• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مغربی بنگال کے ضمنی انتخابات کیلئے بی جے پی ہر حربہ استعمال کرنے پرآمادہ

Updated: September 22, 2026, 11:28 AM IST | Inquilab News Network | Kolkata

نندی گرام میں ممتا کے حمایت یافتہ کانگریس امیدوار کی حراست میں ۵؍ اکتوبرتک توسیع، وہ انتخابی مہم کا آخری دن ہوگا، ۶؍ اکتوبر کو پولنگ ہوگی جبکہ۹؍ اکتوبر کو نتائج ظاہر ہوں گے، ریجی نگر میں بھی انتقامی سیاست۔

Mamata Banerjee has announced that she will contest the election with full force. Photo: INN
ممتا بنرجی نے پوری طاقت سے الیکشن لڑنے کااعلان کیا ہے۔ تصویر: آئی این این

مغربی بنگال میں ۲؍ سیٹوں کیلئے ہونے والے انتخابات کے تعلق سے سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ بی جے پی دونوں ہی سیٹوں کو کسی بھی قیمت پر جیتنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگا رہی ہے، وہیں ممتا بنرجی بھی ضمنی انتخابات کوایک بہترین موقع تصور کرتے ہوئے پوری کوشش کررہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ نندی گرام انتخابی حلقے میں اپنے امیدوار کے نام واپس لینے کے بعد انہوں نے میدان نہیں چھوڑا بلکہ کانگریس امیدوار ملن پردھان کی حمایت کااعلان کرکے مقابلے کو دلچسپ بنادیا ہے۔ بی جے پی کیلئے یہ حالات غیر متوقع تھے، اسلئے ایک نئے کھیل کے تحت۱۹؍ سال پرانے معاملے میں کانگریس امیدوار کو گرفتار کرلیا گیا۔ پیر کو ملن پردھان کی عدالتی حراست میں۵؍ اکتوبر تک توسیع کر دی گئی ہے جو ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم کا آخری دن ہوگاکیونکہ ووٹنگ۶؍ اکتوبر کو ہونے والی ہے۔دریں اثنا ملن پردھان کے وکیل آیان بھٹاچاریہ نے کہا کہ وہ عدالت کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: ایس آئی آر کے عمل پر کانگریس نے مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا

کچھ اسی طرح کی صورتحال ریجی نگر اسمبلی حلقے کی بھی ہے جہاں کانگریس اور ممتا کی ترنمول کانگریس کے امیدواروں نے پولیس کے ذریعہ پریشان کئے جانے کاالزام عائد کیا ہے۔  ریجی نگر میںایک آ زاد امیدوار سیف اللہ کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے جبکہ وہاں سے منتخب رکن اسمبلی ہمایوں کبیر نے جن کے استعفیٰ دینے سے سیٹ خالی ہوئی ہے، نے الیکشن کمیشن کو خط لکھا ہے کہ وہ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لیں گے۔ انہوں نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ انتخابی مہم کے دوران جس سے بھی ملاقات کرتے ہیں، اسے گرفتار کرلیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ نندی گرام اور ریجی نگر میں بالترتیب شوبھندو ادھیکاری اور ہمایوں کبیر کامیاب ہوئے تھے۔ یہ دونوں ہی دودو جگہ سے جیتے تھے،اسلئے انہوں نے نندی گرام اور ریجی نگرسے استعفیٰ دے دیا ہے جس کی وجہ سے وہاں ضمنی انتخابات ہورہے ہیں۔ 

اس وقت صرف بنگال نہیں بلکہ پورے ملک کی نگاہیں نندی گرام پر لگی ہوئی ہیں۔ بی جے پی کے ساتھ ہی ریاستی وزیراعلیٰ شوبھندو ادھیکاری کیلئے یہ وقار کا معاملہ ہے جبکہ ممتا بنرجی اس الیکشن کو ایک بہترین موقع تصور کررہی ہیں۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کے بعد ممتا بنرجی کی پارٹی کی امیدوارسنچتا پردھان ڈے نے اپنی امیدواری واپس لے لی تھی۔ اس کے بعد فوراً کوئی وقت ضائع کئے بغیر ممتا بنرجی نے کانگریس امیدوار کی حمایت کااعلان کردیا۔

یہ بھی پڑھئے: یوپی میں ’پوسٹر وار‘، فرقہ پرستوں کی اوچھی حرکت، سماجوادی کو نشانہ بنایا

خیال رہے کہ اسمبلی انتخابات میں نندی گرام میں بی جے پی کو ۳۷ء۵۰؍ فیصد اور ترنمول کانگریس کو ۵۵ء۴۶؍ فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ کانگریس کو ایک فیصد سے بھی کم ووٹ ملا تھا۔ اس کے باوجود ممتا کے فیصلے سےبی جے پی خیمے میں خوف کی لہر دوڑ گئی اور ایک پرانے معاملے میں کانگریس امیدوار کو گرفتار کرلیا گیا۔

کچھ اہم سوالات اور ان کے جواب
سوال: کسی امیدوار کی دستبرداری کے بعد کیا ہوتا ہے؟
دستبرداری کی آخری تاریخ ختم ہونے کے بعد، ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردیتا ہے۔
سوال: کیا اپنا نام واپس لینے والا امیدوار اپنا فیصلہ بدل سکتا ہے؟
قانونی طریقے سے کاغذات واپس لے لینے کے بعد امیدوار اپنا فیصلہ نہیں بدل سکتا نہیں۔
سوال: ایک سیٹ کیلئے ایک سے زائد امیدوار میدان میں  ہوں تو کیا ہوگا؟
باقی تمام امیدواروں کی حتمی فہرست جاری ہوگی اور شیڈول کے مطابق ان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
سوال: دستبرداری کے بعد اگر صرف ایک امیدوار رہ گیا تو کیا ہوگا؟
 اس طرح کی صورت حال میں الیکشن بلا مقابلہ ہو سکتا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر اس عمل کو مکمل کرتا ہے اورنتائج کا اعلان کردیتا ہے۔
 سوال: امیدوار کی گرفتاری کے بعد کیا انتخابات منسوخ بھی ہوسکتا ہے؟
 نہیں، صرف گرفتاری الیکشن کو منسوخ نہیں کرتی۔ الیکشن شیڈول کے مطابق جاری رہ سکتے ہیں۔
سوال: کیا گرفتار امیدوار الیکشن لڑ سکتا ہے؟
 جی بالکل،  اگر وہ قانونی طور پر مقابلہ کرنے کیلئے اہل ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK