معاون کی رہائش گاہ سے ۲۰؍ کروڑ برآمد ہونے کے بعد ای ڈی نے پہلے رات بھر پوچھ تاچھ کی پھر سنیچر کو گرفتار کرلیا، عدالت سے ۲؍ دنوں کا ریمانڈ حاصل کر لیا
بنگال میں ممتا کے قریبی سمجھے جانے والے وزیر تعلیم پارتھا چٹرجی کی معاون ارپتا مکھرجی کی رہائش گاہ سے جمعہ کی شام ۲۱؍ کروڑ روپے نقدی کی شکل میں برآمد کرنے کے بعد سنیچر کو بڑی کارروائی کرتے ہوئے ای ڈی نے ریاستی وزیر کو پارتھا چٹرجی کوگرفتار کرلیا۔ اس سے قبل مرکزی تفتیشی ایجنسی نے پارتھا چٹرجی سے رات بھر پوچھ تاچھ کی۔
سنیچر کو گرفتاری کے بعدای ڈی نے عدالت میں پیش کرکے ان کا ۲؍ دنوں کا ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے۔ اس کی اطلاع ای ڈی کے وکیل نے دی ہے۔ پارتھا چٹرجی پر بنگال میں ٹیچر بھرتی گھوٹالے میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ ان کی گرفتاری ۲۶؍ گھنٹوں کی طویل پوچھ تاچھ کے بعد ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ہائی کورٹ کی ہدایت پر سی بی آئی بنگال میں گروپ سی اور ڈی کے ملازمین کی بھرتی نیز سرکاری اور ایڈیڈ اسکولوں میں اساتذہ کی بھرتی میں ہونےو الے مبینہ گھوٹالے کی جانچ کررہی ہے ۔اس معاملے میں ای ڈی بھی کود پڑی ہے جومبینہ رشوت ستانی کے ذریعہ حاصل ہونے والی رقوم کی جانچ کررہی ہے کہ وہ کہاں سے کہاں پہنچیں۔اس سلسلے میں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کا کیس درج کیا ہے۔ جمعہ کو اس سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے اس نے بیک وقت ایک درجن مقامات پر ان کے ہاں چھاپے مارے جو پارتھا چٹرجی کے قریبی ہیں۔ اس دوران ارپتا مکھرجی کی رہائش گاہ سے ۲۰؍ کروڑ روپے نقد ضبط کئے گئے۔