Updated: November 24, 2026, 5:02 PM IST
| Quetta
بلوچستان میں ۱۱؍ میڈیا بیوروز کی بندش اور صحافیوں کی جبری برطرفیوں کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے دو روزہ احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس سے ۱۲۲؍ خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ دوسری جانب فریڈم نیٹ ورک کی سالانہ رپورٹ ۲۰۲۶ء میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں صحافیوں کو اب جسمانی تشدد کے ساتھ ساتھ پی ای سی اے جیسے قوانین کے ذریعے شدید عدالتی و قانونی کارروائیوں کا بھی سامنا ہے۔
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این۔
پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں صحافیوں نے ۱۱؍ میڈیا بیوروز کی بندش اور میڈیا کارکنوں کی بڑے پیمانے پر برطرفیوں کے خلاف دو روزہ احتجاجی دھرنا دیا ہے۔ پاکستانی اخبار `روزنامہ ڈان‘ کی رپورٹ کے مطابق، یہ احتجاج پیر کو پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کی کال پر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے منعقد کیا گیا۔ اس دھرنے میں صحافیوں اور میڈیا کارکنوں کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران و کارکنان، وکلاء تنظیموں، مزدور یونینز، انسانی حقوق کے کارکنوں اور سول سوسائٹی کے دیگر افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ احتجاجی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سابق پاکستانی سینیٹر نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی نے کہا کہ ۱۱؍ میڈیا بیوروز کی بندش نے ۱۲۲؍ خاندانوں کو ان کے ذریعہ معاش سے محروم کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ۴۰؍ صحافیوں کے قاتلوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں کے لیڈروں، وکلاء اور سول سوسائٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ میڈیا کارکنوں کا بھرپور ساتھ دیں۔مقامی میڈیا کے مطابق، اس سے قبل ۳؍ نومبر کو بھی بلوچستان کے صحافیوں نے ۳؍ نومبر ۲۰۰۷ء کی ایمرجنسی کی یاد میں `یومِ سیاہ منایا تھا اور میڈیا کارکنوں کی جبری برطرفیوں، بلوچستان میں میڈیا بیورو دفاتر کی بندش اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی و تاخیر کے خلاف احتجاج کیا تھا۔ ڈان کے مطابق، پی ایف یو جے کی اپیل پر منعقدہ اس احتجاج میں صحافیوں نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں، پریس کلبوں پر سیاہ پرچم لہرائے اور پاکستان میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز کو اجاگر کرنے کیلئے مظاہرے کئے۔
یہ بھی پڑھئے: پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت تشویشناک، ذاتی معالج نے خبردار کیا
گزشتہ ماہ اسلام آباد میں قائم میڈیا کی نگرانی کرنے والے ایک ادارے نے اکتوبر ۲۰۲۵ءسے اگست ۲۰۲۶ء کے دوران میڈیا اور صحافیوں کے خلاف ہونے والی ۹۷؍ خلاف ورزیوں کا ریکارڈ مرتب کیا تھا۔ ادارے نے کہا کہ ریکارڈ شدہ خلاف ورزیوں کی تعداد میں کمی کے باوجود ۲۶-۲۰۲۵ء کے دوران پاکستان صحافت اور میڈیا کارکنوں کیلئے ایک انتہائی ناموافق ماحول بنا رہا۔ فریڈم نیٹ ورک کی تازہ ترین سالانہ امپیونٹی رپورٹ ۲۰۲۶ء ، جس کا عنوان ’’تشدد سے قانونی جنگ تک: صحافیوں کیلئے عدالتی عمل بطور سزا‘‘ ہے، میں کہا گیا ہے کہ اس عرصے کے دوران میڈیا اہلکاروں کے خلاف ملک بھر میں ماہانہ اوسطاً ۱۰؍ واقعات اور ان کی شدت یہ ظاہر کرتی ہے کہ خلاف ورزیوں کی کم تعداد کا مطلب بہتر تحفظ ہرگز نہیں ہے۔ صحافی عدنان رحمت اور فریڈم نیٹ ورک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر اقبال خٹک کی تحریر کردہ یہ رپورٹ `انٹرنیشنل میڈیا سپورٹ‘ (آئی ایم ایس ) کے تکنیکی تعاون سے تیار کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: روس نے نیٹو رکن ایسٹونیا کو ”کھلی جنگ“ کی دھمکی دی، یوکرین نے روسی جہازوں کو نشانہ بنایا
فریڈم نیٹ ورک نے بتایا کہ اکتوبر ۲۰۲۵ء اور اگست ۲۰۲۶ء کے درمیان حملوں اور دیگر خلاف ورزیوں کے کم از کم ۹۷؍ واقعات رپورٹ ہوئے، جبکہ اس سے پچھلے دورانیے میں یہ تعداد ۱۴۲؍ تھی۔ اکتوبر ۲۰۲۵ء سے اگست ۲۰۲۶ء تک رپورٹ ہونے والے واقعات میں فرائض کی انجام دہی کے دوران ایک صحافی کا قتل، قاتلانہ حملے کی تین کوششیں، قتل یا نقصان پہنچانے کی ۱۸؍ دھمکیاں، ۱۳؍ قانونی کارروائیاں، قانونی کارروائی کی ۳۲؍ دھمکیاں اور جسمانی حملوں کے ۱۱؍ واقعات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، ڈجیٹل اور آزاد صحافیوں کو سب سے زیادہ نشانہ بنایا گیا، جبکہ متاثرین یا ان کے اہلِ خانہ کا کہنا تھا کہ تقریباً دو تہائی مقدمات میں سرکاری حکام اور عہدیدار مبینہ طور پر ان کارروائیوں کے محرک تھے۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں آن لائن صحافت کے اس ’’قانونی محاصرے‘‘ میں `نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی‘ (این سی سی آئی اے) کی جانب سے اختلافِ رائے کو سزا دینے کیلئے پریونشن آف الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پی ای سی اے) کا استعمال مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ صحافیوں کے خلاف پی ای سی اے سے متعلق نمائندہ مقدمات کے تجزیے سے ایک مستقل طریقہ کار سامنے آتا ہے، جو شکایت، نوٹس یا انکوائری سے شروع ہو کر پیشی، ایف آئی آر، گرفتاری، ضمانت اور بالآخر ریلیف، معافی یا غیر حل شدہ قانونی چارہ جوئی تک چلتا ہے۔