ٹیکسی اور رکشا مالکان میں شدید ناراضگی ۔رکشا یونین کے صدر کےمطابق کرایہ میں ہونے والے اضافہ سے مسافروں کو بھی اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 10:16 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
ٹیکسی اور رکشا مالکان میں شدید ناراضگی ۔رکشا یونین کے صدر کےمطابق کرایہ میں ہونے والے اضافہ سے مسافروں کو بھی اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔
ایک بار پھرکمپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) کی قیمتوں میں اضافہ سے ٹیکسی اور رکشا ڈرائیوروں و مالکان کے ساتھ ساتھ مذکورہ سواریوں میں سفر کرنے والوںکو بھی مزید مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا ۔ ۱۵؍ نومبر کو مسلسل ۸؍ ویں بار سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے رکشا اور ٹیکسی ڈرائیوروں میں شدید ناراضگی پائی جارہی ہے ۔ رکشا یونین کے صدر نے ریاستی محکمہ ٹرانسپورٹ سے کم سے کم فاصلہ کیلئے ۴؍ روپے فی کلو میٹر اضافہ کا مطالبہ کیا ہے ۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کے ساحلوں پر چھٹھ پوجا سے متعلق اشیاءکے وسرجن پر پابندی کا مطالبہ
سی این جی میں ڈیڑھ روپے اضافہ
۱۵؍ نومبر سےممبئی میٹرو پوکولیٹین ریجن اور اطراف کے علاقوں میں مسلسل آٹھویں مرتبہ سی این جی پر فی کلو ۱ء۵۰؍ روپے اضافہ کیا گیا ہے ۔ اس اضافہ سے فی کلو سی این جی کی قیمت ۹۱؍ روپے ۵۰؍ پیسے ہوگئی ہے جبکہ اکتوبر میں دو مرتبہ ایک ایک روپے قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا اس وقت قیمت ۸۹؍ اور ۹۰ ؍ روپے تھی ۔ یہ بھی یاد رہے کہ رواں سال کے آغاز میں فی کلو سی این جی کی قیمت ۸۰؍ روپے ۵۰؍ پیسے تھی جبکہ ۸؍ مرتبہ کئے جانے والے اضافہ سےاب تک کل ۱۱؍ روپے کا اضافہ ہوا ہے یعنی تقریباً ۸؍ ماہ میں فی کلوپر ۱۴؍ فیصد اضافہ کیا جاچکا ہے ۔
ڈرائیور، مالکان اور شہری تینوں متاثر
سی این جی کی قیمتوں میں مسلسل ہونے والے اضافہ سے نہ صرف آٹورکشا اور ٹیکسی چلانے والے مالکان مالی بوجھ سے پریشان ہوئے ہیں بلکہ سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ سے رکشا اور ٹیکسی کے کرایہ میں ممکنہ اضافہ سے مذکورہ سواریوں میںسفرکرنے والوںکو بھی دشواری ہوگی ۔ اس کے علاوہ سی این جی سےایپ کے ذریعہ چلنے والی گاڑیاں اور نجی استعمال کیلئے چلائی جانے والی گاڑیوں کے مالکان بھی متاثر ہورہے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ریاست میں فون ٹیپنگ کے الزامات پر سیاسی گھمسان
قیمت میں اضافہ پر کمپنی کی صفائی
سی این جی میں ہونے والے مسلسل اضافہ پر مہانگر گیس لمیٹڈ نے اس ضمن میں جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ ’’قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ گیس کی خریداری کی لاگت میں اضافہ اور درآمد شدہ گیس پر بڑھتا بوجھ ہے۔مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران، ملک میں قدرتی گیس کی گھریلو سپلائی میں کمی اور بین الاقوامی قیمتوں کے پیمانوں سے منسلک زیادہ مہنگی درآمد شدہ آر ایل این جی (ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس) پر بڑھتے بوجھ کےسبب گیس کی خریداری کی لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔‘‘
۴؍ روپے کرایہ میں اضافہ کا امکان
مہانگر گیس لمیٹیڈکے مطابق وہ گیس کی لاگت کو کم سے کم کرنے اور اس سے حاصل ہونے والے فوائد صارفین تک پہنچانے کیلئے مسلسل کوششیں کررہی ہے۔وہیں سی این جی پر مسلسل ہونے والے اضافہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رکشا یونین کے صدر تھمپی کورین نے حکومت سے کم سے کم مسافت کیلئے فی کلو میٹر ۴؍ روپے کرایہ میں اضافہ کا مطالبہ کیا ہے ۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: میونسپل اسکولوں میں سی بی ایس ای انگریزی میڈیم شروع کرنے کی تجویز
فروری تا نومبر ہونے والا اضافہ
*فروری: ۵۰؍پیسے فی کلو اضافہ
*اپریل:ایک روپیہ فی کلو اضافہ
*مئی: دو مرتبہ ۲؍ روپے فی کلو اضافہ
*ستمبر:۲؍ روپے فی کلو اضافہ
*اکتوبر: دو مرتبہ ایک ایک روپیہ فی کلو اضافہ
*نومبر:فی کلو ایک روپے ۵۰؍ پیسے کا اضافہ