شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی مہندر دلوی کا سنسنی خیز الزام ، سنیل تٹکرے پر نشانہ، کہا’’ انہوں نے کئی لوگوں کو دھوکا دیا ہے ‘‘
EPAPER
Updated: November 10, 2025, 11:57 PM IST | Raigarh
شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی مہندر دلوی کا سنسنی خیز الزام ، سنیل تٹکرے پر نشانہ، کہا’’ انہوں نے کئی لوگوں کو دھوکا دیا ہے ‘‘
نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے بیٹے پارتھ پوار کانام زمین گھوٹالے میں سامنے آیا ہے۔ اب اس پر مہایوتی کے اندر ہی گھمسان نظر آنے لگا ہے۔ شیوسینا (شندے) کے رکن اسمبلی مہندر دلوی نے یہ کہہ کر سیاسی حلقوں میں سنسنی پھیلا دی کہ این سی پی (اجیت) لیڈران ہی نے پارتھ پوار کو پھنسایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ این سی پی میں ایسا ہوتا آیا ہے۔ مہند ر دلوی نے خاص طور پرسنیل تٹکرے کو نشانہ بنایا لیکن اجیت پوار کو بھی نہیں چھوڑا۔
یاد رہے کہ مہایوتی حکومت کتنی ہی مضبوط ہو مگر رائے گڑھ ضلع میں شیوسینا ( شندے) اور این سی پی (اجیت) کے درمیان لگاتار چپقلش جاری ہے۔پارتھ پوار کا نام زمیں گھوٹالے میں آنے پر اس سلسلے نے اور بھی طول پکڑ لیا ۔ پیر کو شیوسینا (شندے) کے علی باغ حلقے سے رکن اسمبلی مہندر دلوی نے روہاہے میںایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پارتھ پوار کو این سی پی ہی کے لیڈران نے پھنسایا ہے۔ ان کا کہنا تھا ’’ایک باپ ، اپنے بیٹے کیلئے کس قدر جھوٹ بول سکتا ہے ، یہ ہم نے دیکھ لیا، این سی پی کیلئے یہ کوئی نہیں بات نہیں ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ اسی کوکولاڑ ناکے کا ۷۰؍ ہزار کروڑ روپے کا گھوٹالا ہم دیکھ چکے ہیں۔ منڈے(دھننجے) صاحب نے کس کی سپاری دی یہ بھی سب کے سامنے ہے۔ لوگ پوچھ رہے ہیں کہ یہ سب کچھ الیکشن قبل ہی کیوں نکالا جا رہا ہے؟ لیکن میری تشویش کچھ اور ہے۔‘‘ انہوں نے کہا’’ میرا کہنا یہ ہے کہ این سی پی ہی کے لیڈران نے پارتھ پوارکو دھوکا دیاہے۔‘‘
مہندر دلوی نے کھلے عام کہا ’’ این سی پی کے بڑے لیڈران نے مہاراشٹر کو لوٹ کھایا۔ دونوں ہاتھوں سے لوٹا۔ سنیل تٹکرے کے پیروں تلے زمین کھسک رہی ہے اس لئے اب وہ نادان بچوں کی طرح باتیں کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’ تٹکرے خاندان نے ہر کسی کے ساتھ دھوکا کیا ہے۔ مجھے ۳؍ مرتبہ پھنسایا گیا۔ بھرت سیٹھ (گوگائولے) کو ۲؍ مرتبہ پھنسایا۔ کرجت میں رکن اسمبلی مہندر تھوروے کی راہ میں مشکل کھڑی کرنے کیلئے مہایوتی کو چھوڑ کر شیوسینا (ادھو) کے ساتھ اتحاد کرنے کی کوشش کی۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ہم تینوں ( مہندر دلوی، مہندر تھوروے اور بھرت گوگائولے) ایک ہی ہیں۔ ہمارے سر پر شندے سرکار کا ہاتھ ہے ۔ الیکشن آنے دیجئے ، عوام تبدیلی ضرور لائیں گے۔ ‘‘
مہندر دلوی کے بیان پر سنیل تٹکرے کے بیٹے انیکیت تٹکرنے سخت جواب دیا ہے۔ انیکیت نے کہا ’’مہندر دلوی دماغ سے خالی رکن اسمبلی ہیں۔ وہ خود ایک چٹر( بے ایمان)ہیں اسلئے دوسروںکو بھی اسی نظر سے دیکھتے ہیں۔ وہ ہمارے لیڈران کے خلاف قابل اعتراض بیانات دیتے رہتے ہیں لیکن اب اس سلسلے کو روکنا پڑے گا ۔ ہم جلد ہی اس تعلق سے ایکناتھ شندے سے شکایت کریں گے مہندر دلوی خود کو وزیر اعلیٰ سے بھی بڑا سمجھتے ہیں ، اب ان پر قدغن لگانا ضروری ہے۔ ‘‘