اڈوبی ایکسپریس پریمیم متعدد علاقائی زبانوں جیسے ہندی، بنگالی، گجراتی، کنڑ، ملیالم، پنجابی، تمل اور تیلگو کو بھی سپورٹ کرتا ہے، جو اسے مقامی بازاروں پر توجہ مرکوز کرنے والے چھوٹے کاروباروں کیلئے نہایت مفید بناتا ہے۔
EPAPER
Updated: January 30, 2026, 7:07 PM IST | New Delhi
اڈوبی ایکسپریس پریمیم متعدد علاقائی زبانوں جیسے ہندی، بنگالی، گجراتی، کنڑ، ملیالم، پنجابی، تمل اور تیلگو کو بھی سپورٹ کرتا ہے، جو اسے مقامی بازاروں پر توجہ مرکوز کرنے والے چھوٹے کاروباروں کیلئے نہایت مفید بناتا ہے۔
ہندوستان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی ’کریئیٹر اکانومی‘ کو فروغ دینے کیلئے، معروف کمپنی اڈوبی (Adobe) نے بھارتی ایئرٹیل (Bharti Airtel) کے ساتھ شراکت داری کرکے ہندوستانی ٹیلی کام کمپنی کے تمام ۳۶ کروڑ صارفین کو ایک سال کیلئے اڈوبی ایکسپریس ایپ کا پریمیم ورژن بلا معاوضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اڈوبی ایکسپریس کے سالانہ سبسکرپشن کی قیمت تقریباً ۴ ہزار روپے ہے، لیکن اب یہ ایئرٹیل کی موبائل، براڈ بینڈ اور ڈیجیٹل ٹی وی سروس استعمال کرنے والے سبھی صارفین کو مفت دیا جارہا ہے۔ اس پیشکش کا مقصد ہندوستان میں ڈیزائننگ ٹولز کو عام کرنا ہے۔ ملک میں طلبہ، فری لانسرز، چھوٹے کاروباروں کے مالکان اور سوشل میڈیا کریئیٹرز آن لائن ذرائع سے زیادہ افراد تک پہنچنے کیلئے معیاری بصری مواد پر انحصار کر رہے ہیں۔ ایسے مواد کی تیاری کیلئے اڈوبی ایکسپریس ایپ کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: چیٹ جی پی ٹی ۲۰۲۶ء میں پرسنل سپر اسسٹنٹ بن جائے گا: اوپن اے آئی کی فِدجی سیمو کا بیان
اڈوبی ایکسپریس کے فیچرز
اڈوبی ایکسپریس ان صارفین کیلئے بنایا گیا ہے جو پیچیدہ ڈیزائننگ سافٹ ویئر سیکھے بغیر پیشہ ورانہ معیار کے ڈیزائن تیار کرنا چاہتے ہیں۔ اس پلیٹ فارم پر صارفین، ہزاروں ٹیمپلیٹس (پہلے سے تیار کردہ ڈیزائنز) اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس ٹولز کے ذریعے سوشل میڈیا پوسٹس، مختصر ویڈیوز، پوسٹرز، پریزنٹیشنز اور مارکیٹنگ مواد تیار کرسکتے ہیں۔
اڈوبی ایکسپریس کے پریمیم ورژن میں کئی اضافی فیچرز موجود ہیں۔ سبسکرپشن فیس ادا کرنے والے صارفین کو ۲۰ کروڑ سے زائد ’اڈوبی اسٹاک‘ تصاویر اور ویڈیوز، ۳۰ ہزار سے زیادہ فونٹس، پریمیم ٹیمپلیٹس اور ہر ماہ ۲۵۰ جنریٹو اے آئی کریڈٹس تک رسائی دی جاتی ہے۔ اس پلان میں ویڈیو بیک گراؤنڈ ریموول، ایک تصویر کو مختلف سوشل پلیٹ فارمز پر استعمال کرنے کیلئے اس کے سائز کی بیک وقت تبدیلی اور ۱۰۰ جی بی کا کلاؤڈ اسٹوریج بھی شامل ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’اے آئی‘ ۲۰۳۰ء تک ان سیکٹر میں روزگار کےبھرپور مواقع دے گا
ہندوستانی صارفین کیلئے اہم بات یہ ہے کہ اڈوبی ایکسپریس پریمیم متعدد علاقائی زبانوں جیسے ہندی، بنگالی، گجراتی، کنڑ، ملیالم، پنجابی، تمل اور تیلگو کو بھی سپورٹ کرتا ہے، جو اسے مقامی بازاروں پر توجہ مرکوز کرنے والے چھوٹے کاروباروں کیلئے نہایت مفید بناتا ہے۔
اس آفر کیلئے کون اہل ہے؟
ایک سال کا یہ مفت سبسکرپشن ایئرٹیل کے پری پیڈ اور پوسٹ پیڈ موبائل صارفین، ایئرٹیل ایکس اسٹریم فائبر براڈ بینڈ صارفین اور ایئرٹیل ڈجیٹل ٹی وی سروس کا استعمال کرنے والے صارفین کیلئے دستیاب ہے۔ اس آفر کے تحت صارفین کو اگلے ۱۲ ماہ تک بغیر کسی پوشیدہ فیس کے اڈوبی ایکسپریس پریمیم تک رسائی ملے گی۔
ایئرٹیل کے آفر سے فائدہ کیسے اٹھائیں؟
ایئرٹیل صارفین Airtel Thanks ایپ کی مدد سے اس آفر کو فعال کرسکتے ہیں۔
۱) سب سے پہلے ایئرٹیل اھینکس ایپ کھولیں۔
۲) ایپ میں Benefits یا Rewards سیکشن میں جائیں۔
۳) وہاں آپ کو اڈوبی ایکسپریس پریمیم کے آفر کا بینر دکھائی دے گا۔
۴) اس بینر پر کلک کرکے آپ اس آفر کو فعال کرسکتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس آفر سے فائدہ اٹھانے کیلئے کسی کریڈٹ کارڈ یا ادائیگی کی تفصیلات کی ضرورت نہیں ہے۔ صارفین محض اپنے موجودہ اڈوبی اکاؤنٹ سے Sign In کرکے یا نیا اکاؤنٹ بنا کر اس سروس کا استعمال شروع کر سکتے ہیں۔