• Tue, 15 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ہماری پڑھائی کا نقصان ہورہا ہے،برائے مہربانی سڑکوں کی مرمت کروا دیں‘‘

Updated: October 01, 2024, 11:14 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai

طالب علم نے بھیونڈی واڈ ا روڈ کی خستہ حالی کا ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے فوری مرمت کی درخواست

A student worried about the delay in reaching school due to the dilapidated road has made a video that has gone viral
خستہ حال سڑک کی وجہ سے اسکول پہنچنے میں ہونے والی تاخیر سے پریشان طالب علم نے ویڈیو بناکر وائرل کیا ہے

 بھیونڈی واڈاروڈکو اسٹیٹ ہائی وے کا درجہ دیا گیا ہےلیکن اس سڑک کی حالت گزشتہ کئی برسوں سے انتہائی خستہ ہے۔ موسم باراں میں سڑک پر بڑے بڑے گڑھوں کی وجہ سے پوری سڑک ہی اکھڑ گئی ہے۔ اس پر سفر انتہائی تکلیف دہ اور خطرناک ہوگیا ہے۔ سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث اسکول جانے والے طلبہ کو سب سے زیادہ پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ سڑک کے گڑھوں سے پریشان ایک طالب علم نے خستہ حال  سڑک کے درمیان کھڑے ہوکر ایک ویڈیوبنایا ہے۔اس ویڈیو کے ذریعے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے سے سڑک کی فوری مرمت کرنے کی درخواست کی ہے۔ 
 ویڈیو میں طالب علم نے بتایا کہ بھیونڈی واڈا روڈ چھوٹے بڑے گڑھوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ ان گڑھوں کے باعث ہمیں اکثر اسکول پہنچنے میں دیر ہو جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے ہماری تعلیم کا  بہت نقصان ہو رہا ہے۔طالب علم نے اپنے  تعلیمی نقصان کو روکنے کیلئے وزیر اعلیٰ سے سڑک کی فوری اور بہترمرمت کا مطالبہ کیا ہے۔ اسکولی طالب علم تنیش پوار کا یہ ویڈیوشہر اور مضافات میں موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ فی الحال یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔
 معلوم ہو کہ ممبئی ناسک قومی شاہراہ  نمبر ۳؍ سے آکر ممبئی احمد آباد قومی شاہراہ  پر جانے والی بڑی اور بھاری گاڑیاں بھیونڈی واڈا روڈ اسٹیٹ ہائی وے سے گزرتی ہے۔ اس کی وجہ سے اس شاہراہ پر بڑی گاڑیوںکی آمدورفت ہمہ وقت جاری رہتی ہے۔وہیں سڑک کی مرمت کرنے والے ٹھیکیداروںکی بدعنوانی اورغفلت کے باعث گزشتہ کئی ماہ  سے سڑک کی حالت ابتر ہے۔ اس سڑک کی مرمت کیلئے امباڑی کے قریب مقامی شہریوں نے احتجاج بھی کیا تھا۔ احتجاج کے بعد ٹھیکیدار کی جانب سے سڑکوں کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا گیا لیکن ناقص تعمیراتی اشیاء کے استعمال کی وجہ سے سڑک کی حالت پہلے جیسے ہی ہو گئی ہے جس کی وجہ سے اس سڑک سے گزرنے والے طلبہ ، نوکری پیشہ افراد ،مزدور،مقامی افراداور دیگر مسافروں سمیت ڈرائیوروں   کو شدید پریشانیوںکا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

bhiwandi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK