ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب (جہاں ٹینک رکھنے کیلئے چبوترا بنایا گیا ہے) کوسہ کی جانب جانے والی سیمنٹ کنکریٹ کی سڑک کا کچھ حصہ دھنس گیا ۔
EPAPER
Updated: July 13, 2025, 9:39 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب (جہاں ٹینک رکھنے کیلئے چبوترا بنایا گیا ہے) کوسہ کی جانب جانے والی سیمنٹ کنکریٹ کی سڑک کا کچھ حصہ دھنس گیا ۔
ممبرا ریلوے اسٹیشن کے قریب (جہاں ٹینک رکھنے کیلئے چبوترا بنایا گیا ہے) کوسہ کی جانب جانے والی سیمنٹ کنکریٹ کی سڑک کا کچھ حصہ دھنس گیا ۔ یہ حادثہ سنیچر کی دوپہر تقریباً ۱۲؍ بجے ہوا۔ اس حادثے کےسبب ٹریفک مخالف سمت کی سڑک پر موڑدیا گیا تھاجس سے شہریوں کو پریشانی ہوئی۔ حالانکہ میونسپل افسر نے ۴؍ تا ۵؍ گھنٹے میں ہی اس مصروف روڈ پر دھنسنے والے حصہ کی مرمت کر لینے کا دعویٰ کیا ۔
جائے وقوع پر موجود میونسپل کارپوریشن کے ممبرا وارڈ کے ڈپٹی انجینئر جے سنگھ نے بتایا کہ سڑک کے کنارے سی سی ٹی وی نصب کرنے کیلئے متعلقہ ٹھیکیدار نے میونسپل کارپوریشن سے اجازت لئے بغیر کیبل ڈالنے کی غرض سے روڈ کی کھدائی شروع کی تھی اور اسی کھدائی سے پانی سڑک کے اندر رسنے کے سبب روڈ کا حصہ دھنس گیا۔ہمارے انجینئر کے گروپ سے مجھے اس کی اطلاع ملی جس کے بعد ہم فوراً یہاں پہنچے اور روڈ کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیاہے۔
انہوں نے بتایاکہ’’ روڈ کی فوری مرمت کر کے ۴؍ تا ۵؍ گھنٹے میں اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔‘‘روڈ دھنس جانے سے کوسہ کی جانب جانے والے ٹریفک کو ممبرا جامع مسجد کےقریب سے گزارا جارہا تھا۔
مزید استفسار کرنے پر افسر نے بتایا کہ ’’اس ضمن میں سینئر افسران کو مطلع کر دیا ہے ۔بلا اجازت روڈ کھودنے والے ٹھیکیدار سے جرمانہ وصول کیاجائے گا اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘‘
واضح رہے کہ ممبرا اسٹیشن کے قریب آٹو رکشا میں سوار ہوکر بڑی تعداد میں مسافر امرت نگر اور کوسہ کی جانب سفر کرتے ہیں جس کے وجہ سے یہاں اکثر ٹریفک بڑھ جاتی ہے۔