راجستھان میں ہوئے اسکول حادثہ کے پیش نظر مہاراشٹر کے وزیر نے خستہ حال عمارتوں کی فوری مرمت کی ہدایت دی۔
EPAPER
Updated: July 27, 2025, 9:49 AM IST | Saadat Khan | Mumbai
راجستھان میں ہوئے اسکول حادثہ کے پیش نظر مہاراشٹر کے وزیر نے خستہ حال عمارتوں کی فوری مرمت کی ہدایت دی۔
راجستھان میں ایک اسکول عمارت کےجزوی حصہ کے منہدم ہونے سے ۴؍ طالب علموں کی درد ناک موت کی اطلاع پرمہاراشٹر کےوزیر پنکج بھوئیر نےہنگامی اعلیٰ سطی میٹنگ طلب کر کےمتعلقہ افسران کوممبئی سمیت ریاست کے سبھی سرکاری اسکول کی عمارتوں کی سیفٹی آڈٹ کروانے کا حکم جاری کیا ہے۔ خستہ حال عمارتوں کی فوری مرمت اور طلبہ کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات پر عمل کرنےکی ہدایت بھی دی ہے۔
واضح رہے کہ راجستھان کے جھالاواڑ ضلع کے گاؤں پپلوڈی میں ایک سرکاری اسکول کی عمارت گرنے سے ۴؍ طالب علم کی موت واقع ہوئی ہے۔ یہ خوفناک حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیا۔ اس پس منظر میں مہاراشٹر حکومت نے ریاست میں طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے ہیں۔ ریاست کے وزیر پنکج بھوئیر نے گزشتہ روزایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں کا سیفٹی آڈٹ کرنے اور خطرناک عمارتوں کو فوری فنڈ فراہم کرنے کی ہدایت دی ہے۔
میٹنگ میں وزیر پنکج بھوئیر نے ریاست میں اسکولوں کی حفاظت کے سلسلے میں کچھ اہم اور فوری ہدایات دی ہیں۔ ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں کے عمارتوں کا سیفٹی آڈٹ کرواکر اس کی رپورٹ پیش کرنے، آڈٹ میں خطرناک پائے جانے والی اسکولوں کی عمارتوں کی مرمت اور دیکھ بھال کیلئے فوری طور پر فنڈ جاری کرنے کابھی حکم دیاہے۔ یہ بھی ہدایت دی ہےکہ محکمہ تعلیم اس بات کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کرے کہ طلبہ کے تحفظ کوکسی بھی صورت میں خطرہ لاحق نہ ہو۔
اس فیصلے سے ریاست کے ہزاروں طلبہ کے والدین کو بڑی راحت ملنے کا امکان ہے۔ مانسون کے دوران اسکولوں کی خطرناک عمارتوں کا معاملہ ایک بار پھر کھل کر سامنے آیا ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرپنکج بھوئیر نے کہا’’طلبہ کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ راجستھان میں پیش آنے والا واقعہ بہت تکلیف دہ ہے اور ہم اس سے سبق لےکر بعد حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں۔ ‘‘ انہوں نے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن احتیاط برتیں کہ مہاراشٹر میں راجستھان جیسا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔