Inquilab Logo

پاکستان ایئر لائنز کے عملے کا ایک رکن کنیڈا میں فلائٹ لینڈ ہونے کے بعد فرار

Updated: March 01, 2024, 8:23 PM IST | Toronto

پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے عملے کا ایک رکن جبران بلوچ کنیڈا میں فلائٹ لینڈ ہونے کے بعد اپنے ہوٹل سے فرار ہوگیا۔ ہفتے میں اس طرح کا دوسرا واقعہ۔ حکام اسے بہتر مستقبل کیلئے کنیڈا کی شہریت حاصل کرنے کا انوکھا طریقہ قرار دے رہے ہیں۔ اس سا ل ۳؍ پاکستانی فلائٹ اٹینڈنٹس کنیڈا میں اسی طرح فرار ہوچکے ہیں۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

کنیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک پاکستانی فلائٹ اسٹیورڈ فلائٹ لینڈنگ کے بعد فرار ہو گیا۔ آج ایک میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ گزشتہ ہفتے بھی کنیڈا کی شہریت حاصل کرنےکیلئے مبینہ طور پر ایک اور پاکستانی جہاز کے کیبن عملے کا ایک رکن غائب ہو گیا تھا۔ 
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا فلائٹ اسٹیورڈ جبران بلوچ جو جمعرات کو پی آئی اے کی پرواز’پی کے۷۸۲‘ میں فرائض دے رہا تھا، کنیڈا میں پرواز کی و اپسی کے وقت فرائض کی انجام دہی کیلئےآنے میں ناکام رہا۔ 
 جیو نیوز نے خبر دی ہے کہ پی آئی اے کے عملے کی جانب سے اس کے ہوٹل کے کمرے کی تلاشی لینے کے بعد انکشاف ہوا کہ وہ وہاں سےفرار ہو گیا ہے۔ پی آئی اے کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے لاپتہ فلائٹ اٹینڈنٹ کی شناخت اور واقعے کی تصدیق کی۔ 
ترجمان کا کہنا تھا کہ شمالی امریکی ملک میں پاکستانی پرواز کے عملے کے ارکان کے لاپتہ ہونے کے واقعات کو روکنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات ’ناکارہ‘ ثابت ہو رہے ہیں۔ فلیگ کریئر کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فلائٹ عملے کو اپنے پاسپورٹ حکام کو جمع کرانے کا فیصلہ بھی نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ جبران بلوچ مبینہ طور پر شہریت کا دعویٰ کرنے کیلئے کنیڈا میں `لاپتہ ہو گیا ہے۔ یہ واقعہ پی آئی اے کے مزید ایک فلائٹ اٹینڈنٹ کے کنیڈا میں لینڈنگ کے بعد ڈیوٹی کے دوران لاپتہ ہونے کے چند دن بعد پیش آیا ہے۔ 
ڈان اخبار کے مطابق پیر کو کیبن عملہ کی رکن مریم رضا اسلام آباد سے پی آئی اے کی پرواز کے ذریعے ٹورنٹو پہنچی اور کراچی واپسی کی پرواز میں ڈیوٹی کیلئے رپورٹ کرنے میں ناکام رہی۔ حکام کو رضا کی وردی اس کے ہوٹل کے کمرے سے ملی جس میں پی آئی اے کا شکریہ ادا کیا گیا تھا۔ ایئر لائنز کے ترجمان کے مطابق رضا کا معاملہ اس سال اس طرح کا دوسرا معاملہ ہے۔ جبران بلوچ کا معاملہ کنیڈا میں لینڈنگ کے بعد ’’غائب‘‘ ہونے والے پی آئی اے کے فلائٹ اٹینڈنٹ کا تیسرا معاملہ ہے۔ 
واضح رہے کہ پی آئی اے کے مطابق گزشتہ سال کنیڈا پہنچ کر چوری چھپے فرار ہونے والے پی آئی اے کے اسٹیورڈز اور ایئر ہوسٹس کی تعداد چار تھی جبکہ۲۰۲۲ء میں پی آئی اے کے عملے کے چار ارکان کنیڈا پہنچ کر فرار ہو گئے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK