنے حامیوں کے ساتھ  دہلی جانا چاہتے تھے۔
 بہار میں انٹرنیٹ بند
   بھارت بند کو بے اثر کرنے کیلئے ملک کی  کئی ریاستوں میں سیکوریٹی  انتہائی سخت رہی۔اس دوران  بہارکے ۲۰؍ اضلاع میں  انٹرنیٹ بند کر دیا گیا جبکہ  دہلی سے متصل اتر پردیش کے  نوئیڈا سمیت کئی اضلاع میں دفعہ ۱۴۴؍ نافذ رہی ۔پٹنہ کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر چندر شیکھر سنگھ نے بتایا کہ  بھارت بند کے پیش نظر تمام ضروری اقدامات کر لئے  گئے تھے جس کی بنا پر بند کا اثر نظر نہیں آیا۔ انتظامیہ نے پہلے ہی  انتباہ جاری کردیاتھا کہ اگر کوئی بند کے دوران توڑ پھوڑ کرتا ہے یا سرکاری املاک کو نقصان پہنچاتا ہے تواس کے خلاف سخت کارورائی کی جائےگی۔  اُدھر پنجاب میں قومی شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کرنے کے معاملے میں جالندھر پولیس  نے نامعلوم افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ 
 بند کی بنا پر۵۳۰؍ ٹرینیں منسوخ
 اگنی پتھ اسکیم کے خلاف احتجاج کے دوران  سب سے زیادہ نقصان ہندوستانی ریلویز کا ہوا ہے  جس نے بھارت بند کے اعلان کے بعد احتیاطی اقدام  کے طور پر کم از کم ۵۳۰؍ ٹرینیں  منسوخ  کر دیں  ۔ان  میں ۱۸۱؍ میل اور ایکسپریس ٹرینیں جبکہ ۳۴۸؍ پسنجر ٹرینیں تھیں۔ اکیلے بہار میں ۳۵۰؍ ٹرینیں منسوخ کی گئیں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK