• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

خلا میں پہلے پاکستانی خلاباز کیلئے ۱۰۰؍ سے زائد حلال کھانے تیار

Updated: November 27, 2026, 7:34 PM IST | Islamabad

چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ میں محمد ذیشان علی کیلئے بٹر چکن، بیف نہاری اور لیمب قورمہ سمیت خصوصی مینو، کھانے پاکستانی ذائقوں اور غذائی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے گئے، ۶؍ خلاباز ایک ساتھ خصوصی عشائیے میں شریک ہوں گے۔

Pakistani Astronaut Muhammad Zeeshan Ali. Photo: X
پاکستانی خلاء باز محمد ذیشان علی۔ تصویر: ایکس

خلا میں خلابازوں کی خوراک عموماً غذائیت، محفوظ پیکنگ اور طویل عرصے تک قابلِ استعمال رہنے جیسے تقاضوں کے مطابق تیار کی جاتی ہے، لیکن چین نے اپنے خلائی اسٹیشن ’تیانگونگ‘ پر پاکستان کے پہلے خلاباز محمد ذیشان علی کے استقبال کیلئے اس انتظام میں ان کے وطن کے ذائقوں کو بھی شامل کرلیا ہے۔ ان کیلئے ۱۰۰؍ سے زائد اقسام کے حلال کھانے تیار کیے گئے ہیں، جن میں بٹر چکن، بیف نہاری، لیمب قورمہ اور مسالے دار چنے جیسے جنوبی ایشیائی پکوان شامل ہیں۔ یہ خصوصی مینو خلاباز کی ثقافتی وابستگی، کھانے کی پسند، مذہبی غذائی تقاضوں اور خلائی سفر کے دوران درکار غذائیت کو سامنے رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ محمد ذیشان علی ۲۵؍ نومبر کو چین کے خلائی مشن ’شینژو ۲۴‘ کے ذریعے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچے تھے۔ وہ چین کے دو خلابازوں، مشن کمانڈر تانگ ہونگبو اور فلائٹ انجینئر وو یی کے ساتھ خلائی اسٹیشن پہنچے اور وہاں پہلے سے موجود شینژو ۲۳؍ مشن کے ۳؍ خلابازوں سے ملاقات کی۔ اس طرح اسٹیشن پر موجود عملے کی مجموعی تعداد ۶؍ ہوگئی۔ ان کی آمد کے موقع پر چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی جی ٹی این نے خصوصی حلال مینو کی تفصیلات شیئر کیں، جس کے بعد بٹر چکن اور نہاری جیسے مانوس پکوانوں کی خلا میں موجودگی سوشل میڈیا پر بھی موضوعِ گفتگو بن گئی۔ 

یہ بھی پڑھئے: غزہ: ماہی گیر نے چار خاندانوں کی کفالت کیلئے امدادی سامان کے کچرے سے کشتی بنائی

اس مینو کی تیاری محض پاکستانی کھانوں کی فہرست مرتب کرنے تک محدود نہیں تھی۔ چین کے خلائی مرکز کے محققین نے پاکستانی کھانے پینے کی عادات، ثقافت اور غذائی ضروریات کا مطالعہ کیا۔ کھانوں میں ہلدی اور کڑھی جیسے مسالوں کے استعمال اور ذیشان علی کی ذاتی پسند کو بھی مدنظر رکھا گیا۔ چین کے خلائی مرکز کے محقق چن جونلی کے مطابق، کھانوں کو اس طرح تیار کیا گیا ہے کہ وہ خلاباز کو مناسب توانائی اور غذائیت فراہم کریں، لیکن ساتھ ہی ہلکے اور آسانی سے ہضم ہونے والے بھی ہوں۔ خصوصاً خلائی اسٹیشن پہنچنے کے ابتدائی دنوں میں جسم کو نئے ماحول سے ہم آہنگ ہونے کیلئے ایسی خوراک کی ضرورت ہوتی ہے۔ مینو میں شامل تمام کھانے حلال معیار کے مطابق تیار کیے گئے ہیں۔ ان کی تیاری کے دوران اجزا کے انتخاب سے لے کر کھانا پکانے کے طریقوں تک مذہبی غذائی اصولوں کا خیال رکھا گیا۔ رپورٹس کے مطابق، کھانوں کے ذائقے کی بار بار جانچ بھی کی گئی اور پاکستانی خلابازوں کی رائے کی بنیاد پر ترکیبوں میں تبدیلیاں کی گئیں۔ دونوں خلائی مشنوں کے عملے کیلئے ایک خصوصی عشائیے کا بھی انتظام کیا گیا ہے، جس میں ۶؍ خلاباز ایک ساتھ کھانا کھائیں گے۔ اس طرح یہ انتظام صرف ایک خلاباز کی غذائی ضرورت پوری کرنے کے بجائے مختلف ملکوں کے عملے کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کا ذریعہ بھی بنے گا۔ 
واضح رہے کہ خلاء میں کھانا تیار کرنا زمین کے مقابلے میں کہیں زیادہ پیچیدہ عمل ہے۔ وہاں کششِ ثقل نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے، اس لیے عام برتنوں میں کھانا پکانا یا کھلی پلیٹ میں کھانا رکھنا ممکن نہیں ہوتا۔ خوراک کو زمین پر ہی مخصوص طریقوں سے تیار، محفوظ اور پیک کیا جاتا ہے تاکہ وہ خلائی سفر کے دوران خراب نہ ہو اور اسٹیشن پر آسانی سے استعمال کی جاسکے۔ کھانے کے ذرات یا مائع کے قطرے بھی خلائی اسٹیشن کے آلات اور عملے کیلئے مسئلہ پیدا کرسکتے ہیں، اسی لیے خوراک کی ساخت اور پیکنگ پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ خلابازوں کیلئے تیار کیے جانے والے کھانوں میں غذائیت، توانائی، محفوظ ذخیرہ کرنے اور آسانی سے کھائے جانے کی صلاحیت کو بنیادی اہمیت حاصل ہوتی ہے۔ ذیشان علی کا یہ سفر پاکستان کے خلائی پروگرام اور چین کے ساتھ اس کے تعاون کے حوالے سے بھی اہم سنگِ میل ہے۔ ۴۰؍ سالہ سابق پاکستانی فضائیہ کے پائلٹ ذیشان علی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی اور چین کے خلائی اسٹیشن تیانگونگ پہنچنے والے پہلے غیر ملکی خلاباز بن گئے ہیں۔ وہ اس مشن میں پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے کام کررہے ہیں اور ان کا قیام تقریباً ۵؍ سے ۱۰؍ دن متوقع ہے۔ اس دوران وہ چینی خلابازوں کے ساتھ سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے۔پاکستانی خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر امجد علی کے مطابق، ذیشان علی اس دوران ۴؍ سائنسی تجربات میں حصہ لیں گے، جن کا تعلق بنیادی طور پر مادّوں کی سائنس، حیاتیاتی علوم اور بایوسائنس سے ہے۔ ان تجربات میں ایک تحقیق خلائی جہازوں میں استعمال ہونے والے ایسے کاربن فائبر مرکبات سے متعلق ہے جو اپنے اندر پیدا ہونے والی معمولی دراڑوں کی خود مرمت کرسکتے ہیں۔ اس نوعیت کی تحقیق مستقبل میں خلائی گاڑیوں اور دیگر آلات کو زیادہ پائیدار بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برطانیہ میں غربت کی بدترین صورتحال،۳۸؍ لاکھ افراد شدید مشکلات کا شکار: تحقیق

اس مشن کی تیاری کیلئے ذیشان علی نے چین میں تقریباً ۷؍ ماہ کی تربیت حاصل کی۔ اس دوران انہیں خلائی اسٹیشن کے نظام، چینی زبان اور چینی عملے کے ساتھ رابطے کے طریقوں سے واقف کرایا گیا۔ ان کی تربیت میں چینی زبان کی کلاسوں کے علاوہ چینی گیت سیکھنا، شاعری پڑھنا، خطاطی اور ٹیبل ٹینس کی مشق بھی شامل تھی۔ چین اور پاکستان کے درمیان خلائی تعاون کا سلسلہ کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ چین پاکستان کے مصنوعی سیارے خلا میں بھیج چکا ہے، جب کہ مستقبل میں چینی چاند مشن میں پاکستانی ساختہ روور کی شمولیت کا منصوبہ بھی زیرِ غور ہے۔ چین کیلئے بھی یہ مشن اہم ہے، کیونکہ اس کے ذریعے پہلی مرتبہ کسی غیر ملکی خلاباز نے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قیام کیا ہے۔ چین ۲۰۳۰ء تک انسانوں کو چاند پر بھیجنے کا ہدف رکھتا ہے اور اپنے خلائی پروگرام میں بین الاقوامی تعاون بڑھانے کی کوشش کررہا ہے۔ ایسے میں پاکستانی خلاباز کی شمولیت اور اس کیلئے خصوصی حلال مینو کی تیاری اس تعاون کا ایک نمایاں پہلو ہے۔ خلا میں بٹر چکن، نہاری اور قورمے کی موجودگی بظاہر ایک دلچسپ خبر ہے، لیکن اس کے پیچھے یہ حقیقت بھی ہے کہ خلائی تحقیق اب مختلف ملکوں کے خلابازوں کی ثقافت، خوراک اور انفرادی ضروریات کو بھی اپنی منصوبہ بندی کا حصہ بنا رہی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK