سپکال نے کہا کہ’’ کچھ طاقتیں دانستہ فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلارہی ہیں ، ایسے میں کانگریس نے بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے یاترا کا اہتمام کیا ہے‘‘
EPAPER
Updated: May 05, 2025, 11:19 AM IST | Parbhani
سپکال نے کہا کہ’’ کچھ طاقتیں دانستہ فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلارہی ہیں ، ایسے میں کانگریس نے بھائی چارے کو فروغ دینے کیلئے یاترا کا اہتمام کیا ہے‘‘
ریاستی کانگریس کی سدبھاؤنا یاترا کا پربھنی میں زبردست استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ہَرش وردھن سپکال نے خطاب کیا اور کہا ہے کہ’’ جیسے بھکت پرہلاد کی سچی عقیدت سے نرسِنگھ اوتار کا ظہور ہوا تھا، ویسے ہی آج ملک میں ای وی ایم یا بیلٹ پیپر کے ذریعے نرسِنگھ اوتار جنم لے گا اور بی جے پی کی راکشس صفت بدعنوان اور آمرانہ روش کا خاتمہ کرے گا۔ ‘‘ ’سَدبھاؤنا‘ یاترا سے خطاب کر تے ہوئے سپکال نے کہا کہ’’ جس طرح پرہلاد کی بھگتی میں سچائی اور اصولوں کی پاسداری تھی، وہی بات کانگریس کارکنان کے خیالات، اخلاق اور طرزِعمل میں بھی جھلکتی ہے۔ جب ہم کانگریس کی بات کرتے ہیں تو دوسری طرف ایک ایسی سیاسی پارٹی نظر آتی ہے جو راون کی طرح جبر و ظلم کی علامت ہے اور جو صرف پارٹی بدلنے کو ہی نجات کا راستہ سمجھتی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ ’سَدبھاوٗنا‘ یاترا سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے مقصد سے نکالی گئی ہے۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق یاترا کا آغاز اتوار کی صبح پوکھرنی میں نرسِنگھ دیو کے درشن سے کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی سطح کے کئی لیڈران اور کارکنان موجود تھے جن میں ایم ایل سی اور کانگریس لیجسلیٹیو گروپ لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل، سابق وزیر نِتن راؤت، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری کنال چودھری، رکن پارلیمان ڈاکٹر کلیان کالے، ایم پی رویندر چوہان، سابق وزیر سریش ورپوڈکر، رمیش باگوے، کانگریس سیوا دل کے ریاستی صدر ولاس اوتاڈے، پربھنی شہر ضلع کانگریس صدر ندیم انعامدار، ایڈوکیٹ گنیش پاٹل، موہن جوشی، تکارام رینگے پاٹل، برج دت، رام چندر دلوَی، مجاہد خان، کیدار سالُکے، بالا صاحب دیشمکھ اور ابھئے دیشمکھ سمیت کئی دیگر عہدیداران اور کارکنان شامل تھے۔
ہَرش وردھن سپکال نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ’’ ریاست میں کچھ طاقتیں دانستہ طور پر سماج میں فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پربھنی میں بھی حالیہ واقعات اسی کا تسلسل ہیں۔ ایسے ماحول میں کانگریس نے بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے اس ’سَدبھاؤنا‘ یاترا کا اہتمام کیا ہے۔ اس سے قبل بھی بیڑ ضلع کے مَسا جوگ سے بیڑ، ناگپور اور ناسک میں ایسی یاترائیں نکالی جا چکی ہیں، جبکہ کل پرلی میں ’سَدبھاؤنا‘ ستیہ گرہ کیا گیا۔ ‘‘
کانگریس لیجسلیٹیو گروپ لیڈر ستیج عرف بنٹی پاٹل نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب حکمراں طبقہ سیاسی مفادات کیلئے سماج میں منافرت پھیلانے میں مصروف ہے، ایسے میں کانگریس سپکال کی قیادت میں اتحاد اور یکجہتی کی شمع روشن کر رہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عوام کو لوٹ کر صنعتکاروں اور ٹھیکیداروں کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے، اور ’شکتی پیٹھ مہا مارگ‘ کے بہانے کسانوں کی زرخیز زمینوں پر قبضہ کیا جا رہا ہے۔ کانگریس اس سازش کو کسی حال میں کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ ‘‘اتوار کی ’سَدبھاؤنا‘ یاترا کے دوران صبح کے سیشن میں ۸؍ کلومیٹر اور دوپہر کے سیشن میں بھی۸؍کلومیٹر طویل پیدل مارچ کیا گیا۔ شام کو ماہِر منگل کاریالیہ میں یاترا کا اختتام عمل میں آیا۔ پیر(آج)۵؍ مئی کو پربھنی شہر میں کانگریس کے مہاراشٹر انچارج رمیش چنّی تھلا کی موجودگی میں ’آئین بچاؤ یاترا‘ اور ’آئین کانفرنس‘ کا انعقاد اکشتا منگل کاریالیہ میں کیا جائے گا۔ سپکال اور ایم ایل سی ستیج عرف بنٹی پاٹل نے اس موقع پر پربھنی میں حالیہ دنوں سماجی تحریک کے دوران جان گنوانے والے امبیڈکری لیڈر وجے واکوڑے کے گھر جا کر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔