Updated: November 27, 2026, 3:05 PM IST
| Gaza
جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں فلسطینی ماہی گیر مدحت اللحام نے اسرائیلی بمباری میں اپنی دو کشتیاں تباہ ہونے کے بعد امدادی سامان کے لکڑی کے تختوں اور پلاسٹک کے ڈرموں سے ایک متبادل کشتی تیار کر لی ہے۔ شدید محاصرے اور خام مال کی قلت کے باوجود، یہ سادہ کشتی اب چار فلسطینی خاندانوں کی کفالت اور روزگار کی بحالی کا واحد سہارا بن گئی ہے۔
غزہ کا ایک ماہی گیر اپنا جال درست کرتے ہوئے۔ تصویر: یواین۔
جنوبی غزہ کی پٹی کے شہر خان یونس میں فلسطینی ماہی گیر مدحت اللحام نے اسرائیلی جنگ کے دوران اپنی دو کشتیاں کھونے کے بعد انسانی امداد کے ساتھ آنے والے لکڑی کے تختوں (پیلٹس) اور پانی کے پلاسٹک کے ڈرموں کے ٹکڑوں کا استعمال کرتے ہوئے ایک متبادل کشتی بنائی ہے۔ انہیں امید ہے کہ اس کشتی کے ذریعے وہ دوبارہ سمندر میں جا سکیں گے اور اس روزگار کو بحال کر سکیں گے جس پر چار خاندانوں کا انحصار ہے۔ جنگ اور محاصرے کے حالات نے اللحام کو مجبور کیا کہ وہ اپنی روزی کمانے کا بنیادی ذریعہ کھونے کے بعد شہر کے ملبے سے دستیاب سامان اکٹھا کریں۔ یہ کشتی بنانا ان کے آلات کو جدید بنانے کی کوشش نہیں تھی، بلکہ ایک مجبوری تھی کیونکہ جنگ سے پہلے کی طرح اب انہیں کشتیاں بنانے اور ان کی مرمت کیلئے درکار سامان میسر نہیں رہا۔اللحام نے فائبر گلاس کے بجائے لکڑی اور پلاسٹک کے ڈرموں کا استعمال کرتے ہوئے مقامی طور پر ’’حسکہ‘‘ کہلانے والی ایک سادہ کشتی بنانے کا انتخاب کیا۔ فائبر گلاس جیسا خام مال اس لئےدستیاب نہیں ہے کیونکہ اسرائیل نے ماہی گیروں کی کشتیوں کی تعمیر و مرمت کے سامان کے غزہ میں داخلے پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔ اللحام کا کہنا ہے کہ سمندر میں کام کرنے کا ذریعہ چھن جانے کے بعد محدود وسائل اور اس خیال کو عملی جامہ پہنانے کی دشواریوں کے باوجود وہ اپنے خاندان کی کفالت کیلئے متبادل راستے تلاش کرنے پر مجبور ہوئے۔ وہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے ملبے تلے سے کچھ سامان نکالنے کے بعد لکڑی اور پلاسٹک کے ڈرموں سے ایک کھوکھلا ڈھانچہ تیار کیا اور پھر اسے ڈھانپنے کیلئے ڈرموں کے ٹکڑوں کا استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھئے: یورپی بینکوں کی اسرائیلی قبضے سے جڑی کمپنیوں کو ۳۶۱؍ ارب ڈالر کی مالی امداد: رپورٹ
اس کشتی کی تیاری کو لاگت اور ضروریات سے متعلق کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے، اس میں بڑی مقدار میں گیس درکار ہوتی ہے اور جوڑنے و اسمبل کرنے کے کئی مراحل شامل ہیں۔ غزہ کی پٹی میں ایندھن اور بنیادی سامان کی قلت کشتی کو مکمل کرنا مزید مشکل بنا دیتی ہے اور مالی بوجھ میں اضافہ کرتی ہے۔ جنگ کے دوران اللحام کی ایک کشتی ڈوب گئی تھی، جبکہ دوسری کو اسرائیلی افواج نے بمباری میں تباہ کر دیا تھا اسی حملے میں ان کے بھائی بھی شہید ہو گئے تھے۔ ان کے خاندان کے نقصانات صرف بھائی کی شہادت تک محدود نہیں رہے، ان کا ایک بیٹا بھی زخمی ہوا اور اب انہوں نے اپنے شادی شدہ بیٹے کے خاندان کی کفالت کے ساتھ ساتھ زندگی کے دیگر اخراجات اٹھانے کی ذمہ داری بھی سنبھال رکھی ہے۔ چونکہ ان کے زیرِ کفالت خاندانوں کی ضروریات بڑھ رہی ہیں اور کام کرنے کی صلاحیت کم ہو رہی ہے، اس لئے ’’حسکہ‘‘ کی تعمیر چار خاندانوں کی آمدنی بحال کرنے کی ایک کوشش بن گئی ہے۔ ان کا یہ تجربہ ان سینکڑوں ماہی گیروں کے نقصانات کا حصہ ہے جو اپنی کشتیاں اور آلات تباہ یا خراب ہونے کے بعد اپنے روزگار سے محروم ہو چکے ہیں۔ تعمیر و مرمت کے سامان کی قلت اور اس کے داخلے پر پابندیاں انہیں دوبارہ کام شروع کرنے سے روک رہی ہیں۔ جنگ سے پہلے ماہی گیری ہزاروں فلسطینیوں کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ تھی۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں میننجائٹس کی وبا کا الرٹ جاری، معاملات میں خطرناک اضافہ
اقوامِ متحدہ کے ادارہ برائے غذا و زراعت (ایف اے او) کے مطابق، اس شعبے میں ۶؍ ہزار سے زائد افراد کام کرتے تھے، جن میں تقریباً ۴؍ ہزار ۲۰۰؍ رجسٹرڈ ماہی گیر اور کشتیوں کے مالکان شامل تھے۔ یہ شعبہ بالواسطہ اور بلاواسطہ طور پر تقریباً ایک لاکھ ۱۰؍ ہزار افراد کو روزگار فراہم کرتا تھا۔ تین سالہ جنگ کے دوران ہونے والے نقصانات نے مزدوروں، کشتیوں اور ماہی گیری کی سہولیات سب کو متاثر کیا ہے۔ غزہ کی پٹی کے ساحل پر واقع ماہی گیروں کے ۳۱۰؍ مراکز (اسٹیشنز) میں سے ۲۷۰؍ مراکز کے ساتھ ساتھ اس پیشے سے متعلق دیگر سہولیات اور بنیادی ڈھانچے کو بھی تباہی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ساحلی پانیوں تک رسائی پر مسلسل پابندیوں اور ایندھن، مچھلی پکڑنے کے جالوں اور کشتیوں کی تعمیر و مرمت کے سامان کی قلت کے درمیان ان نقصانات نے ماہی گیروں کی سمندر میں واپس جانے کی صلاحیت کو بری طرح کمزور کر دیا ہے۔ ایف اے او کے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اپریل ۲۰۲۴ء کے درمیان غزہ میں مچھلیوں کے شکار کی اوسط یومیہ مقدار ۲۰۲۲ء کی سطح کے مقابلے میں گر کر محض ۳ء۷؍ فیصد رہ گئی، جس سے پیداوار میں تقریباً ۵ء۱۷؍ ملین ڈالر کا تخمینی نقصان ہوا۔ اپریل ۲۰۲۴ء تک مرکزی بندرگاہ سمیت ماہی گیری کے شعبے کے تقریباً ۷۰؍ فیصد اثاثوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچ چکا تھا۔