Inquilab Logo

حج ہاؤس کوچنگ سینٹر کے۲۸؍طلبہ کو متبادل نظم کرنے کا حکم

Updated: January 06, 2022, 9:08 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

ایک وفد نےطلبہ کو مزید موقع دینے کا مطالبہ کیا،سی ای او نے نئے بیچ کا حوالہ دیا

During student coaching
اسٹوڈنٹس کوچنگ کے دوران

حج ہاؤس میں کئی برس سے جاری کوچنگ سینٹر میں متعدد طلباء نے تربیت حاصل کرکے کامیابی کی منزلیں طے کیں، اور وہ ملک کے مختلف حصوں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان دنوں یہاں زیر تعلیم۲۸؍طلباء کو حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او کے جانب سے یہ حکم‌ دیا گیا ہے کہ وہ حج ہاؤس میں رہ کر امتحان کے لئے مزید تیاری کرنے کے بجائے کوئی متبادل نظم کرلیں۔ اس حکم  سے طلبہ پریشان ہوگئے ہیں کیونکہ جون میں ان کا‌ امتحان ہے اوروہ چند ماہ کے لئے کہاں جائیں گے ‌۔طلبہ کی انہی پریشانیوں کے پیش نظر سابق رکن اسمبلی بشیر پٹیل کے ہمراہ ایک وفد نے سی ای او یعقوب شیخا سے ملاقات کی اورطلبہ کو مزیدموقع دینے کامطالبہ کیا۔ اس پر سی ای او نے وفد کو مثبت یقین دہانی کروائی۔ حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای او یعقوب شیخا سے نمائندہ انقلاب نے اس مسئلہ پر بات چیت کی کہ آخر طلبہ کو نکالے جانے کی کیا وجہ ہے، تو انہوں نے بتایا کہ دراصل نیا بیچ۱۵؍ جنوری تک آنے والا ہے اور اس میں۵۰؍ طلبہ حج کمیٹی کی جانب سے منتخب کیے جانے والے ہیں اور۵۰؍مرکزی وقف بورڈ کے ذریعے تربیت پانے والے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ۵۵؍ طلبہ  میں سے۳۰؍ حج کمیٹی کے ہیں اور بقیہ۲۵؍ مختلف ریاستوں سے آکر حج ہاؤس سے مینس امتحان کی تیاری کرنے والے ہیں۔جہاں تک۲۸؍ طلبہ کو حج ہاؤس سے جانےکیلئے جاری کئے گئے حکم‌ نامے کی بات ہے تو یہ صحیح ہے اور اس کی وجہ یہ ہے کہ اگر ناکام ہونے والے طلبہ ہی کئی کئی برس قیام کرکے تربیت حاصل کرتے رہیں گے تو نئے امیدواروں کو   موقع کیسے ملے گا۔ جہاں تک کامیاب ہونے والے طلبہ کی بات ہے ان کی اخیر تک رہنمائی کی جاتی ہے اور آئندہ بھی کی جائے گی۔ سی ای او یعقوب شیخا کے مطابق جو فیصلہ کیا گیا ہے وہ ضابطے کے مطابق کیا گیا ہے تاکہ نئے بچوں کو موقع‌ مل سکے لیکن ایسا بھی نہیں ہے کہ جن طلبہ کو جانے کے لئے کہا گیا ہے وہ امتحان نہیں دے سکیں گے بلکہ وہ کسی‌ اور جگہ جاکر‌ تیاری کرکے امتحان دے سکیں گے۔

hajj house Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK