Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہارمیں اسمبلی کے مانسون اجلاس کاآغاز

Updated: July 22, 2025, 1:06 PM IST | Javed Akhtar | Patna

ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کےعمل ، جرائم اور دیگر مسائل کیخلاف احتجاج، ۵۷؍ ہزار ۹۴۶؍کروڑ روپے مالیاتی امداد کا پہلا ضمنی بجٹ پیش۔

Congress MLAs protest on the first day of the Bihar Assembly session on Monday. Photo: PTI
پیر کو بہار اسمبلی اجلاس کے پہلے دن کانگریس کے اراکین اسمبلی احتجاج کرتےہوئے۔  تصویر :پی ٹی آئی

پیر کو بہار اسمبلی کا مانسون اجلاس شروع ہوا۔ ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن لیڈروںنے ہنگامہ اور نعرے بازی شروع کردی۔ اپوزیشن پارٹیوں کے ارکان اسمبلی سیاہ پٹی باندھ کر پہنچے تھے۔ اپوزیشن کے اراکین ریاست میںجاری ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کےعمل ، جرائم اور دیگر مسائل کے خلاف احتجاج کررہے تھے۔ اسمبلی اسپیکر نند کشوریادو نے بار بار خاموش رہنے اور اپنی سیٹوں پر بیٹھنے کو کہا۔ اس کے باوجوداپوزیشن کا ہنگامہ جاری رہا۔ اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی کے بعد ایوان کی کارروائی منگل کی صبح گیارہ بجے تک کےلئےملتوی کر دی گئی۔اس طرح پیر کوبہار قانون ساز اسمبلی کے مانسون اجلاس کے پہلے دن ایوان بمشکل۱۵؍ منٹ ہی چل پایا ۔ اس میں ۵۷؍ ہزار ۹۴۶؍کروڑ روپے مالیاتی امداد کا پہلا ضمنی بجٹ پیش کیا گیا۔
 ادھر بہار اسمبلی کے باہر کانگریس ، آرجے ڈی اور بائیںبازو کی پارٹیوںکے ارکان اسمبلی نے ووٹرلسٹ کی نظر ثانی ، ریاست میں بڑھتے جرائم اور غنڈہ راج اور بی جےپی لیڈر جیویش مشرا کی نقلی دوا کے معاملے کو اٹھایا۔’چناؤ چور گدی چھوڑ‘ ،’ ووٹرلسٹ بہانہ ہے، مقصد ووٹ بندی کو لاناہے‘، ’کرائم کنٹرول نہیں تو کسان ذمہ دار ،یہی ہے ڈبل انجن کی سرکار‘ اور آئین بچاؤ ،جمہوریت بچاؤ ‘جیسے نعرے  لگائے گئے۔
 قابل ذکر ہےکہ بائیں بازو کے سبھی اراکین اسمبلی ایک ساتھ ہاتھوںپر سیاہ پٹی باندھ کر اسمبلی میںداخل ہوئے۔ ان میں سے کئی اراکین اسمبلی سیاہ کرتے میں ملبوس تھے۔ یہ سبھی اراکین اسمبلی ریاست میںجاری ووٹر لسٹ کی خصوصی نظر ثانی کےعمل کےخلاف احتجاج کررہے تھے۔ انہوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ نظر ثانی کے بہانے حکومت این آرسی نافذ کررہی ہے۔
 اس موقع پرکانگریس کےرکن اسمبلی شکیل احمد خان نےکہا کہ بہارکےلوگوں کو کوئی تحفظ نہیں اور نہ ہی ان کے لئےحفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ ریاست میں تاجروں کا قتل ہورہاہےاور اسپتال میں بھی قتل ہورہاہے۔ بہار حکومت کے پاس اس کا کوئی جواب نہیں ہےاور ایوان میں بھی جواب ملنے کی امید نہیںہے۔ کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے بہار حکومت میں وزیر اور بی جے پی لیڈر جیویش مشرا کے خلاف دوا کی مالا پہن کر احتجاج کیا اور جیویش مشرا کےاستعفیٰ کا مطالبہ کیااورریاست میں بڑھتے جرائم  او ر بگڑتے نظم و نسق کےخلاف احتجاج کیا ۔ آرجے ڈی کے اراکین اسمبلی نے ہاتھوں میں تختیاں لے کر مظاہرہ کیا۔ ان تختیوں پر لکھا تھا، ’بہار میں غنڈہ راج یا مہاجنگل راج ،جرائم پیشوں کی بہار ہے ، نتیش سرکار ہے۔‘
 اسمبلی کے مانسون اجلاس کے بعد سینٹرل ہال میں این ڈی اے کی میٹنگ ہوئی، جس میں  خوب ہنگامہ ہوا۔ اس میٹنگ میں نائب وزیر اعلیٰ وجے سنہا اور وزیر اشوک چودھری کے درمیان خوب نوک جھونک ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے سامنے ہی وجے سنہا نے اشوک چودھری کوپھٹکا رلگائی ۔محکمہ دیہی امور کے پروگرام میں مقامی ایم ایل کو نہیں بلائے جانے پر وجے سنہا نے اشوک چودھری پرناراضگی کا اظہار کیا اوریہاںتک کہہ دیا کہ اتحادکے اصول پر یکطرفہ عمل نہیں بلکہ سبھی اتحادیوں کو اس پرعمل کرناہوگا۔اس میٹنگ میں پرہلاد یادو کا معاملہ بھی وجے سنہا نے اٹھایا ۔ وجے سنہا نے کہا کہ پرہلاد یادو نے حکومت بنانے میں اپنی حمایت دی تھی ۔ دیہی امور کے محکمہ میں گلوبل ٹینڈرنگ کے معاملے پر بھی اراکین اسمبلی نے اعتراض کیا۔ بی جے پی رکن اسمبلی گیانندرسنگھ گیانو سمیت کئی دیگر اراکین اسمبلی نے گلوبل ٹینڈرنگ کے تعلق سےاشوک چودھری کو نشانہ بنایا۔ انہوںنے کہا کہ گلوبل ٹینڈرنگ سے انتخابات میں نقصان ہوگا۔ اسمبلی سیکریٹریٹ سے موصولہ اطلاع کے مطابق مانسون اجلاس کی کل ۵؍ میٹنگ طے کی گئی ہے۔ اس اجلاس کے دوران سوال و جواب کی مدت، مالیاتی کام، غیر سرکاری قراردادیں اور دیگر اہم قانون سازی کے کام نمٹائے جائیں گے۔ نتیش حکومت اس مانسون اجلاس میں تقریباً ۱۲؍بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔یہ وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی قیادت والی موجودہ حکومت کا آخری اسمبلی اجلاس ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK