Inquilab Logo Happiest Places to Work

اویسی کا بہار میں انڈیا اتحاد سے جڑنے کا اشارہ

Updated: June 30, 2025, 11:46 AM IST | Agency | Hyderabad

ایم آئی ایم سربراہ نے کہا کہ ان کی پارٹی کا مقصد بہار میں این ڈی اے کوروکنا ہے۔

Asaduddin Owaisi. Photo: INN
اسدالدین اویسی۔ تصویر: آئی این این

 مجلس اتحادالمسلمین (ایم آئی ایم ) کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی نے بہار میں انڈیا اتحاد میں شامل ہونے کا اشارہ دیا ہے۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی بہار میں مہا گٹھ بندھن کے لیڈروں کےساتھ رابطے میں ہے اور ان کامقصد آئندہ انتخابات میں بہار میں این ڈی اے کو اقتدار میں آنے سے روکنا ہے۔
  واضح رہےکہ اویسی کی پارٹی آل انڈیا اتحاد المسلمین کی بہار کے ضلع سیمانچل علاقے میں مضبوط پوزیشن ہےمگر پارٹی کو ۲۰۲۲ء میں اس وقت بڑا جھٹکا لگاتھا جب پارٹی کے ۵؍ میں سے ۴؍ اراکین اسمبلی تیجسوی یادو کی آر جے ڈی میں شامل ہو گئے تھے۔ اویسی نے کہا کہ ان کی پارٹی نہ صرف سیمانچل میں بلکہ اس سے باہر بھی امیدوار کھڑے کرے گی۔ اے آئی ایم آئی ایم کے سربراہ اسد الدین اویسی نے اتوار کو کہا کہ ان کی پارٹی نے بہار میں اپوزیشن مہاگٹھ بندھن کے رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے کیونکہ پارٹی کا مقصد این ڈی اے کو آئندہ انتخابات میں اقتدار میں واپس آنے سے روکنا ہے۔اویسی نے کہا کہ اے آئی ایم آئی ایم کے بہار ریاستی صدر اختر الایمان عظیم اتحاد کے لیڈروں سے رابطے میں ہیں جن میں کانگریس، آر جے ڈی اور دیگر پارٹیوں کے لیڈر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ پارٹی نے بہار میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں کے خلاف الیکشن لڑنے میں اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔اویسی نے کہا `ہمارے ریاستی صدر اختر الایمان نے عظیم اتحاد کے کچھ رہنماؤں سے بات کی ہے اور انہوں نے صاف کہہ دیا ہے کہ ہم نہیں چاہتے کہ بہار میں بی جے پی یا این ڈی اے دوبارہ اقتدار میں آئے۔ اب فیصلہ ان سیاسی جماعتوں پر منحصر ہے جو بہار میں این ڈی اے کو اقتدار میں واپس آنے سے روکنا چاہتی ہیں۔ اس سےقبل اویسی نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ کرووٹر لسٹ پر نظر ثانی کی مخالفت کی تھی اور اس پر سوال اٹھائے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK