پارلیمانی حد بندی بل کو پاس کروانے کی پوری منصوبہ بندی، اپوزیشن پاس نہ ہونے دینے پراٹل۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 10:01 AM IST | New Delhi
پارلیمانی حد بندی بل کو پاس کروانے کی پوری منصوبہ بندی، اپوزیشن پاس نہ ہونے دینے پراٹل۔
پارلیمانی حد بندی بل پاس کروانے کیلئے پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کی قیاس آرائیوں کے بیچ اب اس طرح کی خبریں سامنے آئی ہیں کہ حکومت دسمبر کے پہلے ہی ہفتے میں سرمائی اجلاس طلب کر لے گی۔ گیانیش کمار کی برطرفی اور ایس آئی آر کی منسوخی کیلئے احتجاج و مظاہروں کے درمیان مرکزی حکومت پارلیمانی حد بندی بل پیش کر کے ’’خواتین ریزرویشن ‘‘ کو موضوع بنانے کی کوشش کریگی۔ خواتین کیلئے ۳۳؍ فیصد ریزرویشن پارلیمنٹ میں پہلے ہی منظور ہوچکاہے مگر اس کا نفاذ پارلیمنٹ کی نئی حد بندی سے مشروط کردیاگیا ہے۔
اگرمودی سرکار سرمائی اجلاس میں پارلیمانی حد بندی بل پاس کروالیتی ہے تو یہ اس کی دہر ی کامیابی ہوگی۔ایک طرف جہاں وہ لوک سبھا میں نشستوں خی تعداد ۵۴۳؍سے بڑھاکر ۸۵۰؍ کرلے گی وہیں خواتین ریزرویشن کے نفاذ کے ذریعہ وہ خود کو خواتین کا مسیحا بنا کر پیش کریگی۔ اگر بل پاس کروانے میں ناکامی کی صورت میں حکومت اپوزیشن کو خواتین مخالف بنا کر پیش کرنے کی کوشش کریگی اور اس طرح ملک میں اپوزیشن کے بیانیے کو تبدیل کرنے کی کوشش کریگی۔
یہ بھی پڑھئے: بھارت سمٹ میں ووٹ چوری کا حوالہ دینے پر بی جے پی راہل گاندھی پر برہم
اپوزیشن کا اصرار ہے کہ موجودہ ۵۴۳؍سیٹوں پر ہی ۳۳؍فیصدخواتین ریزرویشن کو لاگو کیا جائے۔ایک خبر رساں ایجنسی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حکومت کی اعلیٰ ترین سطح پرسرمائی اجلاس کی ممکنہ تاریخوں پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔ تاہم اس بل کو تعداد کے لحاظ سے ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے۔ آئینی ترمیم کیلئے ایوان میں موجود اور ووٹ ڈالنے والے اراکین کی کم از کم دو تہائی اکثریت کی حمایت درکار ہوگی۔ موجودہ لوک سبھا میں این ڈی اے کودوتہائی اکثریت کیلئے ۳۶۱؍ووٹوں کی ضرورت ہوگی جبکہ حکمراں اتحا دکے پاس ۳۲۰؍ممبران پارلیمنٹ ہیں۔ مطلوبہ تعداد تک پہنچنے کے لیے اسے اپوزیشن کی حمایت درکار ہوگی، تاہم حکومت اندورن خانہ دوتہائی اکثریت کے حصول کیلئے بھرپور کوشش کررہی ہے۔ایسے میں سب کی نگاہیں ڈی ایم کے پر مرکوز ہیں جس کے پاس ۲۲؍ممبران پارلیمنٹ ہیں۔