• Fri, 23 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ہمارے ۴ ؍کارپوریٹروں کو قید کرکے رکھا گیا ہے‘‘

Updated: January 23, 2026, 7:43 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Mumbai

شیوسینا (ادھوٹھاکرے) کا سنگین الزام ، متنبہ کیا کہ اگر انہیں میڈیا کے سامنے نہ لایا گیا تو پولیس میں گمشدگی کی شکایت درج کرائیں گے

Shiv Sena (Uddhav Thackeray) Kalyan-Dombivali district president Alpesh Bhoyar and other office bearers
شیوسینا (ادھوٹھاکرے) کےکلیان ڈومبیولی ضلع صدر الپیش بھوئیر اور دیگر عہدیداران

 کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن (کے ڈی ایم سی) انتخابات کے بعد بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے دوران شیو سینا (ادھو ٹھاکرے)   نے انتخابی نتائج کے فوراً بعد لاپتہ ہونے والے اپنے ۴؍ کارپوریٹروں کے تعلق سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کے مطابق یہ چاروں کارپوریٹرس مسلسل رابطہ برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تاہم اطلاعات کے مطابق اس وقت وہ شندے گروپ اور مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس) سے وابستہ افراد کی نگرانی میں ہیں۔ شیو سینا کے ضلع سربراہ الپیش بھویئر نے متنبہ کیا کہ اگر انہیں آج کے دن میڈیا کے سامنے پیش نہیں کیا گیا تو پولیس اسٹیشن میں ان کے لاپتہ ہونے کی باضابطہ شکایت درج کرائی جائے گی۔
 تفصیلات کے مطابق شیو سینا ( ادھو ٹھاکرے) کے ضلع صدر الپیش بھوئیر نے جمعرات کو ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ان کی پارٹی   کے چاروں کارپوریٹرس الیکشن جیتنے کے دوسرے ہی دن سے پراسرار طور پر غائب ہیں۔ انہوں نے براہ راست شندے گروپ اور مہاراشٹرنونرمان سینا (ایم این ایس) کے عہدیداروں پر انگلی اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’’ہمارے کارپوریٹرس کو ان کی مرضی کے خلاف خفیہ مقام پر رکھا گیا ہے۔ اگرچہ وہ ہم سے رابطے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں سامنے آنے سے روکا جا رہا ہے۔‘‘ضلعی صدر نے میڈیا کو بتایا کہ لاپتہ  کارپوریٹروں نے فون پر اپنی بپتا سناتے ہوئے پارٹی قیادت کو مطلع کیا ہے کہ وہ شدید دباؤ میں ہیں۔  انہوںنے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ’’ہماری پارٹی کا شندے گروپ یا منسے  (ایم این ایس)کے ساتھ کسی بھی قسم کے سیاسی اتحاد یا ڈیل کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ یہ کارپوریٹرس ادھو صاحب کے وفادار ہیں اور انہیں زبردستی ہم سے دور رکھا جا رہا  ہے۔‘‘شیو سینا (ادھو ٹھاکرے) نے انتظامیہ اور مخالفین کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اگر آج شام تک ان چاروں کارپوریٹروں کو میڈیا کے سامنے لا کر ان کا موقف واضح نہیں کیا گیا تو پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی۔‘‘
  الپیش بھوئیر کے مطابق وہ اس معاملے میں کمشنر آف پولیس  ، ڈی سی پی اور متعلقہ پولیس اسٹیشن میں باضابطہ طور پر گمشدگی کی رپورٹ اور اغوا کی شکایت درج کرائیں گے۔خبر لکھے جانے تک شیوسینا( ادھو)کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں شکایت در ج نہیں کرائی گئی تھی۔ 
 دوسری جانب میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کے ساتھ رہنا تو ممکن ہے لیکن اس کے دباؤ اور کنٹرول میں رہنا اب قابل قبول نہیں ،یہ واضح موقف اختیار کرتے ہوئے شیوسینا (شندے) نے فیصلہ کیا ہے کہ کسی بھی صورت میں شیو سینا کے عددی طاقت کو ۶۲ ؍تک پہنچانا ضروری ہے۔ اسی  کے تحت ادھو ٹھاکرے گروپ کے باقی ماندہ کارپوریٹروں کو توڑنے کیلئے   سیاسی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ان کارپوریٹروں کو ٹھاکرے گروپ نے کل سے شہر کے مضافاتی علاقے میں واقع ایک کلب میں ٹھہرایا ہوا ہے۔ انہیں اپنے پالے میں لانے کیلئے شیو سینا (شندے) کی ایک بڑی ٹیم گزشتہ رات ہی روانہ ہو چکی ہے۔

kalyan Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK