۲۰۰۲ء کے گجرات فساد کے دوران ناقابل بیان درندگی کاسامنا کرنے والے جرأت مند خاتون نے کہا ’’میری پوری زندگی جدوجہد میں گزری ہے۔‘‘
EPAPER
Updated: November 16, 2026, 10:05 AM IST | Kochi
۲۰۰۲ء کے گجرات فساد کے دوران ناقابل بیان درندگی کاسامنا کرنے والے جرأت مند خاتون نے کہا ’’میری پوری زندگی جدوجہد میں گزری ہے۔‘‘
گجرات فساد کے دوران اپنی ۳؍ سال کی بیٹی اور خاندان کے کئی افراد کو اپنی آنکھوں کے سامنے قتل ہوتا ہودیکھنے اور خود بھی فسادیوں کی درندگی کا شکار ہونےوالی بلقیس بانو اتوار کو کیرالا کے شہر کوچی میں خواتین کی بین الاقوامی کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری پوری زندگی جدوجہد میں گزری ہے۔‘‘ یہ کانفرنس جماعت اسلامی کی طلبہ تنظیم ’’گرلز اسلامک آرگنائزیشن ‘‘ کے زہر اہتمام منعقد ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بھارت سمٹ میں ووٹ چوری کا حوالہ دینے پر بی جے پی راہل گاندھی پر برہم
اس موقع پر اپنے مختصر خطاب میں انہوں نے کہاکہ ’’میری زندگی کی کہانی سب کو معلوم ہے، ہے نا؟ اس بارے میں مزید کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ۲۰۰۲ء کے گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کو فسادیوں نے اجتماعی طور پر بے آبرو کیاتھا اور ان کے خاندان کے ۷؍افراد کو بے رحمانہ طریقہ سے موت کے گھاٹ اتار دیاتھا۔کانفرنس میں مدعو کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ’’دعا ہے کہ ہم اسی طرح محبت اور امن کے ساتھ ہر روز زندگی گزارتے رہیں اور تمام عمر ایک دوسرے کے ساتھ رہیں۔‘‘ کانفرنس میں شریک ان کے شوہر پٹیل یعقوب رسول نے انصاف کے حصول کے لیے بلقیس بانو کی طویل اور صبر آزما جدوجہد کو یاد کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ’’خاندان کو کئی مرتبہ اپنا گھر چھوڑ کر دوسری جگہ منتقل ہونا پڑا ، بلقیس کو ان کےحقوق سے محروم رکھا گیا۔ انہیں بار بار ناانصافی کے واقعات ان لوگوں کے سامنے لانے پڑے جو بااختیار عہدوں پر فائز تھے۔ بلقیس کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ اب پوری دنیا جانتی ہے۔ دعا ہے کہ ان کی جدوجہد ہر عورت کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے کا حوصلہ اور طاقت عطا کرے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: مہادیو ایپ معاملے میں سی بی آئی کی ۶؍ ریاستوں میں چھاپہ ماری
کانفرنس کے مختلف اجلاسوں سے برطانیہ کی کوونٹری یونیورسٹی کی پروفیسر ثریا چرولی، کیمبرج یونیورسٹی کی محقق دالیہ صالح، فلسطینی مصنفہ اور صحافی ریم محمود الحداد، جماعت اسلامی کی قومی سیکریٹری اے رحمت النساء اور جماعت اسلامی کیرالا کے امیر پی مجیب الرحمٰن سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا۔