Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیراعظم مودی کے بہار دورے پر اپوزیشن کے لفظی حملے

Updated: July 18, 2025, 10:48 PM IST | Patna

سب کچھ گجرات لے گئے، بہار کو صرف جملے دینے آتے ہیں:آرجے ڈی ۔این ڈی اے حکومت نے بہار کو بربادی کے دہانے پر پہنچادیا ہے:کانگریس

Prime Minister Modi, Chief Minister Nitish Kumar, Lallan Singh and Chirag Paswan were present at the inaugural meeting held in Motihari.
موتیہاری میں منعقدہ افتتاحی جلسے میں وزیراعظم مودی، وزیراعلیٰ نتیش کمار،للن سنگھ اور چراغ پاسوان

 وزیراعظم نریندر مودی کے بہار دورے پر کئے جانے والے خطاب اور اس میں اپوزیشن پرکی جانے والی تنقید پر حزب مخالف کی اہم سیاسی پارٹیوں کانگریس اور آرجے ڈی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ بہار کانگریس نے جمعہ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس(ٹویٹر) پر کئی پوسٹس کے ذریعے وزیراعظم کے بیان پر شدید تنقید کی ۔ 
 کانگریس لیڈر سپریہ شرینیت کے ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے سوال قائم کیا گیا کہ ’’ نریندر مودی الیکشن کے پہلے فیتہ کاٹنے بہار پہنچے، ۳۵؍ منٹ کی تقریر بھی کی ۔ لیکن کیا انہوں نے دن دہاڑے ہوتے قتل پر کچھ کہا ؟ کیا انہوں نے دھڑلے سے بڑھ رہی بدامنی اور جرائم پر کچھ کہا؟ کیا وہ برباد ہوتے لاء اینڈ آرڈر پر کچھ کہہ پائے؟ کیا انہوں نے کسانوں کو اپرادھی کہے جانے کی مخالفت کی ؟ کیا وہ بے شرمی  سے ہونے والی ووٹ چوری پر کچھ بولے؟ ہر سوال کا جواب نہیں ہے، کیونکہ یہ سب کہنے کیلئے ہمت اور اخلاقیات چاہئے، جس سے مودی جی کا دور تک واسطہ نہیں۔‘‘ بہار کانگریس کے صدر راجیش کمار نے ایکس پوسٹ میں کہا کہ’’ جے ڈی یو-بی جے پی کے اقتدار کی سرپرستی میں بہار کو بربادی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیاگیا۔ بے تحاشہ ہجرت، بے انتہا غریبی اور بے شمار جرائم۔ مودی جی یہی آپ کی سرکار کی دین ہے۔‘‘
 راشٹریہ جنتادل (آرجے ڈی)کے  لیڈر اور سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو نے ایکس پر وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے پوسٹ کیا کہ ’’پردھان منتری جی ، حسب وعدہ بہار میں ایک چینی مل تک نہیں کھلواسکے ہیں، باقی کاروباروں کی تو امید ہی فضول ہے۔ سب کچھ تو وزیراعظم جی گجرات لے گئے، بہار کو تو صرف جملے دینے آتے ہیں۔‘‘تیجسوی نےایک دیگر پوسٹ میں لکھا کہ ’’ کل ۷؍ قتل ، آج پھر کئی قتل ۔ بقول بہار پولیس بہار میں خونی موسم ! وزیراعظم کے منہ سے آج موتیہاری ریلی میں جنگل راج کا لفظ تک نہیں نکلا۔ کیا وزیراعظم بھی مجرموں سے ڈرگئے؟‘‘ خیال رہے کہ تیجسوی نے وزیراعظم کی بہار آمد سے قبل ہی     تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس بار مودی  اپنے جملوں کی ایسی موسلا دھار بارش کریں گے کہ اندر دیوتا(بارش کے دیوتا) بھی شرما جائیں گے۔‘‘ یادو نے جمعہ کو ایکس پردعویٰ کیا کہ کہ وزیراعظم یہ ممکنہ ۱۱؍نکاتی پر بات کریں گے۔ تیجسوی نے لکھا کہ ’’سب سے پہلے، وزیر اعظم  آج  ’ساون میں مٹن پارٹی‘ کرنے والے لیڈروں کو موتیہاری میں اسٹیج پر  اعزاز دے کر  خود پر فخر محسوس کریں گے اور اپنے پروچنوں کا دوہرا پن متعارف کرائیں گے۔پھر بہار میں بڑھتے جرائم اور بے قابو حکمرانی کے باوجود وہ  اپنی زبان سے بہار کو نمبر ون قرار دیں گے۔ نومبر تک وہ سلگتے ہوئے امور کے بجائے خیالی ہولناکیوں پر بات کریں گے۔  مودی یہ اعلان نہیں کریں گے کہ انتخابات کے بعد بھی نتیش کمار این ڈی اے کے وزیر اعلیٰ ہوں گے یا نہیں۔ وہ  بہار جیسی غریب ریاست کے۱۰۰؍ کروڑ روپے  اپنی ریلی  پر خرچ کرکے  چند گھنٹوں میں واپس دہلی  اُڑ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی وہی پرانے اعلانات کو ٹیلی پرامپٹر دیکھ کر اداکاری کے ساتھ پڑھیں گے۔

patna bihar Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK