• Sun, 01 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فلسطینی بانی عصام حجازی کی تیار کردہ ایپ ’اپ اسکرولڈ‘ امریکہ میں ایپل ایپ اسٹور پر سرفہرست

Updated: February 01, 2026, 2:14 PM IST | Washington

’اپ اسکرولڈ‘ برطانیہ، کنیڈا اور آسٹریلیا میں ڈاؤن لوڈ چارٹس میں سرفہرست ۲۰ ایپس میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی جبکہ امریکہ میں اس نے ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور تھریڈز جیسی مشہور ایپس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

Issam Hijazi. Photo: X
عصام حجازی۔ تصویر: ایکس

ایک فلسطین نژاد سافٹ ویئر ڈویلپر کی تیار کردہ سوشل میڈیا ایپ، جسے لانچ ہوئے ایک سال بھی مکمل نہیں ہوا ہے، امریکہ میں ایپل کے ’ایپ اسٹور‘ میں سب سے زیادہ ڈاؤن لوڈ کی جانے والی ایپس کی فہرست میں اول مقام پر آگئی ہے۔ ٹک ٹاک پر مبینہ سینسر شپ کے الزامات اور سیاسی جانبداری کے خلاف بڑھتے ہوئے غصے نے صارفین کو متبادل پلیٹ فارمز کی طرف مائل کر دیا ہے، اس کے نتیجے میں اپ اسکرولڈ کی مقبولیت میں گزشتہ دنوں میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔

فلسطینی ملکیت والی سوشل میڈیا ایپ ’اپ اسکرولڈ‘ (UpScrolled) رواں ہفتے امریکہ کے ایپل ایپ اسٹور میں ”سوشل نیٹ ورکنگ“ کے زمرے میں سرفہرست رہی۔ اس نے ٹک ٹاک، واٹس ایپ اور میٹا کی ’تھریڈز‘ جیسی مشہور ایپس کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہ ایپ برطانیہ، کنیڈا اور آسٹریلیا میں بھی ڈاؤن لوڈ چارٹس میں سرفہرست ۲۰ ایپس میں جگہ بنانے میں کامیاب رہی ہے۔

مارکیٹنگ انٹیلی جنس فرم ’سینسر ٹاور‘ کے تخمینہ کے مطابق، ۲۰۲۵ء میں لانچ ہونے کے بعد سے اب تک اپ اسکرولڈ کو امریکہ میں تقریباً ۴ لاکھ اور عالمی سطح پر تقریباً ۷ لاکھ بار ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔ تقریباً ۸۵ فیصد امریکی صارفین نے ایپ کو ۲۱ سے ۲۷ جنوری کے درمیان ڈاؤنلوڈ کیا۔ اسی عرصے کے دوران بڑے پیمانے پر ٹک ٹاک اکاؤنٹس کو ڈیلیٹ کرنے کا رجحان بھی دیکھا گیا۔ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اسی مدت کے دوران ٹک ٹاک ڈیلیٹ کرنے والے صارفین کی تعداد میں تقریباً ۱۵۰ فیصد اضافہ ہوا۔

یہ بھی پڑھئے: ایئرٹیل اپنے صارفین کو دے رہا ہے مفت اڈوبی ایکسپریس پریمیم، اس آفر سے فائدہ کیسے اٹھائیں؟

ٹک ٹاک کے خلاف ردِعمل اور سینسر شپ کے خدشات

امریکی کمپنی ’اوریکل‘ (Oracle)، جس کے بانی لیری ایلیسن امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کے قریبی اتحادی سمجھے جاتے ہیں، نے ٹک ٹاک کی سرپرست چینی کمپنی کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جس کے بعد صارفین نے ایپ پر فلسطین حامی مواد کو سینسر کرنے اور ٹرمپ انتظامیہ اور امریکی امیگریشن حکام پر تنقید کو دبانے کا الزام لگایا ہے۔ ٹک ٹاک نے حال ہی میں ایمی ایوارڈ یافتہ صحافی اور غزہ میں الجزیرہ کی رپورٹر بیسان عودہ پر مستقل پابندی لگائی جس پر صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ ٹک ٹاک نے سیاسی سینسرشپ کی تردید کی اور حالیہ تکنیکی خرابیوں کا ذمہ دار امریکی ڈیٹا سینٹر کے انفراسٹرکچر کے مسائل کو ٹھہرایا۔

اپ اسکرولڈ کے بانی عصام حجازی کون ہیں؟

جولائی ۲۰۲۵ء لانچ ہوئی سوشل میڈیا ایپ ’اپ اسکرولڈ‘ کو بنانے والے عصام حجازی ایک فلسطینی-اردنی-آسٹریلوی سافٹ ویئر ڈویلپر ہیں اور اس سے قبل اوریکل اور آئی بی ایم جیسی بڑی ٹیک کمپنیوں میں کام کر چکے ہیں۔ اس ایپ کو ’ٹیک فار فلسطین‘ (Tech for Palestine) کی حمایت حاصل ہے، جو فلسطین نواز ٹیکنالوجی منصوبوں کی مدد کرنے والا ایک ادارہ ہے۔

حجازی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ کہ انہوں نے غزہ میں اپنے خاندان کے افراد کو کھونے اور بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مبینہ منظم سینسرشپ سے مایوس ہو کر ’بگ ٹیک‘ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ”میں نے اپ اسکرولڈ کو اس لئے بنایا گیا تاکہ صارفین کو پوشیدہ الگورتھم اور سیاسی دباؤ سے آزاد جگہ فراہم کی جا سکے۔“

یہ بھی پڑھئے: فلسطینی بچی ہند رجب کی دوسری برسی: خاندان آج بھی انصاف کا منتظر

اپ اسکرولڈ کیسے کام کرتی ہے اور یہ دیگر ایپس سے مختلف کیوں ہے؟

اپ اسکرولڈ متن، تصویر اور مختصر دورانیے کی ویڈیو پوسٹس کی شکل میں کنٹینٹ دیکھنے اور اپلوڈ کرنے کا فیچر پیش کرتی ہے۔ اس کا انٹرفیس ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) اور میٹا کے مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام ایپ سے ملتا جلتا ہے۔ ٹک ٹاک کے برعکس، اپ اسکرولڈ کی فیڈ ذاتی الگورتھم کے بجائے وقت کی ترتیب کے حساب سے کام کرتی ہے۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ صرف غیر قانونی مواد کی نگرانی کرتی ہے۔ اس کے ’ڈسکور‘ پیج پر فلسطین سے متعلق پوسٹس کا غلبہ ہے، جو اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ کیوں بہت سے صارفین اس سے وابستہ ہو رہے ہیں۔

صارفین کی تعداد میں اچانک زبردست اضافہ کی وجہ سے گزشتہ ہفتے کے آخر میں اپ اسکرولڈ کے سرورز عارضی طور پر کریش ہوگئے تھے، جس پر حجازی نے عوامی طور پر معذرت کی اور انفراسٹرکچر کو فوری طور پر اپ گریڈ کرنے کا وعدہ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK