شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میںشرکت ، آپریشن سیندور کے بعدکسی پاکستانی نمائندہ کا پہلا ہندوستانی دورہ، پاکستانی وزیر کی مہمان نوازی پر کانگریس کی حکومت پر تنقید۔
پاکستانی وزیربرائے موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود دہلی میں کانفرنس کے دوران۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے درمیان پاکستانی وزیر مصدق مسعود ملک دہلی پہنچ گئے ۔ پاکستان کے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود۲۰؍ سے۲۲؍نومبر تک نئی دہلی میں ہونے والے ’شنگھائی کوآپریشن آرگنائزیشن‘ (ایس سی او) میں شرکت کے مقصد سے پہنچے ہیں ۔ پاکستان ہائی کمیشن نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعہ ان کے ہندوستان پہنچنے کی تصدیق کی ہے اور دہلی ایئرپورٹ پر پاکستان کے چارج ڈی افیئرس سعد واریچ نے ان کا استقبال کیا۔
مصدق مسعود ملک کے ہندوستان پہنچنے کی خبر پر کانگریس نے اپنا سخت رد عمل ظاہر کیا ہے۔ ’ایکس‘ پر اپوزیشن پارٹی نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’مودی حکومت کی دعوت پر پاکستان کا وزیر مصدق ملک ہندوستان آ گیا ہے۔ مصدق لگاتار ہندوستان کو دھمکاتا رہا ہے۔ کبھی ہاتھ کاٹنے کی دھمکی دیتا ہے، کبھی خون بہانے کی۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’ایک طرف پاکستان ہمارے ملک میں دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے، ہندوستانی کا قتل کروا رہا ہے، اور دوسری طرف مودی حکومت ہندوستان سے نفرت کرنے والے پاکستانی وزیر کی مہمان نوازی میں لگی ہے۔ بریانی اور کباب کھلانے کی تیاری ہے۔‘‘
مودی حکومت کے ذریعہ پاکستانی وزیر کو ہندوستان مدعو کیے جانے کو کانگریس نے ’غداری‘ سے تعبیر کیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’یہ (پاکستانی وزیر کی مہمان نوازی کرنا) ملک اور ملک کے باشندوں کے ساتھ غداری ہے۔ مودی حکومت کو یہ نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘‘ پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ’’جب تک پاکستان دہشت گردی پر پوری طرح بریک نہیں لگاتا، اس سے کوئی بات نہیں ہونی چاہیے۔‘‘واضح رہے کہ مئی۲۰۲۳ء میں اُس وقت کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے گوا دورہ کے بعد یہ پہلی بار ہے، جب پاکستان کا کوئی وفاقی وزیر ہندوستان آیا ہے ۔ یہ دورہ ایسے وقت ہو رہا ہے جب پہلگام دہشت گردانہ حملہ اور ہندوستان کے ’آپریشن سیندور‘ کے بعد دونوں ممالک کے رشتوں میں کشیدگی بنی ہوئی ہے ۔ پاکستان کی وزارت خارجہ نے ۱۴؍ نومبر کو مصدق ملک کو ملک کے نمائندہ وفد کی قیادت کرنے کیلئے نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سے قبل ہندوستان نے پاکستان کے قومی وراثت و ثقافت کے وزیر اورنگ زیب خان کھچی کو دعوت نامہ بھیجا تھا، لیکن پاکستان نے ان کی جگہ وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی مصدق مسعود کو بھیجنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی وزیر نے کیاکہا ؟
’’ہمارے(ہند پاک) کے سبھی رشتے بہتر ہوں گے ۔مجھے پوری امید ہے کہ ہم تمام سیاسی اور سماجی مسائل اور بحث کے موضوعات کو حل کرتے ہوئے ایک جامع نقطہ نظر اپنائیں گے اور علاقائی ایجنڈے کو آگے بڑھائیں گے۔ ‘‘