Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرایہ کی ادائیگی نہ کرنے والے بلڈروں کے پروجیکٹ کو روکنے کا حکم

Updated: October 01, 2023, 10:11 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai

ہائی کورٹ نے ایس آر اے اتھاریٹی کو ٹھوس قدم اٹھانے اور بلڈر سے مکینوں کیلئے ۲؍ سال کا کرایہ وصول کرنے کا حکم دیا

Bombay High Court. Photo. INN
بامبے ہائی کورٹ۔ تصویر:آئی این این

ایس آر اے کے تحت تعمیر کی جانے والی عمارتوں اور چال میں رہنے والے مکینوں کو متبادل مکان کیلئے بلڈر ا اور ڈیولپرس کے ذریعہ کرایہ کی ادائیگی نہ کرنے پر داخل کی گئی عرضداشت پر شنوائی کے دوران کورٹ نے سلم ری ہیبیلیشن اتھاریٹی ( ایس آر اے) انتظامیہ کو بلڈروں کے خلاف سخت اور ٹھوس قدم اٹھانے کی ہدایت دی ہے۔ کورٹ نے کرایہ کی ادائیگی نہ کرنے والے بلڈروں کے پروجیکٹ کو روکنے اور نیا پروجیکٹ نہ دینے کے بھی احکامات جاری کئے ہیں۔
اس ضمن میں ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران کورٹ نے کورٹ کمشنر کمیٹی بنانے کا حکم دیا تھا اور ایس آر اے اتھاریٹی کی جانب سے مکینوں کو کرایہ ادا کرنے پر تعمیرات کا کام روکنے کے سلسلہ میں جاری کردہ سرکیولر کا جائزہ لے کر رپورٹ داخل کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔ گزشتہ روز کو اس ضمن میں ہونے والی شنوائی کے دوران ۲؍ ایڈوکیٹ نوڈل کمشنر نے اپنی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ایس آر اے اتھاریٹی کے جاری کردہ نوٹس کے بعد بلڈر اینڈ ڈیولپرس نےجن تجارتی عمارتوں میں تعمیرات کا کام جاری رکھا تھا ، اسے روک دیا ہے ۔ وہیں کورٹ کمشنر نے ایس آر اے کے تحت جن مکینوں کو متبادل مکان کے سلسلہ میں کرایہ نہیں دیا گیا ہے اس تعلق سے کوئی واضح بات نہیں بتائی تھی۔
اس پر بامبے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دیویندر اپادھیائے اور جسٹس عارف ڈاکٹر نے نوڈل افسران کی رپورٹ کو خارج کر دیا اور اسے ناقص قرار دیتے ہوئے نئے سرے سے ٹھوس رپورٹ حلف نامہ کی شکل میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ ساتھ ہی ایس آر اتھاریٹی کو اس ضمن میں ٹھوس اور سخت قدم اٹھانے کی ہدایت دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ ’’اہل مکینوں کو متبادل مکان میں رہنے کا کرایہ ادا نہیں کیا جارہا ہے ، انہیں کرایہ دلانے کے انتظامات کئے جائیں اوران بلڈروں کے نہ صرف تعمیراتی کام کو روک دیا جائے بلکہ انہیں ایس آر اے کے تحت دیگر پروجیکٹ بھی نہ دیا جائے ۔ یہی نہیں کورٹ نے متاثرہ مکینوں کو کرایہ دینے کے تعلق سے ایس آر اے اتھاریٹی کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ بلڈر اینڈ ڈیولپرس سے ۲؍ سال کا پیشگی کرایہ وصول کرے ۔ ساتھ ہی چیف جسٹس نے ایس آر اے اتھاریٹی کو اس ضمن میں ۳؍ ہفتہ میں حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دینے کے ساتھ وکیل ریبیکا گونزالویس کو کورٹ کا صلاح کار و مدد گار مقرر کرتے ہوئے یکم نومبر کو اس ضمن میں ہونے والی شنوائی کے دوران مذکورہ بالا معاملہ کی واضح تصویر پیش کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK