این سی پی (اجیت) رکن پارلیمان نے کہا’ ’مہاراشٹر میں کانگریس کا تنزل جاری ہے‘‘ ، جواب میں پارٹی نے کہا’’ یہ کچھ زیادہ ہو گیا‘‘
EPAPER
Updated: April 07, 2026, 11:59 PM IST | Mumbai
این سی پی (اجیت) رکن پارلیمان نے کہا’ ’مہاراشٹر میں کانگریس کا تنزل جاری ہے‘‘ ، جواب میں پارٹی نے کہا’’ یہ کچھ زیادہ ہو گیا‘‘
ایک طرف مہایوتی بارامتی سیٹ پر مہاوکاس اگھاڑی سے یہ امید کر رہی ہےکہ وہ سونیترا پوار کے سامنے کوئی امیدوار نہ کھڑا کرے دوسری طرف سونیترا پوار کے بیٹے پارتھ پوار نے کانگریس پر لفظی حملہ کرکے مہا وکاس اگھاڑی کو اور بھی برہم کر دیا ہے۔ مہاوکاس اگھاڑی میں شامل تمام پارٹیوں نے پارتھ پوار کے بیان پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ کی اپیل کے باوجود کانگریس نے بارامتی سے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے۔ اس پر بات کرتے ہوئے آنجہانی نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے بیٹے پارتھ پوار نے کہا ہے کہ’’ میری کسی سے بات نہیں ہوئی ہے لیکن انہیں سمجھنا چاہئے کہ انہیں کیا کرنا چاہئے اور کیا نہیں ۔ مجھے نہیں لگتا کہ کانگریس اعلیٰ کمان سے بات کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ بڑے لوگ ہیں انہوں نے جو فیصلہ کیا ہے انہیں کرنے دیجئے۔‘‘ پارتھ پوار نے کہا کہ ’’ انہیں بعد میں مہاراشٹر میں کیا تکلیف ہوگی یہ انہیں دکھائی دے گا کیونکہ لوگ بھولتے نہیں ہیں۔ اجیت دادا کے تئیں عوام میں محبت ہے۔ ایسی صورتحال میں اتنی بڑی پارٹی کا ایسا فیصلہ (امیدوار کھڑا کرنے کا) کرنا مناسب نہیں ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ جو نصیب میں ہوگا وہ ہو کر رہے گا لیکن مجھے اس بات کا برا لگتا ہے کہ مہاراشٹر میں کانگریس کا ڈائون فال ( تنزل ) جاری ہے۔
’’کچھ زیادہ ہی ہو گیا‘‘
پارتھ پوار کے بیان پر سب سے پہلے کانگریس کے آفیشیل ٹویٹر پیج سے جواب دیا گیا۔ پارٹی نے لکھا ہے’’ جسے ٹھیک سے تقریر کرنی نہیں آتی ، جو حال ہی میں اپنے خاندان کی کارکردگی کی بنا پر رکن پارلیمان بنا ہے، اس لڑکے نے کانگریس کے ڈائون فال کی بات کہی ہے۔ کیا یہ کچھ زیادہ نہیں ہو گیا ہے؟ ‘‘ آگے لکھا ہے ’’ اپنے آپ کو زمین گھوٹالے کی جانچ سے بچانے کی خاطر، اپنے والد کی مشتبہ موت کے بعد خاموش بیٹھ جانے والا یہ لڑکا کانگریس کے تعلق سے کوئی بات نہ ہی کرے تو بہتر ہے۔ ‘‘
مہا وکاس اگھاڑی میں شامل این سی پی (شرد ) کی کار گزار صدر سپریہ سلے نے پارتھ پوار کے بیان پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کا ایک تاریخی کردار ہے اور اس میں خاندانی اقدار ہے جو قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں اختلاف رائے کا حق ضرور ہے مگر اس کی حدود کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔سپریہ سلے نے کہا کہ آزادی کے بعد ملک کی تعمیر میں کانگریس پارٹی نے کلیدی کردار ادا کیا ہے، چاہے وہ خواتین کو ریزرویشن دینے کا معاملہ ہو یا مختلف جنگی حالات میں ملک کی قیادت، ان خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ آج ملک میں جو آزادی اور جمہوری نظام موجود ہے، اس میں کانگریس کا بڑا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ میں اور دادا( اجیت پوار) دونوں ہی کانگریس کی سیاسی تربیت اور ثقافت میں پروان چڑھے ہیں، جس کا اثر ہماری سوچ اور طرز عمل میں نظر آتا ہے۔‘‘ یاد رہے کہ این سی پی کے بانی شرد پوار نے بھی پارتھ پوار کے بیان کو ناتجربہ کاری پر مبنی بیان کہا ہے اور کانگریس کے تعلق سے معلومات حاصل کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ سپریہ سلے نے شرد پوار کے بیان کی حمایت کی ہے اور کہا ہےکہ انہیں پارتھ کو نجی طور پر بھی کچھ مشورہ دینا ہے جو وہ گھر پر دیں گی۔