Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کی وائرل تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ سے متاثر ہوکر پاکستان میں بھی ’کاکروچ پارٹیوں‘ کا قیام

Updated: May 23, 2026, 4:00 PM IST | Islamabad

پاکستان کی کاکروچ پارٹیوں نے ہندوستان کی کاکروچ جنتا پارٹی کے برانڈنگ اسٹائل کی کافی حد تک نقل کی ہے۔ کئی اکاؤنٹس نے پاکستان کے سبز اور سفید قومی رنگوں کی تھیم کو اپنایا ہے۔ کئی اکاؤنٹس، سی جے پی سے ملتے جلتے کاکروچ لوگو (logo)، نعرے اور میم فارمیٹس استعمال کررہے ہیں۔

Photo: X
پاکستان کی ایک کاکروچ پارٹی کا پوسٹر۔ تصویر: ایکس

ہندوستان میں طنزیہ ان لائن تحریک ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (سی جے پی) کی اچانک مقبولیت اب سرحد پار بھی اپنا اثر دکھا رہی ہے۔ رپورٹس کے مطابق، پاکستان کے متعدد سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے ہندوستانی آن لائن مہم سے متاثر ہو کر اپنی طنزیہ ”کاکروچ“ سیاسی تحریکیں شروع کر دی ہیں۔

حالیہ دنوں میں انسٹاگرام اور ایکس پر ”کاکروچ عوامی پارٹی“، ”کاکروچ عوامی لیگ“ اور ”متحدہ کاکروچ موومنٹ“ جیسے ناموں سے متعدد اکاؤنٹس سامنے آئے ہیں۔ پاکستان سے تعلق رکھنے والے یہ اکاؤنٹس، میمز پر مبنی سیاسی پیغامات، طنز اور نوجوانوں پر مرکوز مواد کا استعمال کر رہے ہیں جو ہندوستان کی ’سی جے پی‘ تحریک سے کافی مماثلت رکھتا ہے۔

پاکستان میں قائم ان میں سے زیادہ تر اکاؤنٹس، خود کو حکومت مخالف ڈجیٹل پلیٹ فارمز کے طور پر پیش کررہے ہیں اور طنز و مزاح اور آن لائن مہمات کے ذریعے پاکستان کی مرکزی دھارے کی سیاسی جماعتوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ایک اکاؤنٹ خود کو ”نوجوانوں کا، نوجوانوں کے ذریعے، پاکستان کیلئے ایک سیاسی محاذ“ قرار دیتا ہے۔ ایک دوسرے پر اردو میں لکھا ہے: ”جنہیں سسٹم نے کاکروچ سمجھا، ہم انہی عوام کی آواز ہیں۔“

یہ بھی پڑھئے: ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے بانی کون ہیں؟ وائرل ہونے کے بعد ناقدین کے شدید ردِعمل کا سامنا

پاکستان کی کاکروچ پارٹیوں نے ہندوستان کی کاکروچ جنتا پارٹی کے برانڈنگ اسٹائل کی کافی حد تک نقل کی ہے۔ کئی اکاؤنٹس نے پاکستان کے سبز اور سفید قومی رنگوں کی تھیم کو اپنایا ہے۔ کئی اکاؤنٹس، سی جے پی سے ملتے جلتے کاکروچ لوگو (logo)، نعرے اور میم فارمیٹس استعمال کر رہے ہیں۔

تاہم، ہندوستان کی سی جے پی کے برعکس، پاکستان کے اس ٹرینڈ کا کوئی واحد بانی یا منظم قیادت کا ڈھانچہ نظر نہیں آتا۔ اس کے بجائے، متعدد آزاد کونٹینٹ کریئٹرز اور میم اکاؤنٹس نے الگ الگ ناموں سے اپنی اپنی مہمات شروع کی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ یہ ابھرتی ہوئی تحریک، عمران خان کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)، مسلم لیگ ن (پی ایم ایل-این) اور پیپلز پارٹی (پی پی پی) سمیت پاکستان کی روایتی سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں ایک طنزیہ متبادل کے طور پر خود کو پیش کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت کو قتل کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں؛ دیپکے خاندان فکرمند

واضح رہے کہ ہندوستان کی کاکروچ جنتا پارٹی کو امریکہ میں مقیم ۳۰ سالہ طالب علم ابھیجیت دیپکے نے شروع کیا تھا جنہوں نے بوسٹن یونیورسٹی سے ماسٹرز مکمل کیا ہے۔ ۱۶ مئی کو شروع ہونے کے بعد اس تحریک نے انٹرنیٹ پر تیزی سے مقبولیت حاصل کی اور بے روزگاری، تعلیم اور مرکزی دھارے کی سیاست سے نوجوانوں کی مایوسی پر مبنی سیاسی طنز کے ذریعے چند ہی دنوں میں لاکھوں نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کرلیا۔ تحریک کے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد ۲ کروڑ ۲۰ لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK